شیخوپورہ(ویب ڈیسک)شیخوپورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ زبردست استقبال پر شیخوپورہ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں،جلسے میں لوگوں کی بڑی تعداد کو دیکھ کراللہ کا شکرادا کرتا ہوں،4 سال پہلے شیخوپورہ میں جلسہ کیا جس میں آج کے مقابلے میں 10 فیصد بھی لوگ نہیں تھے۔چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ (ن) لیگ والے امریکیوں کے جوتے پالش کرتے ہیں، حدیبیہ کیس میں پورا شریف خاندان پھنسے گا، ساری قوم کی نگاہیں حدیبیہ کیس پر لگی ہیں جب کہ ختم نبوت کے معاملے پر لوگ سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم نیب کے چیرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی طرف دیکھ رہی ہے، پچھلے چیرمین قمر زمان چوہدری قوم کے مجرم تھے، موقع ملا تو قمر زمان چوہدری کو نہیں چھوڑیں گے، وہ بڑے ڈاکوؤں کی چوری چھپارہے تھے جب کہ قمر زمان چوہدری دنیا کے کسی بھی حصے میں چلے جائیں انہیں واپس لاکر جیل میں ڈالیں گے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے سیاست میں آنے پر ان لوگوں نے میرے خلاف بھرپور مہم چلائی اور یہودی ایجنٹ کے الزام لگائے جب کہ آج خواجہ آصف مسلم لیگ (ن) کو لبرل اور پی ٹی آئی کو مذہبی جماعت کا حامی کہتے ہیں۔چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ایک وقت تھا جب سارے خطے کے لیے پاکستان ایک مثال تھاحکمرانوں کی بیرون ملک میں عزت ہوتی تھی لیکن آج کئی ممالک ترقی میں پاکستان سے آگے نکل گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ ذریعے ملک سے پیسا باہر بھیجا گیا، نوازشریف صرف پیسا بنانے کے لیے اقتدار میں آئے ہیں، انہوں نے پیسا بنایا اور امیر ہوگئے لیکن عوام غریب تر ہوگئی تاہم جب تک حکمران اپنی ذات کو فائدہ پہنچانا بند نہیں کرتے ملک ٹھیک نہیں ہو سکتا۔