اسلام آباد (آئی این پی، مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزارت سے استعفے کا فیصلہ کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے وزارت سے مستعفی ہونے کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے مشاورت کی تھی لیکن وزیراعظم نے انہیں وزارت چلانے کا مشورہ دیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خزانہ نے نیب کی جانب سے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کے بعد وزارت سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا لیکن ان کے استعفے کی منظوری کا فیصلہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سابق وزیراعظم اور پارٹی صدر نوازشریف سے مشاورت کے بعد کریں گے۔تاہم ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق وزیر خزانہ نے باضابطہ طور پر اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو بھجوا دیاہے۔ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کے بعد وزارت خزانہ کا قلمدان وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پاس ہی رہنے کا امکان ہے لیکن وزارت خزانہ کے امور اقتصادی ماہرین کی ایک ٹیم چلائے گی جس میں مفتاح اسماعیل اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک عشرت حسین شامل ہوں گے۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس زیر سماعت ہے جس میں ان پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے جب کہ عدالت سے مسلسل غیر حاضری پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہوچکے ہیں۔ حکومت نے اسحاق ڈار کے استعفی کی خبر کی تردید کر دی ہے۔ تےرجمان وزیر اعظم ڈاکٹر مصدق ملک کہتے ہیں اسحاق ڈار ہی وزیر خزانہ ہیں، جب تک اسحاق ڈار وزیر خزانہ ہیں، اس وقت تک کسی اور کو قلمدان نہیں دیا جا سکتا، روزمرہ کے معاملات وزارت خزانہ ہی دیکھ رہی ہے، وزارت خزانہ سے متعلق کسی بھی پالیسی میں تاخیر نہیں ہو رہی، وزیر اعظم وزارت خزانہ کے معاملات کی نگرانی کر رہے ہیں، اسحاق ڈار نے ابھی کوئی استعفی نہیں دیا، اسحاق ڈار کے استعفے کی خبریں افواہیں ہیں، میری گاڑی کے حوالے سے بھی غلط خبریں چلائی گئیں۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے مزید کہا کہ نظر ثانی فیصلے میں شعر و شاعری کی گئی، اگر ثابت ہو جاتا ہے کہ اسحاق ڈار مجرم ہیں تو وہ فوری طور پر عہدہ چھوڑ دیں گے، ابھی تو صرف چارجز فریم ہوئے ہیں۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے استعفے سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں ¾ استعفیٰ دینا ہوا تو اسحاق ڈار خود اعلان کرینگے ¾ فیض آباد دھرناعمران خان کے دھرنوں کا تسلسل ہے ¾حکومت دھرنے کا پر امن طریقے سے حل چاہتی ہے ¾ملک میں امن کے قیام کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا اہم کردار ہے ¾ پی ٹی آئی میں جو بھی سچ بولتا ہے اسے پارٹی سے فارغ کر دیا جاتا ہے ¾عمران خان دوسروں کی فکر چھوڑ کر اپنی جماعت کے بکھرتے شیرازے کو سنبھالیں ۔ہفتہ کو پاکستان اور اٹلی کے درمیان رگبی کے نمائشی میچ کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی اور جمہوری استحکام آ چکا ہے ¾وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ویژن کے تحت جس طرح ملکی معیشت کو تقویت دی ہے ¾ پوری قوم ان کو اس پر مبارکباد دے رہی ہے ¾ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کے استعفے سے متعلق افواہیں بے بنیاد ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت دھرنے کا پر امن طریقے سے حل چاہتی ہے۔