گرین شرٹس نے فتوحات کی ڈبل ہیٹرک کر لی

نئی دہلی (اے پی پی) پاکستان نے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ کے اپنے چھٹے میچ میں جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل چھٹی کامیابی حاصل کر لی۔ پاکستان بلائنڈ نے 101 رنز کا ہدف بآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا، بدر منیر نے 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ تفصیلات کے مطابق کرناٹکا اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن گراﺅنڈ پر کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ بلائنڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنائے۔ تیفو لیسلے 19 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ جنوبی افریقہ کے آٹھ بلے باز دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔ انیس جاوید نے دو جبکہ بدر منیر اور ریاست خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان بلائنڈ نے ہدف بآسانی 5.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا، بدر منیر نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 20 گیندوں پر 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور دس چوکے شامل تھے۔ محمد جمیل 29 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ یہ پاکستان بلائنڈ کی ایونٹ میں مسلسل چھٹی کامیابی ہے۔ پاکستان بلائنڈ کر کٹ ٹیم ٹورنامنٹ میں تاحال ناقابل شکست ہے۔پاکستان اپنا ساتواں میچ (آج)منگل کو بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گا۔

حکومت نے بسنت بارے واضح اعلان کر دیا

لاہور (خصوصی رپورٹ) پنجاب حکومت نے بسنت نہ منانے کا اعلان کردیا ہے‘ جس سے لاہوریوں کی بسنت منانے کی خوشی اور تیاریاں دھری کی دھری رہ گئی ہیں۔ لاہوریوں کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے بسنت جیسے موسمی تہوار سے ہمیں محروم کرکے رکھ دیا ہے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا کو بتایاکہ پنجاب حکومت نے بسنت نہ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پتنگ بازی ایک جان لیوا کھیل ہے جو کہ معصوم جانوں کے ضیاع کا موجب بنتا ہے۔ اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے بسنت منانے کے لئے مختلف تاریخوں کا اعلان کر رکھا تھا اور اس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے خصوصی کمیٹی سے محفوظ بسنت منانے کے لئے ایک جامع رپورٹ بھی تیار کروائی تھی۔ حکومتی اعلان مایوس کن ہے۔
بسنت

ٹینس سٹارثانیہ مرزانے کامیاب ازدواجی زندگی کارازبتادیا

لاہور(نیوز ایجنسیاں) انڈین ٹینس ثانہ مرزا نے پاکستانی سٹار بلے باز شعیب ملک کےساتھ اپنی کامیاب ازدواجی زندگی کے راز سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ انڈین نجی ٹیلی ویژن کے مشہور کافی ون کرن میں گفتگو کرتے ہوئے انڈین ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ شعیب ملک کے ساتھ ان کی کامیاب ازدواجی زندگی کا راز یہ ہے کہ ہم دونوں اکثر ایک دوسرے سے دور رہتے ہیں۔ ثانیہ نے کہا کہ ان کے والد اکثر مذاق کرتے ہیں کہ میری والدہ سے ان کی 31 سالہ رفاقت کا راز بھی ٹینس ہی ہے۔ کچھ عرصہ قبل میڈیا میں یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ثانیہ اور شعیب میں علیحدگی ہو چکی ہے اور نوبت طلاق تک پہنچ گئی ہے تاہم اب ثانیہ نے موضوع پر کھل کر بات کرکے ان افواہوں کو ہی رد کر دیا ہے۔ ثانیہ سے جب شادی سے قبل بالی ووڈ ایکٹر شاہد کپور کے ساتھ تعلقات کے بارے میں بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ اس کو بہت دیر ہو چکی ہے، اب مجھے کچھ یاد نہیں، ان کا کبھی کسی اداکار کے ساتھ کوئی تعلق نہیں رہا۔

