اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول کےلئے سینئر اور جونیئر پر مشتمل باصلاحیت کھلاڑیوںکا انتخاب کیا ہے، امید رکھتے ہیں کہ ایونٹ میں قومی ٹیم شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرکے فائنل تک رسائی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول 8 سے 12 نومبر تک آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں کھیلاجائے گا جس میں میزبان آسٹریلیا، پاکستان، نیوزی لینڈ اور جاپان کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ ایونٹ کےلئے فیڈریشن نے سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل دستہ بھجوایا ہے اور ان سے ہاکی لیگ میں شاندار کارکردگی کی توقع ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایونٹ میں 16کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں جس میں محمد عرفان سنیئر کپتان اور عمر بھٹہ کو نائب کپتان کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں میں امجد علی، ابوبکر محمود، عاطف مشتاق، حسن انور، عماد شکیل بٹ، تصور عباس، ایم رضوان جونیئر، ارسلان قادر، احمد، شان ارشد، عتیق ارشد، اعجاز احمد، بلال قادر اور خضر اختر شامل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہاکی لیگ کےلئے بہت جلد انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ دریں اثناءقومی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عرفان سینئر نے آسٹریلیا روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انٹرنیشنل ہاکی لیگ میں آسٹریلیا، جاپان اور نیوزی لینڈ کے کپتانوں اور کھلاڑیوںکو پاکستان ہاکی لیگ میں آنے کی دعوت دوں گا۔انہوں نے کہاکہ ایونٹ کےلئے ہم نے بھر پور تیاری کی ہے اور ایونٹ میں ایشیا کپ والی غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔ ٹیم بہت اچھی ہے اور فائنل تک ضرورت رسائی حاصل کرے گی۔