اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سرکاری سکولوں سے غیر حاضر اساتذہ کی فہرست میں اضلاع راولپنڈی، لاہور اور نارووال بازی لے گئے۔ دستیاب دستاویزات کے مطابق صوبہ پنجاب کے تین بڑے اجلاع میں اساتذہ کا مانیٹرنگ سسٹم کمزور ہونے کے باعث اساتذہ کی سکولوں سے غیر حاضری کا انکشاف ہوا ہے۔ دستاویزات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور، راولپنڈی اور نارووال پنجاب کے ٹاپ تین اضلاع میں شامل ہیں جہاں پر سب سے زیادہ اساتذہ سکولوں سے غیر حاضر رہتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان اضلاع میں حاضری کا موثر چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث اساتذہ گھروں میں بیٹھ کر بھاری تنخواہیں وصول کرتے ہیں جبکہ بعض اساتذہ نے اپنے کاروبار بھی شروع کر رکھے ہیں، جسکی وجہ سے ان اضلاع میں سرکاری سکولوں میں معیار تعلیم دی طرح متاثر ہو رہا ہے۔ ضلع چنیوٹ کے سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی حاضری 96 شاریہ 9 فیصد ہے جبکہ ضلع اوکاڑہ کے سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی حاضری 96 اشاریہ 7 فیصد ہے اسی طرح ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے سرکاری تعلیمی اداروں میں 96 اشاریہ 1 فیصد اساتذہ حاضر رہتے ہیں۔ دیگر پنجاب کے اضلاع جن میں اساتذہ کی حاضری بہتر ہے ان میں پاک پتن، مظفر گڑھ، بھکر جہلم، گجرات ملتان اور سرگودھا شامل ہیں۔