سجاد علی کا گیت ریلیز ہوتے ہی یوٹیوب میں پہلے نمبر پر آگیا

کراچی (شوبز ڈیسک)معروف گلوکار سجاد علی نے اپنا نیا گانا ’ تماشہ‘ جاری کردیا جس میں ان کے ساتھ معروف پاکستانی نڑاد گلوکار بوہیمیا بھی اپنی آواز کا مخصوص جادو جگا رہے ہیں۔سجاد علی کا گانا جاری ہوتے ہی پاکستانی یوٹیوب پر پہلے نمبر پر آگیا۔ان کے ساتھ گانے میں موجود بوہیمیا اس سے قبل بھی اردو و پنجابی گانے گا چکے ہیں۔ اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سجاد علی نے لکھا کہ وہ بوہیمیا جیسے عاجز انسان کے ساتھ کام کر کے بہت خوش ہیں۔ انہوں نے ’تماشہ‘ میں اپنے رنگوں کا اضافہ کیا۔دوسری جانب بوہیمیا نے بھی سجاد علی کے ساتھ کام کرنے کو اپنے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیا۔سجاد علی معروف اداکار اور کرکٹر شفقت حسین ساجن کے بیٹے ہیں۔ وہ پاکستانی موسیقی کے افق پر 80 کی دہائی میں ابھر کر سامنے آئے اور 90 کی دہائی میں دنیا ان کے مشہور گانوں ’بے بیا‘ اور ’چیف صاحب‘ پر جھومتی رہی۔سجاد علی خود بھی شاعر، اداکار اور ہدایتکار ہیں اور وہ اپنے گانوں کی شاعری عموماً خود ہی لکھتے ہیں۔

نامور بھارتی اداکار اوم پوری چل بسے

ممبئی ( ویب ڈیسک ) بھارت کے معروف اداکار اوم پوری 66 برس کی عمر میں چل بسے۔بھارتی میڈیا کے مطابق معروف اداکار اوم پوری 66 برس کی عمر میں چل بسے۔ اوم پوری کی موت کی وجہ دل کا دورہ بتائی جا رہی ہے۔ اوم پوری کے قریبی دوست نے سوشل میڈیا پر بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار کی موت کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ اوم پوری کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔واضح رہے کہ اوم پوری متعدد بھارتی فلموں کے علاوہ پاکستانی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پرامن تعلقات کے حامی تھے جس کی وجہ سے انہیں ہندو انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے شدید تنقید کا بھی سامنا رہا جب کہ وہ کئی بار پاکستان کا دورہ بھی کر چکے تھے۔بھارتی اور پاکستانی فلموں کے علاوہ اوم پوری نے ہالی ووڈ اور برطانوی فلموں میں بھی کام کیا۔ اوم پوری نے اپنی شاندار اور منفرد اداکاری کے باعث بھارت کا چوتھا بڑا سویلین ایوارڈ پدما شری اپنے نام کیا جب کہ انہیں او بی ای ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

105 سالہ سائیکلسٹ نے نیا ریکارڈ قائم کردیا

ماسکو (این این آئی)105 سالہ فرانسیسی سائیکلسٹ رابرٹ مرچند نے 22.528 کلومیٹر کا ٹریک ایک گھنٹے میں طے کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔فرانس میں مقبول معمر سائیکلسٹ مرچند اپنی جرسی پر بھی 105 کا نمبر تحریر کیا ہوا تھا ¾ پیرس میں منعقدہ ریس میں شائقین نے ان کو خوب داد دی۔رابرٹ مرچند نے 2014 میں 102 سال کی عمر میں 26.927 کلومیٹر کا فاصلہ ایک گھنٹے میں طے کر کے ریکارڑ قائم کیا تھا تاہم وہ قریب آنے کے باوجود اپنے ریکارڈ کو بہتر نہ کرسکے۔ریس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میری توجہ اس طرف نہیں تھی کہ آخری دس منٹ رہ گئے ہیں اگر معلوم ہوتا تو میری رفتار تیز ہوتی اور میں بہتر کرتا۔ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ انسان کو پیدا ہونے کےلئے 9 مہینے درکار ہوتے ہیں لیکن زندگی کے خاتمے کے لیے صرف 30 سیکنڈز لگتے ہیں۔رابرٹ مرچند 1911 میں فرانس کے شمالی علاقے میں پیدا ہوئے اور 14 سال کی عمر میں سائیکل چلانا شروع کی تاہم 67 سال کی عمر میں سائیکلنگ کو سنجیدگی سے لیا اور مقابلوں میں حصہ لینا شروع کردیا۔معمر سائیکلسٹ نے اس مقابلے میں بہترین کارکردگی کےلئے 6 ماہ سے ٹریننگ کررہے تھے۔انھوں نے اس سے قبل سوسال کی عمر میں 2012 میں ایک سو کلومیٹر کے فاصلے کو چار گھنٹے 17 منٹ اور 27 سیکنڈز میں طے کر ریکارڈ قائم کیا تھا۔

