لاہور، اسلام آباد( خصوصی رپورٹ) ن لیگ کی حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے فائنل حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاﺅن، کرپشن کیسز اور ختم بوت کے حوالے سے معاملات کو ایشو بنا کر تیز ترین تحریک شروع کی جائے گی اور تحریک کے آخری مراحل میں حکومت پر بھرپور پریشر بنانے کے لئے پہلے قومی اسمبلی اور اس کے بعد صوبائی اسمبلی سے استعفے دینے کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ن لیگ کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی تحریک میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سیاسی حریف ہونے کے باوجود اس تحریک میں ان کا طریقہ کار تقریباً ایک جیسا ہوگا۔ اسمبلیوں سے استعفیٰ دینے کے آپشن پر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ساتھ حکومت میں شامل ایک اتحادی جماعت نے بھی رضامندی کا اظہار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق استعفے دینے کا آپشن جب شروع ہوگا، اس سے پہلے اسمبلیوں کے اندر ایسی فضا بن چکی ہوگی کہ ن لیگ کے کئی باغی اراکین استعفے دینے کا سلسلہ کر چکے ہوں گے۔ ذرائع نے اس بات کی تصدیق بھی کی ہے کہ یہ سلسلہ 4جنوری کے بعد شروع ہو جائے گا اور ن لیگ کے بہت سے اراکین ، اس انتظار میں تھے کہ عمران خان کے حق میں فیصلہ آنے پر وہ فوری طور پر اپنی وابستگی ن لیگ سے ختم کریں گے اور تحریک انصاف کی جانب رجوع کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بہت سے اراکین اسمبلی تو ختم نبوت کے معاملہ پر بھی حکومت سے اختلاف کرتے ہوئے فوری طور پر استعفے دینے کے لئے تیار ہیں جبکہ اگلے چندروز میں اس پر عمل شروع کردیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑی سیاسی جماعتیں، ان باغیوں کے استعفوں کے بعد حکومت پر پریشر بڑھانے کے لئے پہلے قومی اسمبلی سے استعفے دیں گی، اس کے بعد صوبائی اسمبلیوں سے بھی استعفے دیئے جائیں گے۔ ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ پنجاب اور بلوچستان کے اندر جہاں ن لیگ کی حکومت ہے وہاں بھی انہی کے اراکین اسمبلی کے اپوزیشن سے زیادہ استعفے آئیں گے۔ ایک اہم سیاسی رہنما کے مطابق استعفے دینے کے آپشن سے پہلے ہی کوئی ایسا کام ہوسکتا ہے جس سے قبل ازوقت انتخابات کا راستہ کھل جائے گا۔
اپوزیشناستعفے