ٹیم کی ہوم سیریزکےلئے انگلینڈبہترین مقام

لاہور(نیوزایجنسیاں)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ظہیرعباس نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہوم سیریز کی میزبانی کے لیے انگلینڈ کو غیرجانب دار مقام کے طور پر استعمال کرے۔راولپنڈی میں گورنمنٹ وقارالنسا کالج برائے خواتین میں ویمن کرکٹ اکیڈمی کی افتتاحی تقریب کے دوران ظہیرعباس نے کہا کہ ‘متحدہ عرب امارات میں کھیلنے سے ٹیم کی کارکردگی بہتر نہیں ہورہی ہے اور خصوصاً باو¿لرز کی کارکردگی بہتر نہیں ہوئی’۔متحدہ عرب امارات کے بجائے انگلینڈ کو متبادل مقام کے طور پر چننے کا مشورہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ‘انگلینڈ میں ہمارے تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے اور انگلینڈ میں کھیلنے کے نتیجے میں ٹیم کی کارکردگی بہتر ہوگی’۔انھوں نے پی سی بی پر زور دیا کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے سابق مقامی کھلاڑیوں سے بھی اس حوالے سے مشورہ لیں۔پی سی بی کی جانب سے گول میز کانفرنس بلائے جانے کے حوالے سے ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کانفرنس میں کھلاڑیوں کی جانب سے دیے گئے مشوروں پر اگر عمل ہوا تو حقیقی معنوں میں کرکٹ کی بہتری ہوگی۔ظہیرعباس نے راولپنڈی میں ویمن کرکٹ اکیڈمی کے قیام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پنجاب اسپورٹس کی جانب سے نوجوانوں خصوصاً خواتین کو کھیلوں کے میدان میں تعاون کرنے پر داد دی۔ان کا کہنا تھا کہ ‘امید ہے کہ ہم بہت جلد قارالنسا کالج سے کھلاڑیوں کو قومی ویمن ٹیم میں کھیلتے ہوئے دیکھیں گے’۔سری لنکن ٹیم پر 2009 میں لاہور میں ہونے والے دہشت گردوں کے حملے کے بعد غیرملکی ٹیمیں پاکستان کا دورہ نہیں کرررہی ہیں جس کی وجہ سے پاکستان کو ہوم سیریز کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کرنا پڑرہی ہے۔

دبئی میں پی ایس ایل ٹرافی کی نقاب کشائی

دبئی(آئی این پی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے دوسرے ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی دبئی میں ہوئی جب کہ اس موقع پر لیگ میں شریک پانچوں ٹیموں کے کپتان موجود تھے۔تقریب رونمائی کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چیرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے کہا کہ ایونٹ کیلئے دنیا کی بہترین کمپنی سے ٹرافی تیار کروائی گئی ہے۔ ٹرافی آرٹ کا بہترین اور منفرد نمونہ ہے جس کا نام اسپرٹ ٹرافی رکھا گیا ہے اور اس کی تیاری میں50 ہزار کرسٹلز کا استعمال کیا گیا ہے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ امید ہے کہ پہلے ایڈیشن کی طرح دوسرا ایڈیشن بھی دلچسپ ہو گا۔ پی ایس ایل کے ذریعے پاکستان میں کرکٹ واپس لا رہے ہیں، دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں ہی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فاتح ٹرافی کے علاوہ دیگر تین ٹرافیز بھی دی جائیں گی۔ ایونٹ کے بہترین بیٹسمین کو ”حنیف محمد ٹرافی“ دی جائے گی۔ بہترین وکٹ کیپر ”امتیاز احمد ٹرافی“ کا حقدار ٹھرے گا جبکہ بیسٹ بولر ”فضل محمود ٹرافی“ اپنے نام کرے گا۔دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ پہلا ایڈیشن جیتنے سے ہماری ٹیم بہت پراعتماد ہے، ٹیم کا کمبی نیشن اچھا ہے، اس بار بھی ٹرافی اپنے نام کریں گے۔ یو اے ای میں زیادہ کھیلنے کا فائدہ قومی کرکٹرز کو ہوگا، اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اب بھی اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے، پچھلا ٹائٹل اپنے نام نہیں کر سکے لیکن اس سال ٹرافی لے کر جائیں گے۔کراچی کنگز کے قائد سنگا کارا نے کہا کہ کراچی کنگز کی ٹیم نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ماہر کوچز کی زیر نگرانی اپنی صلاحیتوں کو بھرپور طریقے سے استعمال کریں گے، لاہور قلندرز کے کپتان میک کولم نے کہا کہ ایونٹ میں اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے جب کہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ ایونٹ میں نئے جوش و جذبے کے ساتھ کھیلیں گے اور ٹرافی اپنے نام کریں ۔