پنجاب میں دہشتگردوں سہولت کاروں کیخلاف کریک ڈاﺅن کا فیصلہ

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل سردار طارق امان، چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید، انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا، سیکرٹری داخلہ پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان، سیکرٹری نیشنل سکیورٹی ڈویڑن شعیب احمد صدیقی اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ چار گھنٹے طویل اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبے سے دہشت گردی، عسکریت پسندی،انتہا4 پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی، عسکریت پسندی ،انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانیوالے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا گیا۔ اجلاس میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر پنجاب حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں وطن عزیز میں امن کیلئے قیمتی جانوں کے نذرانے پر پیش کرنیوالے پاک افواج کے افسروں و جوانوں، پنجاب پولیس کے افسروں واہلکاروں اور دیگر اداروں سے تعلق رکھنے والے افراد کی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی، عسکریت پسندی ،انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے مزید مربوط اور موثر اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو مالی معاونت فراہم کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈان ہو گا اور دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کو مالی معاونت کی فراہمی کی ہر قسم کے ذرائع بند کئے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جائے گا اور اشتعال انگیز تقاریر پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا،اسی طرح ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور سوشل میڈیا پر انتہاپسندی ، عسکریت پسندی اور فرقہ واریت پھیلانے والوں کے خلاف بھی سخت ترین کارروائی ہوگی۔ اجلاس میں پنجاب کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلی محمد شہبازشریف نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری بقا دہشت گردی کے خاتمے میں ہی مضمر ہے اور پوری قوم اس مقصد کے حصول کیلئے یکجا ہے۔نیشنل ایکشن پلان پاکستان میں امن کی ضمانت ہے۔سیاسی و عسکری قیادت کے متفقہ فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات کے باعث دہشت گردی اور فرقہ واریت کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال کامیابیوں کا ثمر انہی قربانیوں سے ممکن ہوا ہے اور آج پاکستان پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ اور پرامن بن چکا ہے۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف سے مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے بھی ملاقات کی۔اس موقع پر کور کمانڈر لاہورلیفٹیننٹ جنرل صادق علی بھی موجود تھے۔ملاقات میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت کیے جانے والے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے بورڈ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں اتھارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل اور دیگر امور کی منظوری دی گئی-وزیر اعلی شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری ادویات اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے -کسانوں کو معیاری زرعی ادویات کی فراہمی کے حوالے سے بھی یہ اتھارٹی موثر کردار ادا کرے گی-انہوں نے کہا کہ خوراک اور ادویات کے نام پر عوام کو زہر کھلانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور جعلی زرعی ادویات کے کاروبار کے ذریعے کسی کو کسانوں کا معاشی قتل نہیں کرنے دیں گے – صوبے سے جعلی ادویات اور ملاوٹ شدہ خوراک کی تیاری اور فروخت کے گھنا¶نے کاروبار کو جڑسے اکھاڑ پھینکیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج ےہاں وفاقی وزےر صنعت و پےداوار غلام مرتضیٰ خان جتوئی نے ملاقات کی ۔وزےراعلیٰ شہبازشرےف نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لےگ(ن) کی حکومت کی ٹھوس معاشی پالےسےوں کے باعث قومی معےشت مےں نماےاں بہتری آئی ہے۔تجارتی و معاشی سرگرمےوں اورسرماےہ کاری کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پےدا ہو رہے ہےں ۔انہوںنے کہا کہ گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران معاشی محاذ پر شاندار کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ عام آدمی کی زندگی میں خوشحالی لانے کے منصوبے تیزرفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔

سڈنی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی میچ پر گرفت مضبوط

سڈنی( ویب ڈیسک ) تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور پہلی اننگز میں 223 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد میزبان ٹیم کی میچ پر گرفت مظبوط ہو گئی ہے۔سڈنی ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا کی پاکستان کو فالو آن کرانے کے بجائے دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور کینگروز نے ایک وکٹ کے نقصان پر 143 رنز بنا لئے ہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے کیا، وانر نے ابتدا ہی سے جارحانہ بلے بازی جاری رکھی اور 23 گیندوں پر برق رفتار ففٹی مکمل کی، ڈیوڈ وانر 55 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر بولڈ ہوئے۔قبل ازیں چوتھے روز کا کھیل بھی بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا۔ آسٹریلیا کے 538 رنز کے جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 315 رنز پر ڈھیر ہو گئی جب کہ گرین کیپس کو کینگروز کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لئے مزید 223 رنز درکار تھے۔پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 271 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو پاکستان کو فالو آن سے بچنے کے لئے 67 رنز درکار تھے۔ یونس خان 136 جب کہ یاسر شاہ 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، یونس خان نے آسٹریلین بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے لیکن ٹیل اینڈرز سینئر بلے باز کا ساتھ نہ دے سکے۔ یاسر شاہ 10 رنز بنا کر سلپ میں کیچ دے بیٹھے اور اسی اوور میں عمران خان بھی کلیب بولڈ ہو گئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل ووڈ نے 4، ناتھن لیون نے 3 جب کہ مچل اسٹارک اور اسٹیو اوکیفے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔یاد رہے کہ میچ کے کینگروز نے اپنی پہلی اننگز 8 وکٹ پر 538 رنز بناکر اپنی اننگز ڈیکلیئر کردی تھی۔

