اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے زیرصدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں 15 لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے اور یو سی ایچ II کے تحت گیس کی قیمتوں کے تعین اور پاسکو کے ذریعے گندم کے 5 لاکھ ٹن اضافی اسٹاک کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق ای سی سی کا اجلاس وزیراعظم ہاو¿س میں ہوا جہاں ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف کوریا کی ہدایات اور فریم ورک ایگریمنٹ کی روشنی میں خدمات اور مصنوعات کی خریداری کی بھی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات میں ملاوٹ کی حوصلہ شکنی اور ٹیکس کی وصولیوں میں اضافہ کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور ای سی سی نے تیل تیار کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ مٹی کے تیل کے معیار میں بہتری کے لیے اقدامات کریں۔ای سی سی نے یو سی ایچ II کے تحت گیس کی قیمتوں کے تعین کی بھی منظوری دی اور اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ گیس کی قیمتوں کا تعین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی، اوگرا آرڈیننس 2002کی روشنی میں کرے گی۔ای سی سی نے پاک-چین اقتصادی راہداری ( سی پیک) کے منصوبوں پر عمل درآمد کے حوالے سے (ایس اے آئی اے) کی بھی منظوری دی جبکہ اجلاس میں ایل پی جی کی درآمد پر ریگولیٹری ڈیوٹی کے نفاذ کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ای سی سی نے پاسکو کے ذریعے گندم کے 5 لاکھ ٹن اضافی اسٹاک کو فروخت کرنے کی بھی منظوری دی۔