روٹی مانگنے پر بھارتی فوج نے اپنے ہی فوجی کو سزا سنا دی

جموں (خصوصی رپورٹ) بھارتی سرحدی فوج بی ایس ایف کی ہائی کمان نے فیس بک ویڈیو میں ناقص کھانوں کی شکایت اور افسروں کی کرپشن کا بھانڈا پھوڑنے والے فوجی کا تبادلہ کر دیا۔ تیج بہادر یادیو کو کنٹرول لائن پر راجوڑی سیکٹر سے ہٹا کر بطور سزا پونچھ
ہیڈکوارٹرز میں پلمبرنگ کی ڈیوٹی دی گئی ہے یعنی اب وہ نلکے ٹوٹیاں پائپ کھولے جوڑے گا اور فوجیوں کے بیت الخلاﺅں میں گھس کر خرابیاں دور کرے گا۔ واضح رہے کہ تیج بہادر یادیو نے گزشتہ روز اپنے فیس بک پیج پر کئی ویڈیوز اپ لوڈ کی تھیں جن میں اس نے دکھایا اور بتایا تھا کہ کنٹرول لائن پر شدید برفباری اور جما دینے والی سردی میں 12‘ 12 گھنٹے ڈیوٹی دینے والے فوجیوں کو ناشتے میں جلا ہوا پراٹھا اور آدھا کپ چائے ملتا ہے۔ دو چھوٹی چپاتیاں‘ دوپہر کو پانی جیسی پتلی اور بغیر مصالحوں والی دال کے ساتھ ملتی رات کو اکثر کھانے کے بغیر بھوکے پیٹ سونا پڑتا ہے۔ادھر بی ایس ایف اہلکار کی حمایت میں اس کی بیوی شرمیلا حکام کو دہائی دیتے ہوئے سامنے آ گئی۔ گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شرمیلا نے کہا کہ روٹی مانگ کر اس کے شوہر نے کیا غلط کیا اس نے ملک کا کوئی قانونی نہیں توڑا وہ وطن کیلئے شدید سردی میں خدمات انجام دے رہا ہے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔

مرد کے ہاں بچے کی پیدائشں….معاملہ کچھ اور ہی نکلا

لندن (خصوصی رپورٹ) برطانوی شہری ہیڈن کراس کے بارے میں توقع کی جا رہی ہے کہ وہ برطانیہ میں بچے کو جنم دینے والا پہلا ”مرد“ بن جائے گا۔ ہیڈن پیدائشی طور پر عورت ہے تاہم گزشتہ تین برس سے ایک مرد کے طور پر زندگی گزار رہا ہے اور عورت سے مکمل طور پر مرد بننے کیلئے ہارمون کے ذریعے علاج کا نصف دورانیہ بھی گزار چکا ہے تاہم سوشل میڈیا کے ذریعے نطفے کے حصول کے بعد 20سالہ کراس نے اپنی صنف کی تبدیلی کے عمل کو موخر کردیا ہے اور اس وقت امید سے ہے۔ بچے کی پیدائش کے بعد وہ اپنے نسوانی اعضاءآپریشن سے نکلوا کر مرد بننے کے عمل کی تکمیل کرنے کا خواہشمند ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ ایک بہت اچھا باپ ثابت ہو گا۔

