اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو ذرا سا بھی اندازہ نہیں کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو آئندہ عام انتخابات کیلئے 15 جولائی 2018ءکی تاریخ کس نے بتائی۔ ویسے بھی الیکشن کمیشن 15 جولائی کو عام انتخابات کرانے کے معاملے میں غیر مطمئن نظر آ رہا ہے۔ الیکشن کمیشن کے باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ اس معاملے میں کمیشن سے مشورہ کیا گیا اور نہ ہی اسے یہ علم ہے کہ وزیراعظم نے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیسے کر دیا۔ قانون کے تحت، الیکشن کمیشن اس معاملے پر سمری پیش کرے گا جس کے بعد صدر مملکت الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ ان ذرائع نے وضاحت دی کہ جب تک اسمبلیاں مئی کے وسط تک وقت سے پہلے تحلیل نہیں کی جاتیں اس وقت تک ای سی پی کیلئے 15 جولائی کو الیکشن کرانا ممکن نہیں۔ موجودہ قومی اسمبلی اور حکومت کی مدت یکم جون 2018ءکو ختم ہوگی۔ اگر اسمبلیوں کو وقت سے پہلے تحلیل نہ کیا گیا تو آئندہ انتخابات 60 روز کے اندر کرانا ہوں گے یعنی مدت کی تکمیل یکم اگست 2018ءکو۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت مکمل کرے گی اور اس طرح حکومت کی مدت یکم جون 2018 ءکو ختم ہوگی جبکہ آئندہ انتخابات 15 جولائی کو ہوں گے۔ ای سی پی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمبلیوں کی مدت کی تکمیل پر کمیشن جولائی 2018ءکی کسی بھی تاریخ پر الیکشن کرانے کی تجویز پیش کر سکتا ہے۔ امیدواروں کی حتمی فہرست مکمل ہونے کے بعد، کمیشن کو 21 دن درکار ہو ںگے تاکہ پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان سے بیلٹ پیپرز چھپوائے جاسکیں۔ ایک ذریعے کا کہنا تھا کہ اگر 60 دن کی مدت کو کم کرکے 45 دن کر دیا جائے، جیسا کہ وزیراعظم نے اعلان کیا ہے، تو اس سے کمیشن کیلئے مسائل پیدا ہوجائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر گزشتہ عام انتخابات کی بات کریں تو اس وقت الیکشن کمیشن کو پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان سے آگے دیکھنا پڑا تھا جس پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایشو پیدا کر دیا تھا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے اعلانیہ تاریخ شاید مسلم لیگ(ن)کا فیصلہ ہوگا۔ لیکن الیکشن کمیشن کو یہ تاریخ موزوں نہیں لگتی، ادارہ چاہتا ہے کہ ماضی کی برعکس عام انتخابات کسی بھی تنازعات سے پاک ہوں۔ مسلم لیگ (ن)کے ذریعے کا کہنا ہے کہ زیادہ سے زیادہ 60 دن کی مدت کم کرکے 45 دن کرنے کا مقصد یہ ہے کہ امیدوار اور سیاسی جماعتیں اپنی انتخابی مہم پر زیادہ پیسے خرچ نہ کریں۔