پی ایس ایل3کے شیڈول کا اعلان :افتتاحی معرکہ دبئی فائنل کراچی میں ہو گا

لاہور(نیوزایجنسیاں)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کردیا جس کے مطابق پہلا میچ دبئی اور فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پی ایس ایل تھری میں کل 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں سے 31 میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جبکہ 3 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا پہلا میچ 22 فروری 2018 کو دبئی میں لیگ کی چیمپیئن ٹیم پشاور زلمی اور پہلی مرتبہ ایونٹ کا حصہ بننے والی ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ کے ’پلے آف‘ مرحلے میں کوالیفائر میچ دبئی میں کھیلا جائے گا جبکہ اسی مرحلے کے ایلیمنیٹر ون اور ایلیمنیٹر ٹو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیمیں پہلے راو¿نڈ میں ایک دوسرے کے خلاف دو دو میچز کھیلیں گی جبکہ راو¿نڈ کے اختتام پر پوائنٹس کی بنیاد پر سرِ فہرست 4 ٹیمیں پلے آف مرحلے میں جانے کی حقدار قرار پائیں گی۔پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل 25 مارچ 2018 کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔اس مرتبہ ایونٹ کے 18 میچز دبئی میں ہوں گے اور 13 میچز شارجہ میں کھیلے جائیں گے جبکہ ابو ظہبی میں کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ ہوئی تھی جس میں حیران کن طور پر کرس گیل کسی بھی ٹیم کا حصہ بننے میں ناکام رہے۔اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اعلان کیا تھا کہ پی ایس ایل 2018 کے سیمی فائنل مقابلے لاہور میں منعقد کرائے جائیں گے اور وہ پی ایس ایل تھری کا فائنل نیشنل اسٹیڈیم میں کرانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی سے 2 شہری شہید، خاتون زخمی

راولپنڈی:(ویب ڈیسک) بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے چری سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 شہری شہید اور ایک خاتون زخمی ہوگئی ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت کی جانب سے ایک بار پھر سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے، بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرل کے چری سیکٹر پر چھفر گاو¿ں میں ایک جنازے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 شہری شہید اور ایک خاتون زخمی ہوگئی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کا بھرپور جواب دیا گیا اور جوابی فائرنگ میں ایک بھارتی فوجی ہلاک جب کہ 5 زخمی ہوگئے ہیں جب کہ جوابی کارروائی میں بھارتی پوسٹ بھی تباہ کردی گئی ہے۔

مسلم لیگ (ن)کو خیر آباد کہنے والوں کے نام سامنے آ گئے

لاہور(ویب ڈیسک)سینئیر تجزیہ نگار نے  اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ کو کچھ لوگ خیر آباد کہنے جا رہے ہیں جن کے نام ،غلام محمد لالی،شخ اکرم،غلام نظام سیالوی ،محمد رحمت اللہ اورمحمد خان بلوچ ہیں یہ ایم این اے اپنے عہدے سے فارغ ہو رہے ہیں وجہ یہی ہے کہ رانا ثناء اللہ نے اپنا عہدے سے استعفی نہیں دیا۔انہوں نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیر حمید الدین سیالوی اپنے فیصلے پر اٹل ہیں کہ رانا ثناء اللہ نے استفعی کیوں نہیں دیا، ان کو کلمہ پڑھ کر معافی مانگنی چاہیے تھی۔واضح رہے کہ رانا ثناء اللہ نے نجی ٹی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے قادیانیوں کو اپنا بھائی کہا تھا جس پر پیر حمید الدین سیالوی نے رانا ثناءاللہ سے استعفی اور معافی کا مطالبہ کیا تھا جو مطالبہ ان کا پورا نہیں کیا جس پر پیر حمید الدین سیالوی کے کچھ پیروکار اپنے عہدے سے استعفی دے رہے ہیں۔

