اسلام آباد(خصوصی رپورٹ ) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب)کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز کے حوالے سے دائر ریفرنس کے حوالے سے عائشہ حامد کی درخواست مسترد کردی،درخواست میں نیب کی دستاویزات پر اعتراضات اٹھائے گئے تھے۔ جمعرات کووفاقی دارالحکومت کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نوازشریف اور ان کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کی۔نواز شریف کے بیرونِ ملک ہونے اور عدالت سے استثنی کے باعث ان کے نمائندے ظافر خان سماعت کے لیے عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی جگہ ان کی معاون وکیل عائشہ حامد عدالت میں موجود تھیں۔سماعت کے آغاز میں احتساب عدالت نے عائشہ حامد کی جانب سے دائر درخواست مسترد کردی جبکہ نجی بینک کی منیجر نورین شہزاد کی جانب سے پیش کی گئی دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کا حکم دے دیا۔نواز شریف کی وکیل عائشہ حامد نے احتساب عدالت میں درخواست جمع کرائی تھی جس میں انہوں نے اعتراض اٹھایا تھا کہ نیب نے نجی بینک کی منیجر نورین شہزاد کی جانب سے فراہم کردہ دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا جاسکتا کیونکہ ان کا نام گواہوں کی فہرست میں نہیں تھا۔نواز شریف کی وکیل کا کہنا تھا کہ نورین شہزاد کی جانب سے دستاویزات جمع کرانے سے متعلق ہمیں کوئی نوٹس بھی جاری نہیں کیا گیا۔پروسیکیورٹر کے وکیل نے اپنے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ نورین شہزاد اب اس بینک کی منیجر ہیں جہاں استغاثہ کے گواہ ملک طیب تعینات تھے تاہم نورین شہزاد نے بھی نواز شریف کے اکاو¿نٹس سے متعلق دستاویزات پیش کیں۔سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ ملک طیب نے نواز شریف کے مختلف بینک اکاو¿نٹس کی تفصیلات پیش کردیں۔گزشتہ سماعت کے دوران بھی عدالت میں اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک سے منسلک استغاثہ کے گواہ ملک طیب کی جانب سے نواز شریف کے مختلف بینک اکاو¿نٹس کی تفصیلات پیش کی گئیں تھیں جن میں امریکی ڈالر، برطانوی پانڈ اور یورو کرنسی اکاو¿نٹس شامل ہیں۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے پاناما پیپرز کیس کے حتمی فیصلے میں دی گئی ہدایات کی روشنی میںنیب کی جانب سے نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کے خلاف 3 ریفرنسز دائر کیے گئے تھے جبکہ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا نام ایون فیلڈ ایونیو میں موجود فلیٹس سے متعلق ریفرنس میں شامل ہے۔سپریم کورٹ نے نیب کو 6 ہفتوں کے اندر شریف خاندان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت جاری کی تھی، تاہم نیب نے 8 ستمبر کو عدالت میں ریفرنسز دائر کیے تھے۔