لاہور(خصوصی رپورٹ) ڈالر کی قیمتوںمیں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث مختلف اشیاءخورونوش کی قیمتوں میں بھی 20 فیصد سے 25 فیصد تک اضافہ کردیاگیا ہے، ڈالر کی قیمتوں میں 6روپے تک کا اضافہ ہوا ہے، 30نومبر کو ڈالر کی قیمت 106روپے تھی جوکہ بڑھ کر 112روپے کردی گئی ۔ تاجروں اور دکانداروں نے 6روپے کے اضافے کو اشیاءکی قیمتوں میں 25 فیصد تک اضافہ کرکے پورا کیا جن اشیاءمیں باضابطہ پر اضافہ کیا گیااس میں دودھ، مکھن، پنیر، جوسز، کولڈڈرنکس، فاسٹ فوڈ، آٹا، گھی، پکانے والا تیل، مصالحہ جات، دالیں، مشروبات، بچوں کے فیڈر، پھلوں کے علاوہ گارمنٹس، بیکری کا سامان، فرنیچر، گرم کمبلوں اور رضائیوں کی قیمتیں بھی بڑھادیں ۔ درآمد شدہ اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ دیکھتے ہوئے مقامی تاجروں نے بھی اشیاءخورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دبئی کے راستے آنے والا مال تو دو بار کراچی پورٹ پر آف لوڈ ہوچکا ہے تاہم جو مال یورپ اور امریکہ سے درآمد کیاجارہا ہے اس کی پہلی کھیپ آئندہ چند روز تک کراچی پورٹ پر آف لوڈ ہوجائیں گی جو مال آرہا ہے اس کی پرائس لسٹ تاجروں نے ایڈوانس میں ہی تیار کررکھی ہے جس میں 25فیصد اضافہ کیاگیا ہے۔