اسلام آباد(ویب ڈیسک)ملک بھر میں جشن کی تیاریاں، مساجد اور محلے سج گئے۔ آقائے دو جہاں سرور کائنات محمد مصطفٰی ﷺکا یوم ولادت منانے کے لیے ملک بھر میں تیاریاں جاری ہیں، مساجد اور گلی محلوں کے ساتھ ساتھ سرکاری عمارتوں کو بھی خوبصورتی سے سجادیا گیا ہے۔دارالحکومت اسلام آباد کی تمام سرکاری عمارتیں برقی قمقموں سے جگ مگ کررہی ہیں جب کہ پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور دیگر عمارتیں بھی سجا دی گئی ہیں۔آقا ﷺکی آمد مرحبا کہنے کے لیے لاہور میں بھی خوب تیاریاں کی جارہی ہیں، گلی کوچے اور مساجد اس خوبصورتی سے سجائی گئی ہیں کہ دیکھنے والے دیکھتے رہ جائیں۔جشن عید میلادالنبی ﷺکی تیاریاں کراچی میں بھی پورے عروج پر ہیں، گلی محلوں کی سجاوٹ کے ساتھ سبز پرچموں، سبز ملبوسات ،سبز چوڑیوں اور چمکتی دمکتی لائٹوں والے بیجز بھی خوب خریدے جارہے ہیں۔۔پشاور میں بھی جشنِ ولادتِ رسول منانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ عمارتوں پر چراغاں کے ساتھ ساتھ نعت خوانی کی محافل میں، نبی آخرالزماں کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیے جارہے ہیں۔پورے ملک کی طرح کوئٹہ میں بھی عیدمیلادالنبی صل اللہ علیہ وسلم کےسلسلے میں تیاریاں عروج پرہیں،اس سلسلے میں کوئٹہ میں نعتیہ مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا، شعرا نے پیغمبرآخر الزماں ﷺپرعقیدت کے پھول نچھاور کئے۔