حق سچ کی آواز گولیوں سے نہیں دبائی جا سکتی …. کشمیریوں کیساتھ ہیں

اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ‘نیوزایجنسیاں) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور شناخت کا لازمی جز ہے ¾کشمیریوں کومسئلہ کشمیر کے حتمی حل کا حصہ ہوناچاہیے , پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ¾کشمیریوں کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے ¾ہمسایوں کے ساتھ دوستانہ مراسم چاہتے ہیں تاہم مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں بہتری ممکن نہیں ,برہان وانی کی شہادت نے نوجوانوں میں نیاجوش اور ولولہ پیداکیاہے۔ کشمیر سے متعلق بین الاقوامی پارلیمانی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور شناخت ہے اور ہم کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور بین الاقوامی اداروں کی توجہ اس جانب مبذول کراتے رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری جس بہادری اور عزم کے ساتھ قابض افواج کا جواں مردی سے مقابلہ کر رہے ہیں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کشمیری نوجوان کشمیر کی تاریخ میں نیا باب رقم کر رہے ہیں، تحریک آزادی کے نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کی شہادت کشمیریوں کے لئے ایک مثال بن گئی ہے ¾وانی کی شہادت نے کشمیریوں میں ایک نیا ولولہ اور روح پھونک دی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 6، 7 ماہ سے جاری پرامن احتجاج کشمیریوں کی خواہش کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ وہ مقبوضہ فورسز سے آزادی چاہتے ہیں اور ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر خوشی اور غم میں ان کے ساتھ شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کشمیر کا معاملہ بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لے مختلف ممالک میں وفود بھیجے اور میں نے خود بھی کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اٹھایا۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کشمیر کو اس طرح جلتا نہیں دیکھ سکتے اور حق اور سچ کی آواز گولیوں سے نہیں دبائی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے اور کون نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق حل کرنا ہوگا۔دریں اثناء وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پرمسئلہ کشمیر اجاگر کرتا رہے گا۔ انہوںنے کہاکہ حال ہی میں ارکان پارلیمان کو بیرون ملک اپنے نمائندوں کے طور پر بھجوایاگیاتھاکہ تاکہ دنیا کو مقبوضہ کشمیر کی عوام کی حالت زار کے بارے میں آگاہ کیاجاسکے۔ آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان ، وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی تقریب میں موجود تھے جبکہ یورپ اور شمالی امریکہ سے کشمیر کے بارے میں دانشور بھی تقریب میں شریک تھے۔خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اکادمی ادبیات کے زیراہتمام چار روزہ ادبی کانفرنس کی افتتاحی نشست سے خطاب کررہے تھے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ادیب، شاعر، دانشور اور اہل قلم کسی بھی معاشرے کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں جب تک علم و ادب سے لگن رہی مسلمان سرخرو رہے۔ انہوں نے کہا کہ امن کے فروغ کے لیے ادیبوں اور دانشوروں کا اہم کردار ہے، اہل قلم و دانشور محبتوں کے سفیر ہوتے ہیں اور ان کی نظر آنے والے زمانے پر بھی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاعروں اور ادیبوں کی تحریریں دلوں کو گرماتی ہیں، اہل قلم خواب، ان پر عمل اور جدوجہد کا جذبہ دیتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خطے کی کئی قوموں نے علامہ اقبالؒ کے افکار کو مشعل راہ بنایا اور اپنی زندگیوں میں انقلاب پیدا کیا، علامہ اقبال نے قرارداد پاکستان سے 10 سال قبل موجودہ پاکستان کا خاکہ پیش کردیا تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا پختہ عزم ہے کہ ہم وطن عزیز کو دہشت گردی سے پاک کرکے امن و سکون کا گہوارہ بناکر دم لیں گے اور اس مشن کی تکمیل کےلئے معاشرے کے ہر طبقے خصوصاً میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے فروغ کےلئے سب سے کلیدی کردار ہمارے ادیبوں، شاعروں اور اہل علم و دانش کا ہے اور آپریشن ضرب عضب کے ساتھ ساتھ آپریشن ضرب قلم کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت قومی تاریخ اور ادبی ورثہ ڈویژن کیلئے 50 کروڑ روپے فنڈز قائم کرےگی ۔انہوں نے کہاکہ ہم فنکاروں کی قدر کرتے ہیں اور انہیں بے قدری کی موت نہیں مرنے دیں گے ۔دریں اثناءپاکستان اکادمی ادبیات کے چیئرمین ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو نے اسلام آباد میں ایک میڈیا بریفنگ میں کانفرنس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان اکادمی ادبیات نے ادب اور ثقافت کے فروغ کیلئے ملک کے بڑے شہروں میں متعدد پروگراموں کا اہتمام کیا ہے۔قبل ازیں وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی دانشمندانہ حکمت عملی اور ٹھوس پالیسیوں کی بدولت اقتصادی نمو میں نمایاں کامیابی ملی ہے جس کا اعتراف بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے بھی کیا ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو پاکستان کی برآمدات میں اضافے کیلئے حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری سٹاک مارکیٹوں میں غیر معمولی اضافے کا رجحان ظاہر ہے۔ افراط زر کی شرح میں کمی آئی ہے اور اب سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ برآمدات کے حوالے سے نشاندہی کردہ اہم ایشوز میں پاکستانی مصنوعات کے ساتھ مقابلہ کرنے والے مسابقانہ بین الاقوامی سپلائرز، برآمدات پر تقابلی مراعات جہاں دیگر معیشتیں زیادہ مراعات دے رہی ہیں اور ٹیکس نظام شامل ہیں۔ وزیراعظم کو ایگروپراسیسنگ کیلئے پلانٹ اور مشینری، ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن فنڈ، برینڈ اینڈ سرٹیفکیشن ڈویلپمنٹ، مصنوعات کی تیاری پر مراعات اور متعلقہ ٹیکسوں اور لیویز سے متعلق حکومت کی طرف سے فراہم کردہ معاون اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے فنانس ڈویژن، کامرس ڈویژن، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور سرمایہ کاری بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ اس صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس تجاویز پیش کریں۔ وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ یہ تجاویز کاروباری نمائندوں کی موجودگی میں آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں تاکہ کاروباری برادری کی آراءکو بھی یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر تجارت خرم دستگیر خان، وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل، وزیراعظم کے سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

