نواز شریف کو گرانے کیلئے ملک کا نقصان کیا گیا :طلال چودھری

اسلام آباد (ویب ڈسک ) وزیر مملکت طلال چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو اقتدار سے ہٹانے کیلئے ملک کا نقصان کیا گیا ،میڈٰیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کی تمام پارٹیوں پر بل منظور کرانے کی ذمہ داری تھی تنہا ہم پر نہیں ،اب کیا ہمیں ان لوگوں سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت ہے جو گالیوں کی زبان میں بات کرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں طلال چودھری نے کہا کہ ملک میں دہشتگرد جتنی بھی کارروائیاں کر لیں ان کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے ۔

جشن عید میلادالنبی پردہشتگردی کرنے والے حقیقی دشمن ہیں، عمران خان

اسلام آباد(ویب ڈسک) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ رحمة العالمین کی ولادت کے باسعادت دن سفاکیت کا منصوبہ بنانے والے حقیقی دشمن ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے زرعی یونیورسٹی پشاورمیں دہشت گردی کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رحمة اللعالمین کی ولادت کے مبارک دن کے آغازمیں خون کی ہولی کھیلنے والے انسانیت اوراسلام کے دشمن ہیں، شہداء کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہارکرتے ہیں اورحملے کا نشانہ بننے والوں کی جلد اور مکمل شفایابی کیلئے دعا گوہیں۔عمران خان نے دہشت گردوں کوکیفرکردار تک پہنچانے والے جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پولیس کی پیشہ وارانہ بنیادوں پرتشکیل نوبارآور ثابت ہورہی ہے، انتہائی خطرناک حملے کو ممکنہ طورپرکم از کم وقت میں ناکام بنانا باعث اطمینان ہے، پولیس کی اصلاح کے بعد اب پختونخوا کو شرانگیزی کا نشانہ بنانا آسان نہیں، آپریشن میں حصہ لینے والے ریپیڈ ریسپانس یونٹ کے جوان تحسین کے مستحق ہیں جب کہ بڑے نقصان سے محفوظ رکھنے پر اللّہ رب العزت کا شکرہے۔پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے حکام کو ہدایت کی کہ واقعے کے حقیقی ذمہ داروں تک رسائی کیلئے جامع تحقیقات سمیت  صوبائی حکومت زخمیوں کیلئے علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔

شکر گڑھ میں جنازے پر فائرنگ سے نمازی جاں بحق

شکر گڑھ میں نور کوٹ کے علاقہ مدو گول میں جنازے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے بتایا کہ یوسی لنگا کے وائس چیئرمین کے والد کا جنازہ ہورہا تھا کہ اس دوران مخالفین نے فائرنگ کردی۔گولیاں لگنے سے جنازہ پر آیا ہوا ظہیر بٹ جاں بحق ہوگیا جب کہ ایک اور شخص شدید زخمی ہوگیا۔ جاں بحق ظہیر بٹ اور زخمی شخص کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمی کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پاکستانی فورسزنے دہشتگردوں کوملک سے ماربھگایا ہے، اعزازچوہدری

پاکستانی سفیراعزازچودہری نے امریکی سینیٹرجیف مرکلی سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران اعزازچوہدری نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف عظیم کامیابیاں حاصل کی ہیں، موجودہ دورمیں پاکستان میں دہشتگردی کارروائیوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے ، پاکستانی فورسز نےدہشتگردوں کو ملک سے ماربھگایا ہے اورغیرملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی دکھارہی ہیں۔افغانستان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کیلئےامریکا کے ساتھ مل کرکام کرنا چاہتے ہیں، افغانستان میں عدم استحکام پاکستانی معیشت کیلئے خطرہ ہے، افغانستان میں امن کیلئے جامع سیاسی اقدامات کی ضرورت ہے، پاکستان امریکا مل کرافغان امن عمل میں کرداراداکریں گے جس پرسینیٹرجیف مرکلی نے کہا کہ پاکستان اورامریکا میں دوطرفہ تعلقات وقت کی ضرورت ہے۔

حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پھر مہنگا کردیا

حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مںظوری دے دی، وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے 48 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 36 پیسے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی ہے۔پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد نئی قیمت 77 روپے47 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے جب کہ ڈیزل 85 روپے 95 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔حکومت کی جانب سے مٹی کا تیل 4 روپے 39 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 12 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر سے ہوگیا ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند

کراچی(ویب ڈسک)سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی، سکھر، کوئٹہ اور حیدرآباد سمیت مختلف شہروں میں موبائل فون اورانٹر نیٹ سروس بند کردی گئی۔ جشن عید میلاد النبی کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں جلسے جلوس اورریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرحکومت نے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بند کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون اورانٹر نیٹ سروس بند کردی گئی ہے۔سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی شاہد نےبتایا کہ موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا جب کہ رات 8 بجے سروس بحال کردی جائے گی۔ ادھر کوئٹہ میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس دوپہر دو بجے بحال ہوجائے گی۔