اوباما نے امریکا میں مسلمانوں کے خلاف تعصب کی پالیسی کو مسترد کردیا

شکاگو: امریکی صدر براک اوباما نے نو منتخب صدر براک ڈونلڈ ٹرمپ کو بغیر نام لئے سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف تعصب کی پالیسی کو مسترد کرتا ہوں۔امریکی شہر شکاگو میں اپنا الوداعی خطاب کرتے ہوئے براک اوباما کا کہنا تھا کہ اپنے دور حکومت میں امریکا کی بہتری کے لئے بہت سے اقدامات کئے، تمام چیلنجوں کا ڈٹ کر سامنا کیا اور بہت سے مسائل کا حل نکالا لیکن اب بھی کئی مسائل حل طلب ہیں، اپنے دورمیں کیوبا کے ساتھ تعلقات بہتربنائے، نائن الیون کے ماسٹرمائنڈ کوہلاک کیا اورایران کے جوہری پروگرام کا معاملہ بغیر گولی چلےحل کیا، امریکا کو پہلے سے زیادہ محفوظ ملک بنایا جس کی بہترین مثال یہ ہے کہ گزشتہ 10 سالوں کے دوران کوئی دہشت گرد تنظیم امریکا میں کارروائی نہیں کرسکی۔ آج امریکا کی معیشت مضبوط ہے، عوام کو نوکریاں اور صحت کی سہولیات دستیاب ہیں۔براک اوباما نے کہا کہ امریکی مسلمانوں کے خلاف تنقید اور تعصب کی پالیسی کو مسترد کرتا ہوں، میرے نزدیک سب برابر ہیں اور دوسرے ممالک سے لوگ آئیں گے تو امریکا مضبوط اور ترقی یافتہ ہو گا، تارکین وطن کے بچوں کے لیے بھی سرمایہ کاری کرنا ہو گی، تارکین وطن کے بچوں پر توجہ نہ دی گئی تو یہ امریکی بچوں سے بھی زیادتی ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نسل پرستی نے ماضی میں امریکا کو تباہ کیا اور یہ مسئلہ آج بھی موجود ہے، تبدیلی تب آتی ہے جب عام آدمی اس کے لیے جدوجہد میں شامل ہو، سب کا مقصد ایک ہی ہو تو ملک آگے بڑھتا ہے اور جمہوریت کے ذریعے ہی ہم اتحاد قائم کر سکتے ہیں۔براک اوباما نے کہا کہ مسائل کا حل طویل اور دیرپا پالیسیوں میں ہے اور جمہوریت کی بہتری کے لیے سماجی رویوں کو بدلنا ہو گا، تبدیلی اسی وقت آتی ہے جب سب لوگ جمہوریت میں اپنا حصہ ملائیں، امیروں کو زیادہ ٹیکس دینا چاہیئے جبکہ کارپوریشنز پر ٹیکس بڑھانے سے فائدہ عوام تک پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ روس اورچین دنیا بھر میں کسی بھی معاملے پر ہمارامقابلہ نہیں کرسکتے۔ امریکی صدر اپنی اہلیہ براک اوباما کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے اور کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ایک اچھے دوست کی طرح میرا ساتھ دیا۔

ملک کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کو جواب دینا پڑے گا، وزیر اعظم

جہلم: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کو جواب دینا پڑے گا تاہم وہ جتنا روکتے رہیں ہم ملک کی خوش حالی کے لیے کام کرتے جائیں گے۔ کٹاس راج کے دورے کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جنہوں نے پہلے بھی کچھ نہیں وہ اب کیا کریں گے، سابقہ حکومتوں نے اندھیروں میں جھونک دیا تاہم نہ صرف انہیں جواب دینا پڑے گا بلکہ آج ترقی کا راستہ روکنے والوں کو بھی جواب دینا پڑے گا، وہ جتنا روکتے رہیں ہم رکنے والے نہیں ہم ملک کی خوش حالی اور بیروز گاری کے خاتمے کے لیے بھی کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج بیروزگاری اور پسماندگی بھی کم ہورہی ہے جب کہ لوڈشیڈنگ بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ کے پی کے میں بھی موٹروے ہم بنارہے ہیں کیونکہ نیا پاکستان بنانے والوں نے کچھ نہیں کیا سب ہم بنارہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تمام الہامی کتابوں اور انبیائے کرام کو ماننے تک ہم مسلمان نہیں کہلا سکتے، ہمارے صوفیا کرام نےانسان دوستی کادرس دیا تاہم کچھ لوگ اسلام کے نام پرمعلوم نہیں کیا کیا باتیں کرتے ہیں۔ کٹاس راج چاروں تہذیبوں کا سنگم ہے اور اس کی تہذیب 4 ہزار قبل مسیح کی ہے، مذہب سب کا اپنا اپنا مگرانسانیت مشترکہ اساس ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور تمام مذاہب کے لوگ مل کر کام کررہے ہیں، اکثریت اور اقلیت کو مساوی حقوق دینا ہمارا ایمان ہے۔

