اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اورسابق صدر آصف علی زرداری نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی ہے جبکہ قائداعظم کے 141ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں ملائیت کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ملک میں مذہب کاغلط استعمال کیاجارہاہے۔ پاکستان کے بانیوں نے اسے ایک ترقی پسند، جدید، کثیرالجہتی ریاست بنانے کا خواب دیکھا تھا جہاں قائداعظمؒ کے الفاظ میں ریاست کا مذہب سے واسطہ نہیں ہوگا۔ہم کچھ لوگوں کو مذہب یا کسی بھی نام پر چند لوگوں کے حوالے اس ملک کو نہیں کر سکتے۔ سابق صدر نے کہا کہ آئیڈیالوجی اور مذہب کو بہت زیادہ غلط استعمال کیا جا رہا ہے اور انہیں آزادی اظہار کو دبانے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اب اس بات کی سخت ضرورت ہے کہ اس کی اصلاح کی جائے۔ ہم پاکستانی افواج، پولیس، قانون نافذ کرنے والے سویلین ادارو ں اور اس عوام کو بھی خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے انتہا پسندوں اور تشدد کے خلاف عظیم قربانیاں پیش کی ہیں۔ اسلام آباد سے ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ دنیا بھر اور پاکستان کے مسیحی بھائیوں کو کرسمس کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ حضرت عیسیٰ نے محبت، درگزر اور بھائی چارے کا سبق دیا اور یہ وہ اقدار ہیں جنہیں آج ہمیں اپنی زندگیوں میں شامل کرنے کی جتنی ضرورت ہے وہ پہلے کبھی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر مذہبی بنیادوں پر بنائے گئے چند قوانین کے غلط استعمال کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ پارٹی اپنے اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ مسیحیوں اور تمام غیرمسلموں کے خلاف ہر قسم کے امتیاز سے انہیں تحفظ دے گی اور ان کے خلاف مذہبی بنیادوں پر بنائے ہوئے قوانین کے غلط استعمال سے انہیں تحفظ دے گی۔