پانامہ کیس, وزیراعظم کے وکیل کی چھٹی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پانامہ لیکس کیس میں وزیراعظم کے وکیل مخدوم علی خان کی 12دن کی رخصت کی درخواست چیف جسٹس نے منظور کرلی۔ مخدوم علی خان نے درخواست میں کہا ہے کہ وہ 13 فروری سے 24 فروری تک ذاتی مصروفیات کے باعث دستیاب نہیں ہونگے۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے مخدوم علی خان کی عمومی رخصت کی درخواست منظور کر لی، انتظامی حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس دوران پانامہ کیس مقرر کیا گیا تو رخصت کی درخواست مو¿ثر نہیں ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق پاناما کیس میں وزیراعظم نواز شریف کے وکیل مخدوم علی خان نے چھٹیوں کی درخواست جمع کرادی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ذاتی مصروفیات کے باعث13 سے 24 فروری تک پیش نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں دلائل دے چکا ہوں اس لئے میرے جانے سے کیس متاثر نہیں ہو گا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ کر رہا ہے تاہم بینچ کے ایک رکن جسٹس عظمت سعید شیخ کی بیماری کے باعث گزشتہ ہفتے سے سماعت نہیں ہو سکی ہے۔ سپریم کورٹ کے جسٹس عظمت سعید کے مکمل صحت یاب نہ ہونے کے باعث پاناما پیپرز لیکس کیس کی سماعت پیر کو نہ ہو سکی اور یہ سماعت مزید ایک ہفتے تک زیر التوا رہنے کا امکان ہے ۔سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ عدالتی روسٹر کے مطابق جسٹس شیخ عظمت سعید ناسازی طبع کے باعث کسی بینچ کا حصہ نہیں ہیں اور اس طرح پانچ رکنی بینچ سماعت کے لیے دستیاب نہیں ہو گا۔ عدالتی روسٹر کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی سماعت کے لیے گیارہ ججز پر مشتمل چار بینچ تشکیل دئیے گئے ہیں۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس آصف سعید کھوسہ، جسٹس امیر ہانی مسلم تین رکنی بینچز کے سربراہ ہوں گے ۔جسٹس اعجاز افضل اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل دو رکنی بینچ اسلام آباد میں مقدمات سنے گا جبکہ پاناما کیس سننے والے بینچ کے ایک رکن جسٹس گلزار کراچی رجسٹری میں کیسز کی سماعت کرنے والے دو رکنی بینچ کی سربراہی کریں گے۔ توقع ہے کہ پاناما کیس کی سماعت تیرہ فروری کو شروع ہونے والے ہفتے میں ہو سکے گی۔

نیوزلیکس تحقیقات, ذمہ داراہم شخصیات کے نام سامنے آگئے

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) ڈان لیکس کے معاملے کی تحقیقات مکمل کرکے بعد رپورٹ جمع کرادی گئی ہے۔ تحقیقات کے بعد تین افراد سابق وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر راو¿ تحسین علی خان کو سیکیورٹی لیک کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے جبکہ مریم نواز اور پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کو کلین چٹ مل گئی ہے۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ڈان لیکس کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے اپنی رپورٹ جمع کرادی ہے۔ رپورٹ میں خبر چھاپنے والے ڈان کے صحافی سرل المیڈا سمیت دیگر شخصیات کے فون کالز اور باہمی رابطوں کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید نے صحافی سرل المیڈا سے 8 دفعہ فون پر رابطہ کیا جبکہ وہ ڈان کے ایڈیٹر سے بھی مسلسل رابطے میں تھے۔ وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نے بھی سرل المیڈا کو دو میسجز کیے جبکہ وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے بھی سرل سے تین دفعہ فون پر بات چیت کی۔ تحقیقات کرنے والی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے والے گواہان میں سے کسی نے بھی مریم نواز یا فواد حسن فواد کے خلاف گواہی نہیں دی۔تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرل المیڈا کو پرویز رشید نے اپنے دفتر میں بلایا جبکہ وزیر اعظم نواز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے قومی ایشو سے متعلق خبر کا ڈرافٹ تیار کیا تھا۔ اس لیے یہ تینوں افراد ہی سیکیورٹی لیکس کے ذمہ دار ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستانی انگریزی اخبار ڈان کے صحافی سرل المیڈا نے ایک خبر شائع کی تھی جس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کا تذکرہ کیا گیا تھا۔ خبر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اجلاس کے دوران سول قیادت کی عسکری قیادت سے کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کے حوالے سے تکرار ہوئی ، یہ خبر لیک ہونے کے بعد ملٹری قیادت نے اس پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا جس کے بعد وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید سے استعفیٰ لے لیا گیا ،تحقیقات کرنے کیلئے 7 نومبر 2016 کو سات رکنی کمیٹی قائم کی گئی۔ سات رکنی تحقیقاتی کمیٹی میں انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) ، ملٹری انٹیلی جنس(ایم آئی) اور انٹر سروسز انویسٹی گیشن (آئی ایس آئی) سے ایک ایک رکن شامل کیا گیا جن کے نام ظاہر نہیں کیے گئے، جبکہ جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا خان کو کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا تھا اور اس کمیٹی کے باقی 3 ارکان میں پنجاب کے محتسب اعلیٰ نجم سعید، سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ طاہر شہباز اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عثمان انور شامل تھے۔