کراچی سرکلر ریلوے کی زمین پر تجاوزات سے متعلق رپورٹ طلب

کراچی[ویب ڈیسک] وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی سے سرکلر ریلوے کی زمینوں پر تجاوزات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ایک ہفتے بعد تجاوزات کو ہٹانے کا کام شروع کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
سندھ سیکریٹریٹ میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی سرکلر ریلوے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزیر ٹرانسپورٹ سندھ ناصر حسین شاہ اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے وزیراعلی سندھ کو بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈی ایس ریلوے نے بریفنگ میں بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی لمبائی 360 کلومیٹر ہے جس میں 67 کلومیٹر پر تجاوزات قائم ہیں اور اس دوران 5 ہزار 6 سو سے زائد مکانات گرانے پڑیں گے جب کہ ان مکانات کے علاوہ تقریباً 3 ہزار دیگر تعمیرات بھی ہیں۔ اورنگ نالے سے ناظم آباد تک ڈیڑھ ایکڑ جب کہ ناظم آباد سے لیاقت آباد تک ڈھائی ایکڑ سے زائد زمین پر قبضہ ہے، اس کے علاوہ لیاقت آباد سے گیلانی اسٹیشن گلشنِ اقبال تک سوا 3ایکڑ زمین اور جامعہ اردو سے کراچی یونیورسٹی تک سوا 4ایکڑ زمین پر قبضہ ہے۔اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے پر قائم تجاوزات کو ہرحال میں ہٹانا ہوگا، سپریم کورٹ نے بھی تجاوزات کے خاتمے کا حکم دیا ہے جب کہ کراچی سرکلر ریلوے کو سی پیک میں شامل کیا جا چکا ہےاور جوائنٹ کمیٹی نے 3 ماہ میں کراچی سرکلرریلوے کی فزیبلٹی مانگی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ تجاوزات کا معائنہ اور شہر کے تمام ڈپٹی کمشنرز سے اجلاس کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کمشنر کراچی سے سرکلر ریلوے کی زمینوں پر تجاوزات کی رپورٹ ایک ہفتے میں طلب کرلی۔وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے علاقوں سے تجاوزات کے خاتمے کا پلان بنائیں اور ایک ہفتے بعد تجاوزات کو ہٹانے کا کام شروع کروائیں۔

پاناما کیس کرپشن کے تابوت میں آخری کیل

لاہور{ویب ڈیسک}نعیم الحق کا کہنا ہے کہ پاناما کیس کرپشن کے تابوت میں آخری کیل ہے جب کہ امید ہے سپریم کورٹ جلد کیس کا فیصلہ سنائے گی۔سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق نے کہا کہ نعیم بخاری نے دلائل مستند طریقے سے ختم کیے اور تمام شواہد اور دستاویزات پیش کر دیے ہیں، پاناما کیس کرپشن کے تابوت میں آخری کیل ہے جب کہ امید ہے سپریم کورٹ جلد کیس کا فیصلہ سنائے گی اور وہ فیصلہ دے گی جس کا پوری قوم انتظار کررہی ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عدالت میں تمام شواہد اور دستاویزات پیش کردیں لہذا اب بار ثبوت وزیراعظم پر ہے، (ن) لیگ پھنس چکی ہے کیونکہ قطری شہزادے کو اپنی رجسٹریشن اور فلیٹس کی ملکیت ظاہر کرنا ہوگی لہذا اب سب کو پتہ چل جائے گا سچ کیا ہے جھوٹ کیا ہے۔