آئی لینڈرزشکستوں کے سمندرمیں غرق

کیپ ٹاون (نیو زا یجنسیا ں ) کاگیسو ربادا نے دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکن ٹیم کی درگت بنا دی اور جنوبی افریقہ نے 282 رنز کے بڑے مارجن سے فتح سمیٹ کر سیریز میں بھی 0-2 سے حتمی برتری حاصل کرلی۔کیپ ٹاون ٹیسٹ کے چوتھے روز سری لنکا نے کامیابی کیلیے 507 رنز کے ورلڈ ریکارڈ ہدف کا تعاقب 130 رنز 4 وکٹ سے دوبارہ شروع کیا، مگر صرف 100 منٹ کے اندر پوری ٹیم آوٹ ہوگئی۔ آخری 6 وکٹوں کے دوران صرف 94 رنز بنے، دنیش چندیمل 30 رنز بناکر دن کے پہلے شکار ثابت ہوئے، ربادا کی گیند کو فضا میں اچھالنے کا نتیجہ شارٹ لیگ پر اسٹیفن کک کے کیچ کی صورت میں نکلا،نوان پردیپ (5) کو ورنون فلینڈر نے بولڈ کرکے میچ کا حریف ٹیم کے اسکور 224 پر اختتام کردیا۔ ہیراتھ 35 رنز پر ناٹ آو¿ٹ رہے۔اننگز میں 6 اور مجموعی طور پر 10 وکٹ لینے والے ربادا کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، فلینڈر نے دوسری باری میں تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

