لاہور (ویب ڈیسک) آج کل عمران خان کو جمائمہ سے دوبارہ شادی کے مشورے دئیے جا رہے ہیں اور سپریم کورٹ کی جانب سے فیصلہ آنے کے بعد تو یہ مشورہ ایک طرح سے ”مطالبے“ میں بدل گیا ہے کیونکہ تحریک انصاف کے کارکنان اور اداکارہ میرا کے بعد شیخ رشید نے بھی یہ بات کہہ دی ہے۔لیکن اگر عمران خان جمائمہ خان سے دوبارہ شادی کرنا چاہیں تو کیا شرعی طور پر وہ ایسا کر سکتے ہیں؟ معروف مذہبی سکالر مفتی نعیم نے اس سوال کا جواب دیدیا ہے اور یہ جان کر عمران خان کی خوشی کی انتہاءنہ رہے گی کہ شرعی طور پر ایسا کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ معروف مذہبی سکالر مفتی نعیم سے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران سوال پوچھا گیا کہ ”شیخ رشید کی جانب سے تجویز ہے کہ اگر کوئی مذہبی معاملات ایسے نہ ہوں تو عمران خان جمائمہ سے شادی کر لیں۔ تو کیا یہ اب ممکن ہے؟“
مفتی نعیم نے جواب دیا کہ ”عمران خان نے جو طلاق دی، وہ ایک مرتبہ دی، دو مرتبہ دی یا پھر تین مرتبہ دی، یہ بات تو خود عمران خان ہی بتائیں گے۔ لیکن عام طور پر مغربی ممالک میں جو طلاق دی جاتی ہے تو وہاں ”Divorce” کا لفظ استعمال ہوتا ہے۔ اور یہ لفظ استعمال کرنے سے ایک طلاق ہوتی ہے اور شرعی اعتبار سے گنجائش ہوتی ہے کہ دوبارہ نکاح کر کے بیوی بنا سکتے ہیں۔ اگر عمران خان نے دو مرتبہ بھی طلاق کا لفظ استعمال کیا تو بھی گنجائش ہے اور اگر تین مرتبہ طلاق دی ہے تو پھر اس میں یہ دیکھنا ہو گا کہ تین طلاقیں ایک ہی مرتبہ کہی ہیں یا الگ الگ کہی ہیں۔ عمران خان نے اگر ایک ہی مرتبہ تین طلاقیں کہی ہیں تو اس میں بھی بعض اماموں نے گنجائش رکھی ہے کہ جمائمہ نکاح کر کے دوبارہ ان کی بیوی بن سکتی ہیں۔“ اس موقع پر پروگرام کی میزبان نے دوبارہ سوال پوچھا کہ ”اگر عمران خان نے زبانی طلاق نہیں کہا اور صرف لکھ کر دیا ہے، چاہے وہ ایک مرتبہ لکھا ہے یا تین مرتبہ تو پھر کیا حیثیت ہو گی ؟“ مفتی نعیم نے جواب دیا کہ ” تو پھر یہ دیکھنا ہو گا کہ ایک مرتبہ لکھا ہے، دو مرتبہ لکھا ہے، یا تین مرتبہ لکھا ہے۔“