سپریم کورٹ کے حکم پر طیبہ پاکستان سویٹ ہومز منتقل

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج کے گھر تشدد کا نشانہ بننے والی بچی طیبہ کو پاکستان سویٹ ہومز منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے بچی کی ولدیت کے تمام دعویداروں کے بیانات قلمبند کرنے کا حکم دیا ہے۔
سپریم کورٹ میں طیبہ تشدد ازخود نوٹس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیشن جج کے گھر تشدد کا نشانہ بننے والی بچی اور اس کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ چیف جسٹس کا دوران سماعت کہنا تھا کہ بچی عدالتی ماحول سے گھبرائی ہوئی لگ رہی ہے۔
اس موقع پر طیبہ کے والد اعظم نے بھی عدالت میں اپنا ریکارڈ قلمبند کرایا، طیبہ کے والد کا کہنا تھا کہ اس کے 4 بچے ہیں جن میں طیبہ سب سے بڑی ہے، 14 اگست 2016 کو طیبہ کو ملازمت کے لئے پڑوسن ناردہ فیصل آباد لے گئی، نادرہ سے بچے کو کھلانے کیلئے 3 ہزار روپے معاوضہ طے پایا، پڑوسن نادرہ نے مجھے 18 ہزار روپے پیشگی ادا کئے لیکن بچی اسلام آباد لے جانے کا نہیں بتایا، نادرا نے بچی سے 2 بار بات کروائی اور جب بچی ملی تو جسم پر زخموں کے نشانات تھے۔چیف جسٹس نے اعظم سے استفسار کیا کہ جب آپ نے بچی کے جسم پر زخم دیکھے تو ان سے متعلق کس سے پوچھا جس پر اعظم نے بتایا کہ جب جج صاحب نے بچی میرے حوالے کی تو میں نے ان سے پوچھا کہ بچی کو یہ زخم کیسے لگے لیکن انہوں نے کچھ نہیں بتایا۔

پاناما کیس میں عمران خان کے وکیل نعیم بخاری کے دلائل مکمل

اسلام آباد: پاناما کیس میں عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے اپنے دلائل مکمل کرلیے ہیں جب کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اپنے دلائل میں موقف اختیارکیا ہے کہ قطری خط کی حیثیت ٹشو پیپر سے زیادہ نہیں کیونکہ یہ بیان حلفی کے بغیر اور سْنی سنائی باتوں پر مبنی ہے اور سنی سنائی بات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہوتی۔سپریم کورٹ میں پاناما کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے اپنے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ نوازشریف اور ان کے بچوں کےبیانات میں تضاد ہے، کمپنی کا بیریئر سرٹیفکیٹ پرائز بانڈ نہیں ہوتا کہ جس کے پاس ہو آف شور کمپنی اس کی ہوگی، قانون کے مطابق بیریئر سرٹیفکیٹ سے متعلق آگاہ کرنا ضروری ہے،قانون کے اطلاق سے فلیٹس کے ملکیت کی منتقلی تک بیریئر کا ریکارڈ دینا ہو گا۔ رجسٹریشن کے نئے قانون کا اطلاق سب پر ہوتا ہے، شریف خاندان کےبقول 2006 سےقبل بیریئر سرٹیفکیٹ قطری خاندان کے پاس تھے، اس لئے شریف خاندان کو بھی سرٹیفکیٹ کا قطری خاندان کے پاس ہونے کا ثبوت دینا ہوگا۔نعیم بخاری نے کہا کہ بلیک لاءڈکشنری کے مطابق زیرکفالت وہ ہوتا ہے جس کےاخراجات کوئی دوسرا شخص برداشت کرے، نوازشریف نے مریم کو کروڑوں روپے بطور تحفہ دیے، مریم نواز کے پاس آف شور کمپنیوں کے لیے پیسا نہیں تھا،آف شور کمپنیوں کے لیے مریم کو رقم نوازشریف نے دی۔ ہر شخص چاہتا ہے کہ اس کی بیٹی کی شادی کے بعد کفالت اس کا شوہر کرے جب کہ ریکارڈ کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی کوئی آمدن نہیں تھی۔جسٹس شیخ عظمت نے استفسار کیا کہ اگر آپ کی تعریف مان لیں تو کیا مریم حسین نواز کے زیر کفالت ہیں، ابھی بھی یہ تعین ہونا باقی ہے کہ فلیٹس کب خریدے گئے۔ آپ کے بقول شریف خاندان نے یہ فلیٹس 1993 اور 1996 کے درمیان خریدے جب کہ شریف فیملی کے بقول انھیں فلیٹس 2006 میں منتقل ہوئے، جسٹس اعجاز افضل نے سوال کیا کہ کیا والد کے ساتھ رہنے والا زیرکفالت ہوتا ہے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ یہ باتیں پہلے بھی ہو چکی ہیں کوئی نیا نکتہ بیان کریں۔عمران خان کے وکیل نے اپنے دلائل مکمل کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ ہم عدالت سے وزیراعظم کی نا اہلی کا فیصلہ چاہتے ہیں۔ جس پر جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ آپ نے عدالت کی بہترین معاونت کی ہے۔نعیم بخاری کے بعد عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اپنے دلائل میں کہا کہ وہ نعیم بخاری کی جانب سے دیئے گئے تمام دلائل سے متفق ہیں۔ میرا کوئی بچہ یا فیملی نہیں لیکن یہ قوم ہی میری فیملی ہے، یہ ایک خاندان بامقابلہ بیس کروڑ عوام کا کیس ہے، عدالت سب کچھ جانتی ہے ہم صرف معاونت کے لیے آتے ہیں، ایک طرف مریم کہتی ہیں کہ ان کی آمدن نہیں دوسری طرف وہ امیر ترین خاتون ہیں۔

