لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے پنجاب حکومت نے سانحہ ماڈل ٹاون کے متاثرین کو 10 کروڑ معاوضہ ادا کرنے کی پیشکش کی تھی ،عوامی تحریک کی جانب سے کہا گیا کہ آپ ہمیں بیرون ملک ادائیگی کر دیں جس کے بعد ہمارے اور ان کے مذاکرات ٹوٹ گئے ، عوامی تحریک کی ڈھٹائی کی وجہ سے معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا۔ انہوں نے کہاعوامی تحریک کی جانب سے کبھی بھی سانحہ کے حوالہ سے سنجیدگی ظاہر نہیں کی گئی جس کا ثبوت ڈیڑھ سال بعد ان کی جانب سے آنے والا استغاثہ تھا جس میں انہوں نے ایک ایسے خیالی اجلاس کو بنیاد بنایا جس میں نوازشریف، شہبازشریف سمیت حکومت کے تمام ذمہ دار اور خود اپنی جماعت کے خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کا حوالہ دیااور کہا گیا کہ انہیں دھمکیاں دی گئیں، دنیا کی کوئی ایجنسی ایسی کسی ملاقات کی تصدیق نہیں کر سکتی،عوامی تحریک کی آل پارٹیز کانفرنس سانحہ ماڈل ٹاون کے متاثرین کیلئے نہیں سیاست چمکانے کیلئے ہے ، اسلام آباد دھرنا میں بھی طاقت کے استعمال کے خلاف تھے ،اگر آپریشن کیا جاتا تو دو تین گھنٹے میں مکمل کر لیا جاتا ایسا نہیں ہوا جس کے نتیجہ میں زاہد حامد کو استعفی دینا پڑا لیکن پنجاب میں ایسا نہیں ہو گا ۔ پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عمران اور زرداری وہ شکاری ہیں جو خود نہیں قادری کو کنٹینرپر بٹھاناچاہتے ہیں ،ان شکاریوں کا ایجنڈا ملک میں انتشار اور افراتفری پھیلانا ہے ،فوج کے پیرائے میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا بیان بالکل درست ہے ،خواجہ سعد رفیق اور خورشید شاہ کے بیان کی بھی مکمل حمایت کرتاہوں، سعد رفیق نے فوج کے متعلق کوئی ایسی بات نہیں کی،سانحہ ماڈل ٹاون کا فیصلہ عدالت نے کر ناہے ،سڑکوں چوراہوں پر نہیں ہوگا، شہبازشریف کا دورہ سعودی عرب مسلم امہ کے معاملات سے متعلق ہے ، اس وقت مسلم امہ کے اتحاد کی اشد ضرورت ہے ، نواز شریف پاکستان کے ہی نہیں امت مسلمہ کے لیڈر ہیں، سعودی عرب میں کوئی این آر او نہیں ہورہا،یہ کنویں کے مینڈک ہیں جو این آر او کا واویلا کر رہے ہیں،علامہ حمید الدین سیالوی کی مدد نہیں کرسکتا ،دعاگو ہوں اللہ ان کی مشکلات حل کرے ، سینیٹ اور عام انتخابات اپنے اپنے وقت پر ہونگے ،پنجاب میں افراتفری کی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ،نواز شریف کو حکومت سے علیحدہ کرنے کے باوجود ان کی مقبولیت کم نہیں ہوئی۔ دریں اثنا دوسری جانب عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا نے رانا ثنا کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا۔ انہوں نے کہا قاتل حکومتی ٹولہ شہداءکے غریب ورثاءکا جوتا بھی نہیں خرید سکتا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے کہا سعد رفیق نے پاک فوج کے خلاف بات نہیں کی۔ پاک فوج پاکستان کا فخر اور ہماری نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے۔سعدرفیق نے کسی کے خلاف بیان نہیں دیا۔ ان کا موقف ہمارا ہے۔ باقر نجفی رپورٹ عوام کے لئے جاری کردی۔ اگر رپورٹ سے کچھ نکلتا ہے تو طاہر القادری عدالت جائیں‘ عدلیہ آزاد اور خودمختار ادارہ ہے۔ کچھ شکاری طاہر القادری کا کندھا استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ دھرنے والے نہیں چاہتے کہ ملک سے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ ہو۔ پنڈی کا شیطان روز کچھ نہ کچھ کہتا اور شکوک و شبہات پیدا کرتا ہے۔ سینٹ الیکشن اور عام انتخابات وقت پر ہوں گے۔ میری وزارت کا فیصلہ وزیراعلیٰ نے کرنا ہے۔