موجودہ دور میں میڈیا محض معلومات کی ترسیل کا ذریعہ ہی نہیں رہا، ملکوں اور قوموں کو حقیقی معنوں میں شاہراہ ِترقی پر رواں کرنے کے لئے ایک اہم میڈیم کے طور پربھی ابھرا ہے۔حالیہ چند برسوں کے دوران میڈیا ہاﺅسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ ایسے میں جنم لینے والی مقابلہ بازی کی فضا میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لئے بسااوقات کچھ مخصوص حدودوقیود کی پاسداری تک غیرضروری تصور کی جاتی ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ قومی اور بین الاقوامی سطح پرہم جن چیلنجزسے نبرد آزما ہیں، وہ دیگر عناصر اور عوامل کے ساتھ ساتھ مثبت ،سنجیدہ اور تعمیری جرنلزم کے بھی متقاضی ہیں۔ آج کا پاکستان محض افواہ ساز ی اور سنسنی خیزی کے خطرناک رجحان کا کسی طور متحمل نہیں ہو سکتا۔تاہم خبریں گروپ اس حوالے سے نمایاں اور ممتاز مقام پر فائزہے کہ اس نے صحافت میں میرٹ اور اخلاقیات کو ہمیشہ فوقیت دی ہے۔ محترم ضیاشاہد صاحب اصولوں پر کوئی کمپرومائز نہ کرنے کے حوالے سے ایک قابل ِتقلید مثال ہیں۔ میں ”خبریں“ کی پوری ٹیم کو اپنے اشاعتی سفر کے پچیس سال مکمل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کرتا ہوں کہ قومی سالمیت کی ترویج،اتحاد و یگانگت اور بھائی چارے کے فروغ اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے میڈیائی محاذ پر ”خبریں“ کی عملی و قلمی کاوشیں جاری رہیں گی۔