برقع کی فروخت پر پابندی

رباط (نیٹ نیوز) غیر ملکی میڈیا کے مطابق مراکش کی حکومت نے ملک بھر میں برقع کی پروڈکشن اور فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ اقدام سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر اٹھایا گیا ہے۔ تاہم اس شمال افریقی ملک کے حکام کی جانب سے کوئی سرکاری اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔ رپورٹس ہیں کہ وزارت داخلہ کی جانب سے اس ہدایات پر عمل درآمد رواں ہفتے ہی شروع ہو جائے گا۔ غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراکشی حکومت کے ایک اعلیٰ اہلکار نے بتایا کہ برقع پر پابندی کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے، اب اس کی درآمد، مینوفیکچرنگ اور مارکیٹنگ پر مکمل پابندی ہو گی جس پر ہر صورت عملدرآمد کروایا جائے گا۔ یہ اقدام جرائم پر قابو اور سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر اٹھایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مراکشی خواتین میں حجاب اوڑھنے کا رجحان ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب برقع پر پابندی کے حوالے سے آگاہی مہم بھی شروع کر دی گئی ہے۔

سحرش خان نے خاندانی روایت کو برقرار رکھنے کیلئے 3فلمیں سائن کر لیں

لاہور(کلچرل رپورٹر)ماضی کے سپرسٹار سنتوش کماراور صبیحہ خانم کی نواسی سحرش خان خاندانی روایات برقرا رکھنے کے لئے بڑی سکرین کو ترجیح دے رہی ہیں جس کے بعد انہوں نے تین فلمیں سائن کرلی ہیں جبکہ انہیں مزیدفلموں میں کام کی پیشکش مل رہی ہیں۔سحرش خان کو سب سے پہلے ڈائریکٹرامین اقبال نے اپنی فلم”رہبرا“میں کاسٹ کیا ۔ اب سیدنورنے بھی سحرش خان کو اپنی نئی فلم”چین آئے نہ“میں کاسٹ کیا ہے ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اس کے علاوہ بھی سحرش خان کو ایک فلم میں کاسٹ کیا گیا جس کی تفصیلات جلد منظرعام پر لائی جائیں گی جبکہ انہیں کئی اور پروڈیوسرزنے بھی فلموں میں کام کے لئے رابطہ کیا ہے۔