کراچی میں افغان سفارتکار ہلاک, قاتل بارے اہم انکشاف

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی کے علاقے کلفٹن میں افغان قونصل خانے میں اپنے ہی گارڈ کی فائرنگ سے افغان سفارتکار ہلاک،ملزم گرفتار کر لیا گیا،جاں بحق ہونے والا سفارتکار محمد ذکی افغان قونصل خانے میں تھرڈ سیکرٹری تھے،پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی وجوہات کا شاخسانہ لگتا ہے،قاتل اور مقتول دونوں افغان باشندے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں افغان قونصل خانے میں فائرنگ کے واقعہ میں ایک سفارتکار جاں بحق ہو گیا ہے جسے ان کے اپنے ہی قونصل خانے کے محافظ نے فائرنگ سے نشانہ بنایا۔جان بحق ہونے والے سفارتکار کی شناخت محمد ذکی کے نام سے ہوئی جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزم کا نام ہدایت اللہ بتا یا گیا ہے جسے پولیس نے حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے ،ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے ۔واقعہ کے فوری بعد سندھ رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ارو قونصل خانے کو محاصرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا اس دوران تمام داخلی و خارجہ راستوں کو بند رکھا گیا۔ڈی آئی جی ساو¿تھ آزاد خان کے مطابق قونصل خانے کے ایک گارڈ راحت اللہ نے تلخ کلامی کے بعد تھرڈ سیکریٹری ذکی ادو پر فائرنگ کردی۔ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ گارڈ راحت اللہ کو حراست میں لے لیا گیا، جبکہ قونصل خانے کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔نجی سیکورٹی گارڈ اور محمد ذکی دونوں افغان باشندے ہیں ۔انھوں نے اس واقعے میں دہشت گردی کے کسی عنصر کو مسترد کردیا۔ڈی آئی جی کا مزید کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں اور واقعے کی تمام پہلوں سے تفتیش کی جائے گی۔ایس ایس پی ساو¿تھ نے میڈیا کو بتایا کہ افغان محافظ ہدایت اللہ نے فائرنگ کر کے افغان قونصل خانے کے تھرڈ سیکریٹری محمد ذکی ادو کو ہلاک کر دیا۔پولیس نے محافظ کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔پاکستان میں افغان سفیر ڈاکٹر عمر ذخیلوال نے سوشل میڈیا پر اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بظاہر یہ اندرونی تنازعے کا معاملہ لگتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ محافظ کا تعلق بھی افغانستان سے تھا۔ادھر ترجمان سندھ پولیس کے مطابق کلفٹن افغان قونصل خانے میں مبینہ فائرنگ کے واقعے کے بارے میں میڈیا رپورٹوں پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساتھ سے پولیس کارروائی کی تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے۔انھوں نے کہا کہ ایس ایس پی ساتھ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھا کر کے فورینسک تحقیقات کو یقینی بنائیں۔

”طویل عرصہ الطاف کیساتھ چلے ”را“ سے فنڈنگ کا پتہ چلا تو علیحدگی اختیار کرلی“ پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ کی ضیا شاہد سے خصوصی گفتگو