پشاور میں زرعی یونیورسٹی ڈائریکٹوریٹ پر حملے میں 9 افراد شہید، 32 زخمی

پشاور(ویب ڈسک) زرعی یونیورسٹی ڈائریکٹوریٹ پر مسلح افراد کے حملے میں 9 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں تینوں خود کش حملہ آور ہلاک ہوگئے۔

پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر واقع زرعی ڈائریکٹوریٹ میں مسلح افراد نے دھاوا بول دیا اور اندر داخل ہوکر فائرنگ شروع کردی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوج اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچی اور دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ حملے میں 9 افراد شہید اور 32 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 6 طلبہ، ایک گارڈ اور 2 عام شہری شامل ہیں۔ حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی ہے۔

زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جن میں پاک فوج کے دو جوان، دو پولیس اہلکار، دو طالب علم اور دو گارڈز شامل ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔ خیبر ٹیچنگ اسپتال میں تین افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہیں جب کہ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں 6 افراد کی لاشیں موجود اور 17 زخمی زیر علاج ہیںپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق زرعی یونیورسٹی ڈائریکٹوریٹ پشاور پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گرد جوابی کارروائی میں مارے گئے ہیں، پاک فوج کے جوان ڈائریکٹوریٹ کے اندر داخل ہو گئے ہیں اور کلیئرنس آپریشن کرتے ہوئے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا۔دہشت گردوں سے 12 دستی بم، 3 کلاشن کوف اور 3 خودکش جیکٹس برآمد ہوئیں۔ فوجی دستوں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کا گھیراؤ کیا جب کہ آرمی ایوی ایشن کی جانب سے علاقے کی فضائی نگرانی کی گئی۔ ہاسٹل سے 8 طلبہ کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق واقعے کے وقت چالیس سے پچاس طلبا ہاسٹل میں موجود تھے، تینوں دہشتگرد خودکش جیکٹ پہنے ہوئے تھے اور افغانستان میں اپنے ساتھیوں سے رابطے میں تھے، حملہ آور 8 بجکر 45 منٹ پر دہشتگرد رکشے سے ڈائریکٹوریٹ زراعت پہنچے تھے۔حکام نے بتایا کہ آپریشن میں چاروں حملہ آور مارے گئے۔ دہشت گردوں نے خودکش جیکٹس پہنی ہوئی تھیں جو گولی لگنے سے دھماکے سے پھٹ گئیں۔  حکام نے یونیورسٹی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔خیبرپختون خوا پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے برقعے پہنے ہوئے تھے اور وہ بھیس بدل کر رکشے میں آئے تھے جب کہ رکشہ ڈرائیور بھی ممکنہ طور پر حملے کا سہولت کار ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حملے کے وقت زرعی ڈائریکٹوریٹ کے ہاسٹل میں طلبہ موجود تھے اور متعدد طلبہ نے جان بچانے کے لیے بالائی منزل سے چھلانگ دی جس کے نتیجے میں انہیں چوٹیں آئی ہیں۔واقعے کے عینی شاہد اور زخمی طالب علم نے بتایا کہ حملے کے وقت ہم ہاسٹل میں سو رہے تھے، اچانک فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں آنے لگیں، فائرنگ کی آوازیں سن کر ساتھی طلبہ کو اٹھایا اور ہم 8 دوستوں نے باتھ روم میں چھپ کر جان بچائی، پھر فوج کے جوانوں نے ہمیں ریسکیو کیا۔واضح رہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف ایگریکلچر انسٹی ٹیوٹ میں دفاتر اور ہاسٹل بھی واقع ہیں۔

نیشنل ٹی 20 کا تاج لاہور بلیوز کے سر سج گیا

راولپنڈی(نیوزایجنسیاں) قومی ٹی20 کپ کے فائنل میں لاہور بلیوز نے ایونٹ کی فیورٹ لاہور وائٹس کو یکطرفہ مقابلے کے بعد سات وکٹ سے شکست دےکر چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ فاتح سائیڈنے ہدف 17.3 اوورز میں 3 وکٹوں پرحاصل کیا ۔ ناقابل شکست ففٹی بنانے پر امام الحق مین آف دی میچ قرار پائے ۔ کامران اکمل 432 رنز بنانے پربہترین بلے باز ، عمید آصف 14 شکار کرنے پر بہترین باﺅلر اورحماداعظم کو بہترین آل راﺅنڈرکاایوارڈملا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ٹورنامنٹ کے فائنل میں لاہور وائٹس کے کپتان سلمان بٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل غلط ثابت ہوا اور ان کے سوا کوئی بھی بلے باز لاہور بلوز کے باو¿لرز کا ڈٹ کر سامنا نہ کر سکا۔اوپنرز سلمان بٹ اور کامران اکمل نے ٹیم کو 34 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسکور 66 تک پہنچتے پہنچتے وائٹس کی ٹیم کامران اکمل، سمیع اسلم، عمر اکمل اور آصف ذاکر کی خدمات سے محروم ہو چکی تھی۔اس موقع پر کپتان سلمان بٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا مجموعہ باعزت مقام تک پہنچانے کا بیڑا اٹھایا اور عامر یامین کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 47 رنز جوڑے جس میں یامین کا حصہ 15 رنز رہا۔لاہور وائٹس کی ٹیم مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنا سکی، کپتان سلمان بٹ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 62 رنز کی اننگز کھیلی جس میں آٹھ چوکے شامل تھے جبکہ کامران اکمل 20 رنز کے ساتھ دوسرے کامیاب بلے باز رہے۔لاہور بلوز کی جانب سے عاطف جبار دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باو¿لر رہے جبکہ اعزاز چیمہ، خالد عثمان اور آغا سلمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں بلوز کے اوپنرز امام الحق اور احمد شہزاد نے اپنی ٹیم کو 43 رنز کا اچھا آغاز فراہم کر کے جیت کی بنیاد رکھی، احمد شہزاد 22 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔اس کے بعد امام الحق کا ساتھ نبھانے کپتان محمد حفیظ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن ہدف سے چند قدم کی دوری پر حفیظ کی35 گیندوں پر 33 رنز کی اننگز بلال آصف کے ہاتھوں تمام ہوئی جبکہ جلد ہی حسین طلعت بھی پویلین لوٹ گئے ۔امام الحق نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ناقابل شکست 59 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو سات وکٹ سے فتح دلانے کے ساتھ ساتھ قومی ٹی20 کپ کا چمپئن بھی بنوا دیا۔

