سرگودھا(اے این این)حکومت پنجاب اور پیر حمید الدین سیالوی کے درمیان مذاکرات ناکام ہو گئے ، حکومتی کمیٹی نے رانا ثناءاللہ کے استعفے پر اپنیمعذوری ظاہر کردی جبکہ پیرحمید الدین اپنے موقف پر چٹان کی طرح ثابت قدم ہیں۔ذرائع کے مطابق حالات کو اپنی مخالفت میں جاتا دیکھ کر حکومت پنجاب نے پیر حمید الدین سیالوی سے مذاکرات کیلئے دو رکنی کمیٹی بنائی تھی جو پیر حمید الدین سیالوی کے ساتھ اندرون خانہ مذاکرات کررہی تھی تاہم تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق دونوں جانب سے ایک بار پھر معاملات طے نہیں ہوسکے اور پنجاب حکومت کی جانب سے بھیجے گئے نمائندوں کی جانب سے رانا ثناءاللہ کے استعفے پر معذوری ظاہر کی گئی جس پر پیر حمید الدین سیالوی نے کہا کہ وہ رانا ثناءاللہ کے استعفے کے مطالبے سے ایک انچ پیچھے نہیں ہیں گے اور جب تک رانا ثناءاللہ استعفیٰ نہیں دیتے ہمارا احتجاج جاری رہے گا ۔ذرائع بتایا کہ قادیانیوں کے حق میں بیان کے بعد حکومتی اتحاد ی پیر حمید الدین سیالوی نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کر رکھا اور حکومت کو سوچ بچارکے لیے کچھ وقت بھی دیا تھا لیکن حکومت پیر حمید الدین سیالوی کے مطالبات پورے کرنے میں بھی تک ناکام نظر آرہی ہے اور پیر حمید الدین سیالوی صوبائی وزیر قانون کے استعفے پر ڈٹ گئے۔