پہلی پاکستانی اداکارہ 100 کروڑ کلب میں شامل

لاہور(ویب ڈیسک ) پاکستان کی معروف اور بین الاقوامی شہرت کی حامل اداکارہ ماہرہ خان بھارتی فلم انڈسٹری میں 100 کروڑ کلب میں شامل ہوکر پہلی پاکستانی اداکارہ بن گئی ہیں ،ان سے قبل یہ اعزاز کسی اور پاکستانی اداکارہ کو حاصل نہیں ہوا۔ماہرہ اور شاہ رخ خان کی فلم ‘رئیس’ریلیز کے پہلے ہفتے میں ہی 100 کروڑ کمانے میں کامیاب ہوگئی تھی، کامیابی میں صرف ماہرہ کی خوش قسمتی نہیں بلکہ ان کی محنت بھی شامل ہے، جس نے انہیں راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیااور وہ پہلی پاکستانی اداکارہ بن گئیں جنہیں بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے مقابل مرکزی کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔ماہرہ بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے والی پہلی اداکارہ نہیں ،ان سے قبل بھی کئی اداکارائیں بولی وڈ میں قسمت آزماچکی ہیں جن میں حمائمہ ملک،ماورا حسین،میرا ،مونا لیزاوغیرہ شامل ہیں لیکن جیسی شہرت ماہرہ نے حاصل کی ، کسی دوسری اداکارہ کے حصے میں نہیں آئی۔

جنگ دوم کی گلوکارہ کا 100سال کی عمر میں انوکھا کارنامہ

لندن(ویب ڈیسک ) مارچ 2017میں جبپورے 100سال کی ہو جائیں گی اپنا نیا البم ریلیز کریں گی۔ویرا کی اس نئی البم میں نہ صرف نئے گانے شامل ہوں گے بلکہ دو گانے جو جنگ کے دنوں میں بہت مقبول ہوئے ”The White Cliffs of Dover“ اور ”Auf Wiederseh´n Sweetheart.“ بھی کچھ رد و بدل کے ساتھ شامل ہوں گے۔ویرا کا کہنا ہے کہ ”مجھے بہت خوشی ہوتی ہے کہ لوگ اتنے سال گزر جانے کے باوجود آج بھی میری گانے پسند کرتے ہیں“۔ ویرا وہ واحد گلوکارہ ہیں جن کے پاس یہ اعزاز ہے کہ انہوں نے 1952میں امریکن چارٹ پر راج کیا اور 97سال کی عمر میں عمر رسیدہ گلوکارہ ہونے کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔

آئی سی سی کی میٹنگ میں پاکستان نے کیا بھارت کو کلین بولڈ

دبئی (ویب ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں بھارتی کرکٹ بورڈ کو کلین بولڈ کردیا، بھارت پاکستان کے ساتھ نہیں کھیلتا تو پاکستان کو اس کے نقصان کا ازالہ کرایا جائے ورنہ ہم عدالت میں جائیں گے، پاکستان ٹیسٹ کھیلنے والا اہم ملک ہے اس کے خلاف ہونے والی کوئی سازش کا میاب نہیں ہوگی، ہر ملک دوسرے ملک کے خلاف دو دو سال میں ہو م اور اوے کی بنیاد پر چار چار سیریز کھیلے گا،بھارت پاکستان کے ساتھ نہ کھیلنے کی صورت میں پوائنٹ سے محروم ہوجائے گا ¾ بنگلہ دیش نے اجلاس میں پاکستانی موقف کی حمایت کرکے بھارت کو حیران کردیا ، اجلاس کے اختتام پرانٹرنیشنل کرکٹ کونسل بھارتی مخالفت کے باوجود بگ تھری نظام کو ختم کرنے کی منظوری۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کو بھارت سے انٹرنیشنل کرکٹ نہ کھیلنے سے نقصان ہورہا ہے۔ اگر بھارت پاکستان کے ساتھ نہیں کھیلتا تو پاکستان کو اس کے نقصان کا ازالہ کرایا جائے ورنہ ہم عدالت میں جائیں گے۔ دو طرفہ سیریز نہ ہونے سے پاکستان کے کھلاڑیوں کو بھی نقصان ہورہا ہے۔ بگ تھری اور عالمی کرکٹ میں بھارت کی دادا گیری ختم کرانے میں ان کا کردار اہم تھا۔بھارت نے اختیارات کم ہوتے ہوئے دیکھ کر اس کی مخالفت کی۔شہریار خان نے بھارت کے خلاف بھرپور ہوم ورک کے ساتھ اپنے سفارتی کیریئر کا نچوڑ پیش کیا۔ انہوں نے آئی سی سی پر واضح کردیا کہ پاکستان ٹیسٹ کھیلنے والا اہم ملک ہے اس کے خلاف ہونے والی کوئی سازش کا میاب نہیں ہوگی۔ اگر کوئی ملک معاہدہ کرکے اس کی پاسداری نہیں کرتا تو ہم قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ تین روزہ اجلا س سے قبل شہریار خان نے ایشین کرکٹ کونسل کے اجلا س کے بعد آئی سی سی اجلاس میں بھی بھارتی سورماﺅں کو آڑے ہاتھوں لیا۔پاکستان کے ساتھ بنگلہ دیش اس لئے کھڑا ہوا کیوں کہ سری لنکا کے حکام بھی آئین کو تیار کرنے والی کمیٹی میں شامل تھے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی سی سی کے ورکنگ گروپ کی جانب سے آئینی اور مالی معاملات میں تبدیلیوں کی سفارش کی گئی جس کو آئی سی سی بورڈ نے قبول کرتے ہوئے تبدیلیوں پر غور وخوض اور اراکین کو شامل کرنے کے لیے اپریل میں ہونے والے بورڈ کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کا عزم ظاہر کردیا۔ اجلاس کے اختتام پرانٹرنیشنل کرکٹ کونسل بھارتی مخالفت کے باوجود بگ تھری نظام کو ختم کرنے کی منظوری دیتے ہوئے 2017 کے پہلے اجلاس میں آئی سی سی میں بڑے پیمانے پر آئین اور سرمائے کی تقسیم کے قوانین میں تبدیلی پر اتفاق کیا گیا۔آئی سی سی نے کہا ہے کہ کہ2019سے نو ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کی ٹیسٹ لیگ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ لیگ دوسال اور آٹھ سیریز کے بعد مکمل ہوگی اور دو ٹاپ ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔ تاہم دیگر تین ٹیموں کی گارنٹی دی گئی ہے کہ ٹیسٹ کھیلنے والے ان سے میچوں میں شرکت کریں گے۔2019میں 13ٹیموں کی ون ڈے لیگ تین سال میں مکمل ہوگی۔ یہ لیگ 2023کے ورلڈ کپ کا کوالی فائنگ راﺅنڈ بھی ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ لیگ کی تجویز آئی سی سی چیف ایگزیگیٹو کمیٹی کی جانب سے آئی ہے۔ اس پر مزید غور وخوض اپریل کی میٹنگ میں ہوگا۔ لیگ کے مطابق ہر ملک دوسرے ملک کے خلاف دو دو سال میں ہو م اور اوے کی بنیاد پر چار چار سیریز کھیلے گا۔ اگر بھارت پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کرتا ہے تو سیریز کے پوائنٹ پاکستان کو مل جائیں گے۔ اس سے قبل ویمنز ایونٹ میں بھی آئی سی سی نے بھارت کو پوائنٹس سے محروم کردیا تھا۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے82 سالہ چیئرمین شہریار خان کو عمر رسیدہ قرار دے کر انہیں حساس کرکٹ معاملات میں عام طور پر فرینڈلی اور سافٹ قرار دیا جاتا ہے لیکن دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں بورڈ کے سربراہ شہریار خان نے بھارتی کرکٹ بورڈ کو کلین بولڈ کردیا۔ کرکٹ بورڈ کے سابق صدر اور آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے اجلاس میں دلیری دکھائی اور ان کے غیر جانب دار رویے کی وجہ سے بھارت کو منہ کی کھانا پڑی۔ بھارت میں سری نواسن اور انوراگ ٹھاکر محاذ بناکر ششانک منوہر کے خلاف مہم چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ تجربہ کار شہریار خان نے پاکستان کا موقف جاندار اور واضح انداز میں پیش کرکے بھارتی بورڈ کی عبوری کمیٹی کو حیران کردیا۔

”اس کی سزا صرف موت“

شور کوٹ(این این آئی) رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ کرپشن کی سزا صرف موت ہونی چاہیے ،یہ ہمارے ملک کودیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔ شورکوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پانامالیکس میں حکمران اب بری طرح پھنس چکے ہیں ،عوام کی نظریں عدلیہ پرہیں۔اگر پولیس مخلص ہو تو جرائم بھی نہ ہوں گے لیکن پنجاب پولیس بھی اب سٹیٹ بن چکی ہے۔کشمیریوں سے یکجہتی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مثال کہیں اور نہیں ملتی، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔

پانامہ کیس کی سماعت کرنیوالے جج بارے اہم خبر

اسلام آباد(صباح نیوز) سپریم کورٹ کے سینئرجج جسٹس عظمت سعید شیخ کو ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے سینئر جج اور پاناما کیس سے متعلق مقدمے کی سماعت کرنے والے بینچ میں شامل جسٹس عظمت سعید شیخ کو ڈاکٹروں نے گھر جانے کی اجازت دے دی ہے۔ جسٹس عظمت سعید شیخ کو دل میں تکلیف کے باعث 31 جنوری کو راولپنڈی کے ادارہ برائے امراض قلب(راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی) میں لایا گیا جہاں ان کی اینجیوپلاسٹی کی گئی اور انہیں ایک ہفتے آرام کا مشورہ دیا گیا۔ڈاکٹرز کے پینل نے جسٹس عظمت سعید کا طبی معائنہ کیا اور ان کی صحت تسلی بخش قراردی جس کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی تاہم ڈاکٹروں نے انہیں مکمل صحت یاب ہونے تک آرام کا مشورہ دیا جب کہ انہیں 10 فروری کو دوبارہ طبی معائنے کے لئے بھی بلایا گیا ہے۔واضح رہے کہ جسٹس عظمت سعید شیخ پاناما لیکس سے متعلق مقدمے کی سماعت کرنے والے بینچ میں شامل ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کررہا تھا تاہم ان کی بیماری کے باعث کیس کی سماعت ان کے صحت یاب ہونے تک ملتوی کردی گئی۔

معروف افسانہ نگار اشفاق احمد کی اہلیہ سپرد خاک

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف ناول و افسانہ نگاراور ڈرامہ نویس بانوقدسیہ کو لاہور میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں ادبی شخصیات کے علاوہ ہر مکتبہ فکر بے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ تفصیلات کےمطابق اردو ادب کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دینے والی بانو قدسیہ بالآخر اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔ مرحومہ کی نماز جنازہ ماڈل ٹان میں ادا کی گئی جس میں ادبی دنیا کی نامور شخصیات شریک ہوئیں اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ عطاالحق قاسمی ، اصغر ندیم سید اور دیگر ادبی شخصیات نے بانو آپا کی وفات کو اردو ادب کیلئے ایسا خلاقرار دیا جو کبھی پر نہ کیا جا سکے گا۔ مرحومہ کو نماز جنازہ کے بعد ماڈل ٹان کے مقامی قبرستان میں ہی سپرد خاک کر دیا گیا ۔

پی ٹی آئی کے اہم رہنما کی(ن ) لیگ میں شمولیت …. تحریک انصاف کی ساخت خطرے میں

پشاور (ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور و زیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک کے قریبی دوست محمد طاہر خان عمرزئی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی،طاہر خان عمرزئی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف میں بنیادی نظریئے کی وجہ سے شامل ہوا تھا،تحریک انصاف اپنے بنیادی نظرئیے اور اصولوں سے ہٹ چکی ہے۔پیر کو وزیراعظم کے مشیر امیر مقام کے ہمراہ پشاور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے طاہر خان عمرزئی نے کہاکہ تحریک انصاف میں بنیادی نظریئے کی وجہ سے شامل ہوا تھا،تحریک انصاف اپنے بنیادی نظرئیے اور اصولوں سے ہٹ چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ 20سال سے عمران خان کے ساتھ تھا،عمران خان کی وجہ سے میرے کئی دیرینہ ساتھی مجھے چھوڑ گئے۔اس موقع پر امیر مقام نے کہاکہ عمران خان کے نئے اور پرانے ساتھی انہیں چھوڑ کر جارہے ہیں۔