بورڈ کا بھارت کو قانونی نوٹس بھیجنے کا فیصلہ

لاہور(آئی این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے معاہدے کے باوجود بھارت سے سیریز نہ ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو نوٹس بھیج دیا۔پی سی بی نے اپنے وکلا کے توسط سے آئی سی سی کو ایک نوٹس بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ معاہدے کے باوجود سیریز نہ کھیلنے پر پاک بھارت کرکٹ سیریز کے لئے ‘ڈس پیوٹ ریزرویشن کمیٹی’ قائم کی جائے۔ آئی سی سی پاک بھارت کرکٹ سیریز نہ ہونے پر تین رکنی ڈسپیوٹ پینل بنانے کا پابند ہے جو دبئی یا برطانیہ میں سماعت کرے گا جب کہ ڈسپیوٹ پینل برطانوی قوانین کے مطابق کام کرے گا۔بھارت نے پاکستان کے ساتھ بگ تھری کے بعد جو ایم او یو سائن کیا اس کے تحت 2015 سے 2023 کے درمیان دونوں ٹیموں کے درمیان 6 سیریز ہونا تھیں، جن میں سے 4 کی میزبانی پاکستان کو دی گئی۔ تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ہر بار سیکیورٹی خدشات اور حکومتی اجازت کا بہانہ بنا کر سیریز کھیلنے سے انکار کرتا رہا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بھارت کے ساتھ سیریز نہ ہونے سے اسے447 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے، اس لئے بھارتی کرکٹ بورڈ اس نقصان کی تلافی کرے۔بھارتی کرکٹ بورڈ کا موقف ہے کہ ان کی حکومت انہیں پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں دے رہی تاہم اس حوالے سے کرکٹ بورڈ نے اب تک کوئی دستاویزات پیش نہیں کیں۔دوسری جانب پی سی بی کی جانب سے کرکٹ سیریز کے معاہدے پر عملدرآمد کے لئے بی سی سی آئی کو نوٹسز بھی بھیجے جاچکے ہیں۔

ورلڈ کپ میں سچن کامتنازعہ ناٹ آﺅٹ آج تک نہیں بھلاسکا،اجمل

لاہور(آن لائن)حال ہی میں انٹر نیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے قومی ٹیم کے سابق آف سپنر سعید اجمل آج بھی حیرت زدہ ہیں کہ ورلڈ کپ2011کے سیمی فائنل میں لیجنڈری بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر ان کی گیند پر کیوں ایل بی ڈبلیوآٹ قرار نہیں پائے ۔ مذکورہ میچ میں سچن ٹنڈولکر نے 85رنز سکور کیے تھے تاہم اس کے لیے پاکستانی فیلڈر ز کی جانب سے انہیں 4زندگیاں دی گئی تھیں ۔سعید اجمل نے ہی آخر کار ٹنڈولکر کی وکٹ حاصل کی تھی تاہم ان کا آج بھی خیال ہے کہ لٹل ماسٹر کو تبھی آٹ قرار دے دینا چاہیئے تھا جب 23کے انفرادی سکور پر اجمل نے انہیں ایل بی ڈبلیو آٹ کردیا تھا تاہم ٹنڈولکر نے امپائرز ریویو سسٹم کا استعمال کیا اور ہاک آئی کے مطابق گیند لیگ سٹمپ کو مس کررہی تھی ۔ سعید اجمل کا کہنا تھا کہ انہیں مکمل یقین تھا کہ ٹنڈولکر ایل بی ڈبلیوآٹ ہیں تاہم اس وقت حیرت ہوئی جب امپائر ریویو سسٹم پر گیند وکٹوں کو مس کرتی دکھائی دی ۔ ۔#/s#