سانحہ بلدیہ :مرکزی ملزم حما د صدیقی پاکستان کے خفیہ ادارے کے حوالے

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارت حکام نے سانحہ بلدیہ ٹاو¿ن کےمرکزی ملزم حماد صدیقی کو پاکستان کے حوالے کردیا۔سانحہ بلدیہ فیکٹری کے مرکزی ملزم اور ایم کیو ایم کی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی کی گرفتاری کے لیے عدالت نے انٹرپول سے رابطے کا حکم دیا تھا جس پر ملزم کو رواں برس اکتوبر میں دبئی سے گرفتار کیا گیا، ملزم کی پاکستان حوالگی کے لیے ضروری کارروائی کی جارہی تھی۔جیونیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکام نے حماد صدیقی کو پاکستان کے حوالے کردیا ہے، ملزم کو خفیہ ادارے کے سپرد کیا گیا اور اسے پاکستان لایا جاچکا ہے۔ذرائع کے مطابق حماد صدیقی کی حوالگی باہمی انٹیلی جنس تعاون کا نتیجہ ہے اور اس میں نارمل چینلز کو استعمال نہیں کیا گیا بلکہ لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کی حوالگی کی طرز پر ہی یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد صدیقی کو مناسب وقت پر سامنے لایا جائے گا اور عدالت میں بھی پیش کیا جائے گا۔

اسمبلیاں کب تحلیل ہونگی ۔۔۔؟ خواجہ آصف کے اعلان نے اپوزیشن جماعتوں میں ہلچل مچا دی

اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اپنے سیاسی فائدے کے لیے اسمبلیاں چند ماہ پہلے بھی تحلیل کر سکتے ہیں مگر پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ صوبوں میں اپنی حکومتیںختم کرسکیں،آصف زرداری نے پیپلزپارٹی کو تباہ کردیا جو حالت پیپلزپارٹی کی ہے اس پر فاتحہ پڑھنی چاہیے ،ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن سیاسی درجہ حرارت ہے کہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ حالات سے فائدہ اٹھانا پڑا تو اپنے سیاسی فائدے کے لیے اسمبلیاں چند ماہپہلے بھی تحلیل کر سکتے ہیں لیکن ابھی ایسا کچھ طے نہیں کیا گیا اور نہ ہی ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی میں یہ سکت نہیں ہے کہ وہ کے پی یا سندھ کی حکومت ختم کر سکیں۔(ن) لیگی رہنما نے کہا کہ آصف علی زدرداری نے پیپلز پارٹی کو تباہ کر دیا ہے۔اس کا جو حشر کیا ہے ، وہ اس کا جشن منا رہے تھے، پیپلز پارٹی کی جو حالت کر دی ہے، اس پر فاتحہ پڑھنی چاہیے۔یہاں وہ حال ہی میں پیپلز پارٹی کے 50ویں یوم تاسیس کے موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری کے رقص کا حوالہ دے رہے تھے، جس کی ویڈیو منظرعام پر آنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہاکہ میرا خیال ہے کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا اور پیپلز پارٹی سندھ میں استعفے نہیں دیں گی ،ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ اگر اسمبلیوں سے استعفے دیئے گئے تو یہ بڑا مایوس کن اقدام ہو گا۔

 

پاکستان فلموں کا معیار پہلے سے بہتر ہو رہا ہے ‘احسن خان

کراچی(شوبز ڈیسک)اداکار احسن خان کا کہنا ہے کہ پاکستانی فلموں کا معیار پہلے سے بہتر ہورہا ہے۔خصوصی انٹرویو میں احسن خان نے بتایا کہ پاکستانی فلموں کا معیار پہلے سے بہتر ہوگیا ہے، یہاں فلمیں ٹی وی کے مقابلے میں زیادہ نہیں چلتیں، لیکن اب یہ رواج بدل رہا ہے اور سینما گھروں میں پاکستانی فلمیں بھی دیکھی جارہی ہیں جبکہ کافی اداکار بھی اب ٹی وی سے فلموں کی طرف رخ کر رہے ہیں۔فلم ‘چھپن چھپائی’ پاکستانی کامیڈی فلم ہے جس میں ایکشن، رومانس اور کامیڈی ایک ساتھ دیکھنے کو ملے گی، اس فلم کی کاسٹ میں احسن خان اور نیلم منیر شامل ہیں۔فلم کی کہانی آج کے بے روزگار نوجوانوں کے گرد گھومتی ہے جو شارٹ کٹ لے کر پیسے کمانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں، فلم کا ٹریلر دیکھنے کے بعد مداحوں کو بے صبری سے فلم کے ریلیز ہونے کا انتظار ہے۔احسن خان نے بتایا کہ فلم ”چھپن چھپائی“نئے ٹیلنٹ کو سامنے لائے گی کیونکہ اس میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس(ناپا) کے ایک طالب علم نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ لالی وڈ کو نئے ٹیلنٹ کی ضرورت ہے اور ہمیں چاہیے کہ نئے آنے والوں کے ساتھ ہم پورا تعاون کریں۔