کراچی (نمائندہ خصوصی) سی پی این ای کے صدر چیف ایگزیکٹو”خبریں“ گروپ ضیا شاہد پی ایس پی کے چیئرمین سید مصطفی کمال کی خصوصی دعوت پر پاکستان ہاﺅس میں ملاقات کے دوران ملکی صورتحال خصوصاً کراچی کی سیاسی صورتحال کے حوالے خصوصی تبادلہ خیا ل کیا گیا ‘اس موقع پر سید مصطفی کمال نے کہا کہ ہماری پارٹی کے قیام کو چند ماہ ہی ہوئے ہیں جس میں ہمارا کراچی میں دوسرا بڑا جلسہ ہوا جو تاریخی ثابت ہوا، جلسہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کرکے ہمارے موقف کی تائیدکی جس سے ہمارا حوصلہ بلند ہوا ہے، یہ حقیقت ہے کہ ہمارا متحدہ سے تعلق رہا ہے اور ہم نے طویل عرصے تک ایسے شخص کے پیچھے چلے جس سے بعد میں محسوس ہوا کہ ہم جس کی پیروی کر رہے ہیں اس چہرے کے پیچھے جو ہمارے بانی ہیں ان کے ”را“ کے ایجنٹوں سے فنڈنگ ہوتی ہے، ملکی مفادات کیخلاف سرگرمیاں ہیں تو ہم نے متحدہ سے علیحدگی اختیا رکر لی، انہوں نے مزید بتایا کہ میں ایم پی اے بھی رہا، صوبائی وزیر بھی رہا اور سنیٹر بھی رہا ہوں اور ناظم اعلیٰ سٹی بھی تھا ‘میں نے 300 ارب روپے کراچی شہر پر ترقیاتی کاموں کی مد میں خرچ کئے ہیں لیکن جب ہمیں یہ محسوس ہواکہ ایک شخص گھناﺅنی سرگرمیوں میں مصروف اور ملکی مفادات کیخلاف سرگرمیاں ہیں تو ہم نے فوری علیحدگی اختیار کر لی ہے، ہمیں کسی نے ہمیں نکالا نہیں اورہم خود چھوڑ کر گئے اور جہاں تک ہماری واپسی کا تعلق ہے تو میں نے اور انیس قائمخانی بھائی نے یہ فیصلہ کیا کہ اب ہمیں پاکستان جاکر اس بانی کا مکروہ چہرہ عوام کے سامنے دکھانا ہوگا یہ ہمارے ضمیر کی آواز بھی تھی جو ہم پوری کر رہے ہیں جس سے ہم مطمئن ہیں، انہوں نے چیف ایڈیٹر خبریں ضیا شاہد کے بارے میں کہا کہ یہ میرے لیے اعزاز اور فخرکی بات ہے کہ آپ ہمارے پاس تشریف لائے، آپ پاکستان کے سینئر صحافی ہیں جن کی پوری زندگی پاکستان کی بقا اور وطن سے بھرپور وفاداری کے طور پر گھومتی ہے، آپ جذباتی حد تک پاکستان کیلئے سوچتے ہیں جبکہ ہمارا بھی یہی مقصد ہے۔

بلاول کا آئندہ الیکشن بارے بڑا اعلان

واشنگٹن (سپیشل رپورٹر سے) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلزپارٹی اگلے الیکشن میں قومی سطح پر کامیابی حاصل کر کے سب کو حیران کر دے گی، مخالفین رائے زنی سے پہلے یاد رکھیں ہماری جماعت ماضی میں بھی بے تحاشہ آزمائشوں کو حوصلہ مندی، مدبرانہ سوچ اور لگن کے ساتھ سر کر چکی ہے، گذشتہ انتخابات میں انتہا پسندی و دہشت گردی عروج پر تھی، اور سازگار مساوی مواقع میسر نہ آنے کے نتیجے میں، غیر تسلی بخش انتخابی نتائج برآمد ہوئے، جس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ عوام کا پارٹی سے رشتہ ٹوٹ چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دورہ امریکہ کے اختتام پر واشنگٹن میں خواجہ اکبر کے گھر پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر شیری رحمان اور بختاور بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ بلاول نے کہا کہ پیلز پارٹی پارٹی 2018 کے عام انتخابات میں قومی سطح پر کامیاب ہو کر ”مخالفین کو حیران کرنے کا حوصلہ اور یقین رکھتی ہے”۔ انھوں نے کہا ہے کہ ”مخالفین جب پیپلز پارٹی کے بارے میں رائے دیں، انھیں ذہن نشین کر لینا چاہیئے کہ پارٹی ماضی میں بھی بے تحاشہ آزمائشوں کو حوصلہ مندی، مدبرانہ سوچ اور لگن کے ساتھ سر کر چکی ہے۔ ہم اب بھی مخالفین کو حیران کرنے کا حوصلہ اور طاقت رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ”گذشتہ انتخابات میں انتہا پسندی و دہشت گردی عروج پر تھی، اور سازگار مساوی مواقع میسر نہ آنے کے نتیجے میں، غیر تسلی بخش انتخابی نتائج برآمد ہوئے، جس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ عوام کا پارٹی سے رشتہ ٹوٹ چکا ہے”۔ انھوں نے کہا کہ ”پارٹی کی اساس ترقی پسند فکر، جمہوریت کو پروان چڑھانے کا عزم، عوامی امنگوں سے ہم آہنگی، محب وطن قیادت اور ملک و قوم کے لیے قربانیوں کی بنا پر پیپلز پارٹی کو ایک امتیاز حاصل ہے”۔ بقول ان کے، ”ہم محض ماضی میں مگن نہیں، بلکہ عصرِ حاضر کے تقاضوں کو مدِ نظر رکھنے کی فکر رکھتے ہیں”۔بلاول نے کہا کہ ‘ضرب عضب’ میں پاکستان فوج اور عوام کی قربانیوں کے نتیجے میں انتہاپسندی کی شدت میں واضح کمی آئی ہے۔