اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہاہے کہ دوسرا کوئی ملک ہوتا تو نواز شریف صرف جھوٹ بولنے پر جیل جاتے میں نے اپنے لندن فلیٹس سے متعلق عدالت میں ساٹھ دستاویزات دیںجبکہ نواز شریف نے تین سو ارب کی کرپشن میں صرف ایک قطری خط پیش کیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوںنے کہا کہ ن لیگ کی تحریک شہباز شریف کے خلاف ہو گی۔ن لیگ نے کسی کو خوش کرنے کیلئے ختم نبوت شق میں ترمیم کی۔عوام جاننا چاہتے ہیں شق میں ترمیم کے ذمہ دار کون ہیں۔یہ جب بھی الیکشن میں جائیں گے عوام سوال کریں گے نواز شریف نے عدالتوں اور پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا غیر قانونی طریقے سے پیسہ باہر بھیجااور اپنے بچوں کے نام پر جائیدادیں بنائیں۔عمران خان نے کہا کہ جہانگیرترین سمیت پوری پارٹی نے عدلیہ کا فیصلہ قبول کیا۔جہانگیر ترین فیصلے پر نظرثانی اپیل دائر کریں گے۔حدیبیہ پیپر مل میں جس طرح سے نیب کو کیس دائر کرنا چاہئے تھا اس طرح تیاری کے ساتھ نہیں کی۔ماضی میں نیب نے شریف خاندان کو تحفظ فراہم کیا۔نواز شریف کا سارا ٹبر کرپشن میں ملوث ہے ان لوگوں نے مل کر ملک کو لوٹاہے۔میں یقین دلاتا ہوں مسلم لیگ ن نے کبھی صاف شفاف الیکشن ہونے ہی نہیں دیے صرف ایک بار شفاف الیکشن ہوجائیں ن لیگ اقتدار سے باہرہو جائے گی مسلم لیگ ن نے ہمیشہ امپائر کو ساتھ ملا کر میچ کھیلا۔ان لوگوں کے سارے پراجیکٹس صرف اشتہاروں میں ہوتے ہیں۔ ایک سوال پر عمران خان نے کہاکہ ہم شہباز شریف کو مرنے نہیں دیں گے ہم ان کے ہوتے ان کی کرپشن نکالیں گے جس دن کیئر ٹیکر حکومت بنے گی ان کی ساری کرپشن سامنے آئے گی۔میں کبھی حکومت میں نہیں رہا کرپشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ملتان میٹرو میں شہباز شریف کی کرپشن سامنے آ گئی شہباز شریف کی کرپشن چین کے اداروں نے پکڑی۔نواز شریف اورشہباز شریف میں کوئی فرق نہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ختم نبوت کا معاملہ سیاست سے بالکل مختلف ہے میری سیالوی صاحب سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی۔سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر طاہر القادری کے ساتھ ہیں۔ فضل الرحمن اپنی سیاست کے لئے فاٹا اور اس ملک کو بہت نقصان پہنچا رہے ہیں۔ہم فاٹا کے مسئلے پر سڑکوں پر آئیںگے۔