جنید جمشید کی پہلی پرسی عقیدت و احترام ک کیساتھ منائی گئی

کراچی(شوبز ڈیسک ) دل دل پاکستان سے دلوں کو جیتنے والے جنید جمشید کی پہلی برسی عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی۔ سانحہ حویلیاں کو ایک سال ہونے پر سوگواروں کے زخم پھر تازہ ہوگئے، دل دل پاکستان کے گیت گانے والے جنید جمشید کی دھڑکنیں بھی فضاﺅں میں ان کے ملی نغمے کے ساتھ گونج اٹھی ہیں، جنید جمشید کےلئے 7 دسمبر 2016 کو پی آئی اے کے بدقسمت طیارے کا سفر ہی سفر آخرت ثابت ہوا۔جنید جمشید آج اس دنیا میں نہیں لیکن اپنے بابا کے ساتھ گزرے لمحات کو یاد کرکے ان کے بچوں کا دل تڑپ اٹھتا ہے، خاندان سے جڑی خوشیاں ہوں یا کوئی بھی مشکل آئے بچوں کو اپنے بابا کی کمی محسوس ہوتی ہے جس سے ان کی آنکھیں نم ہو جاتی ہیں۔سانحہ حویلیاں نے 47 خاندانوں کو رلا دیا ہے لیکن تمام لواحقین کے دلوں میں اپنے پیاروں کی یادیں آج بھی زندہ ہیں، وہیں جنید جمشید کے بچوں نے کم عمری میں ہی گھر والوں کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔ اور اپنے بابا کی طرح اللہ تعالی کا پیغام دنیا بھرمیں پھیلانے کو ہی اپنا مشن بنالیا ہے۔

 

فلم انڈسٹری میں خواتین کیلئے یہ بہترین وقت ہے ‘ شردھا کپور

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ شردھا کپور نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری میں خواتین کے لئے یہ بہترین وقت ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ شردھا کپور نے کہا ہے کہ وہ خواتین کی فلم انڈسٹری میں منزل کے تعین اور اہم مقام حاصل کرنے کے حوالے سے فرضی داستانوں کو ختم کرتے ہوئے بہت جوش و جذبے اور پھرتی سے کام کر رہی ہیں اور فلم انڈسٹری میں خواتین کے لئے یہ بہترین وقت ہے۔اداکارہ شردھا کپور ہدایتکار راج اور ڈی کے کی ہارر کامیڈی فلم میں اداکار راج کمار راﺅ کے ساتھ نظر آئیں گی جس کا نام ابھی نہیں رکھا گیا۔

 

ڈرامے میں فحش حرکات کرنے آفرین خان کو نوٹس

گوجرانوالہ(شوبز ڈیسک) سٹیج ڈرامے میں ڈانس کے دوران فحش حرکات کرنے پر اداکارہ آفرین خان کو نوٹس جاری کردیا گیاجبکہ دوبارہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر فوری کارروائی کی تنبیہ کر دی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سٹیج ڈرامہ ”پٹرول پمپ “میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی مانیٹرنگ رپورٹ پر آرٹس کونسل نے سٹیج اداکارہ آفرین خان کو وارننگ نوٹس جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا کہ سٹیج پرفارمنس کی سی ڈی میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مکمل ریکارڈ موجود ہے اسلئے وہ مستقبل میں ایسی حرکات نہ کریں ورنہ انکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق وارننگ لیٹر کی کاپی ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر افسروں کو بھی بھجوادی گئی ہے۔

ارمینہ رانا خان نے مداح کو تنقید پر کھری کھری سنا دیں

لاہور (شوبز ڈیسک )ایسا پہلی دفعہ نہیں ہوا کہ اداکاروں کو اپنے ملبوسات کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہو اکثر ہی دیکھنے میںآیا ہے کہ مداح اداکاروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔پاکستان کی معروف اداکارہ ارمینہ خان کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔میڈیاکے مطابق معروف اداکارہ ارینہ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی تصویر لگائی تھی جس میں اداکارہ نے مغربی طرز کا لباس پہنا تھا جس پر ایک مداح نے ارمینہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کو ایسے ملبوسات نہیں پہنے چائیں کیونکہ ایک دن ان کو مرنا بھی ہے۔ جس پر اداکارہ نے مداح کو کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ پریانکا بنوں ،انجلینا بنوں یا سانٹا کلاز بنوں ،آپ میری پھپھو نہ بنیں تو بہتر ہے ۔