عافیہ پر خاموشی مگر ایک ایجنٹ کو چھوڑنا کہاں کا انصاف ہے؟

اسلام آباد(صباح نیوز) 14سال سے امریکی قید ناحق میںڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے امریکی اور پاکستانی میڈیا میں شائع ہونے والی ان خبروں پر تشویش کا اظہار کیا ہے جس کے مطابق حکومت پاکستان غدار وطن شکیل آفریدی کو امریکہ کے حوالے کرنے کی تیاریاں کررہی ہے۔ عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میںڈاکٹر فوزیہ نے کہا ہے کہ حکومت سے پوری پاکستانی قوم عافیہ کی وطن واپسی کیلئے ایک خط لکھنے کا مطالبہ کر کرکے تھک گئی لیکن حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی۔ اب ایک امریکی نیوز چینل کی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو بھول گئی ہے اور حکمران ذاتی مفادات کے تابع ہو گئے ہیں۔ شکیل آفریدی کے حوالے سے قوم کی متفقہ رائے ہے کہ وہ ملک دشمن ہے لیکن عافیہ صدیقی کے بارے میں پوری پاکستانی قوم یکسو ہے کہ وہ نہ صرف بے گناہ ہے بلکہ اس کی واپسی سے قوم کا وقار بلند ہوگا۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیںاور عافیہ کو وطن واپس لاکر قوم کا وقار بلند کریں۔انہوں نے قومی سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بھی اپیل کی کہ قوم کی بیٹی کی جلد از جلد رہائی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ ہم بار بار یہ بات صدرمملکت، وزیراعظم ، متعلقہ وزارتوں کو خطوط لکھ کراور میڈیا کے توسط سے سامنے لا چکے ہیں کہ عافیہ کی رہائی صرف ایک خط کے ذریعے ممکن تھی لیکن حکومت نے خط نہیںلکھا۔ اب حکومت ڈاکٹر شکیل آفریدی کو بلاوجہ رہا کررہی ہے۔ پاکستانی میڈیا، سیاسی جماعتیںاور پاک فوج اس کا نوٹس لیںاور حکومت کو اس طرح قومی غیرت کا سودا کرنے سے روکیں۔ ڈاکٹر فوزیہ نے مزید کہا کہ عوام 2018 ءکے انتخابات میں عافیہ کو وطن واپس لانے میںناکامی پر حکمرانوں کا احتساب کریں اور اب جو ان کے پاس ووٹ مانگنے آئے وہ ان سے سوال ضرور کریں کہ عافیہ کو واپس لانے کیلئے انہوں نے کیا کیا؟ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ اگر حکومت نے عافیہ کی واپسی کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا تو عافیہ موومنٹ عوامی تحریک شروع کردے گی۔

نیو یارک کے ہوائی اڈے پر مسلمان کمیونٹی کا دبنگ اقدام

نیویارک(این این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سات مسلمان اکثریتی ممالک پر سفری پابندیاں عائد کیے جانے کے حکم کی مزاحمت کے طور پر دو سو کے قریب امریکی مسلمانوں نے جے ایف کے ایئرپورٹ پر نماز ادا کی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی مسلمانوں میں صدر ٹرمپ کی جانب سے بعض مسلمان ممالک کے شہریوں کی امریکا آمد پر عارضی پابندی کے خلاف غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ تاہم جہاں امریکا میں مقیم تمام قومیتوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد صدارتی حکم کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں، وہاں امریکی مسلمان ہوائی اڈوں پر اجتماعی عبادت کرتے بھی دکھائی دیے۔ اس عمل کو بعض حلقے مسلمان مہاجرین کے ساتھ یک جہتی کے طور پر دیکھ رہے ہیں تو بعض، بالخصوص صدر ٹرمپ کے حامی، اسلامی انتہا پسندی کا ایک مظہر بھی قرار دے رے ہیں۔نیویارک میں مسلمان مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر صدر ٹرمپ نے اپنا فیصلہ واپس نہ لیا تو ملک گیر سطح پر مزاحمت سنگین ہو سکتی ہے۔مسلمانوں کی جانب سے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ پر نماز ادا کرنے کے دوران غیر مسلم امریکیوں نے نمازیوں کو اپنی پناہ میں لے کر بین المذاہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک مثالی قدم بھی اٹھایا۔اس مظاہرے کا انعقاد ’مسلم پیس کولیشن‘ یا مسلم امن اتحاد نے کیا تھا۔

92 سالہ بوڑھے کے ہاں بیٹی کی پیدائش

رملہ (ویب ڈیسک )92 سالہ فلسطینی شخص کے ہاں بچی کی پیدائش ۔ اولاد اللہ کی بڑی نعمت ہے مگر جب یہ عمر کے آخری حصے میں مل جائے تو کیا ہی کہنے ۔ ایسا ہی ایک فلسطینی کے ہاں ہوا جب 92 سالہ شخص کی حاملہ بیوی نے بیٹی کو جنم دیا ہے ۔