بھارت نے سرجیکل سٹرائیک کی تو منہ توڑ جواب دینے کو تیار ہیں

خضدار(نمائندہ خبریں، نیوز ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی آرمی چیف کی جانب سے سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی طرح کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہر وقت تیار ہے جب کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارت کے دوبارہ ممکنہ سرجیکل اسٹرائیک کوبھی مسترد کردیا اور ان کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف دعویٰ کرکے خود کو دھوکا دے رہے ہیں۔ اس سے قبل پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق خضدارمیں تقریب سے خطاب کے دوران آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے اور بلوچستان میں ہر قیمت پر امن قائم کریں گے، پاک فوج بلوچستان میں امن قائم کرنے کے لئے ہراقدامات کرے گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان میں 30 ہزارفوجی جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، بحریہ، فضائیہ سمیت دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں میں بھی بلوچستان کے نوجوانوں کو نمائندگی دی گئی ہے، بلوچستان میں 25 ہزار بچے ایف سی اور آرمی پبلک کے زیرانتظام تعلیم حاصل کررہے ہیں، کوئٹہ میں بھی انجنیئرنگ یونیورسٹی کا کیمپس بنایا جارہا ہے۔ آرمی چیف جنر ل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان اپنی جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے سب کی توجہ کا مرکز بناہوا ہے اور خطے کی اقتصادی ترقی میں اس کا کردار انتہائی اہم ہے، یہی وجہ ہے کہ ہمارے دشمن بلوچستان میں بے امنی اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں لیکن ہم نے ان کے سازشوں کو ناکام بنادیا، بلوچستان پاکستان کا دل ہے، صوبے میں ہر قیمت پر امن قائم کریں گے، گوادر بندرگاہ کی ترقی اور سی پیک منصوبوں کی تکمیل ہمارا قومی عزم ہے، وفاقی، صوبائی حکومتیں اور فوج صوبے میں امن واستحکام کےلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں، وعدہ ہے بلوچستان کے ہر علاقے کو ترقی دیں گے، کوئٹہ میں انجنیئرنگ یونیورسٹی کاکیمپس بنایا جا رہا ہے، نیوی، ایئرفورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بلوچستان کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔ وہ گزشتہ روز خضدار میں بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام منعقدہ سیمنار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان سردار ثنا اللہ خان زہری اور کمانڈر سدرن کمانڈ جنرل عامر ریاض بھی موجود تھے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان کی جغرافیائی اہمیت خطے میں ترقی کے حوالے سے بہت اہم ہے ، بلوچستان اپنی جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے سب کی توجہ کا مرکز بناہوا ہے اور خطے کی اقتصادی ترقی میں اس کا کردار انتہائی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہمارے دشمن بلوچستان میں بے امنی اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں لیکن ہم نے ان کے سازشوں کو ناکام بنادیا، آج کا بلوچستان مضبوط ، مستحکم اور بحالی کے راستے پر گامزن ہے ۔انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ کی ترقی اور سی پیک منصوبوں کی تکمیل ہمارا قومی عزم ہے ، وفاقی ،صوبائی حکومتیں اور فوج صوبے میں امن واستحکام کےلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں ۔ آرمی چیف نے کہا کہ خطے میں اقتصادی ترقی اور خوشحالی کےلئے توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ، مربوط رابطے علاقوں کو ہی نہیں بلکہ دلوں کو بھی جوڑتے ہیں ، بلوچستان میں جاری ترقیاتی سرگرمیاں اور مستقبل کی تجارت کی حفاظت کے لئے مقامی افراد کو آگے لانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج میں بلوچستان کے 20ہزار سپوت فرائض سرانجام دے رہے ہیں ، پاک فوج میں بلوچستان کے 603افسر اور232کیڈٹ تربیت حاصل کر رہے ہیں ، بلوچستان پاکستان کا دل ہے اور پاکستان کی ترقی بلوچستان سے جڑی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے،کوئٹہ میں بھی انجیئرنگ یونیورسٹی کاکیمپس بنایا جارہا ہے،بلوچستان میں 30ہزار فوجی جوان خدمات انجام دے رہے ہیں،نیوی اور ایئرفورس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں میں بلوچستان کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔بلوچستان میں 25ہزار بچے ایف سی اور آرمی پبلک کے زیر اہتمام تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔آرمی چیف نے کہاکہ بلوچستان میں ہر قیمت پر امن قائم کریں گے،وعدہ ہے کہ بلوچستان کے ہر علاقے کو ترقی دیں گے۔پاک فوج امن قائم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔آرمی چیف نے خاص طور پر تقریب میں شریک نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کا مستقبل ہیں، آپ کو پاکستان کو اس مقام تک پہچانے کی کوششوں کی قیادت کرنی ہے جس کا وہ حق دار ہے، لہذا چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہوجائیں، موقعوں سے فائدہ اٹھائیں اور ہم سب کا سر فخر سے بلند کردیں۔

اظہر آسٹریلین سرزمین پرکامیاب ترین پاکستانی کرکٹر

سڈنی (آئی این پی ) قومی ٹیم کے بلے بازاظہر علی کینگروزکے خلاف آسٹریلیا میں ایک ٹیسٹ سیریز کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے ۔اظہر علی پاکستان کی جانب سے آسٹریلیا میں ایک سیریز کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے محسن حسن خان کا تینتیس سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا۔ آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی مایوس کن ضرور ہے مگر اظہر علی کا بلا کینگروز کے دیس میں رنز اگل رہا ہے یہی وجہ ہے کہ اظہر علی نے تینتیس سال بعد آسٹریلیا کے میدانوں نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرلیا ہے انہوں نے یہ اعزاز سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں حاصل کیا۔مڈل آرڈر بلے باز کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی پانچ اننگز میں 395 رنز بنائے جس میں ایک ڈبل سینچری اور دو نصف سینچریاں شامل ہیں اس سے قبل یہ اعزاز محسن خان کے پاس تھا جنھوں نے انیس سو تیراسی کی سیریز میں تین سو نوے رنز اسکور کیے تھے۔

قطر سرمایہ کاری،لندن جائیدادکیسے بنی ,اب بتاناہوگا

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک) پانامالیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت کرنے والے سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ جلا وطنی کے بعد انہوں نے جدہ میں فیکٹری لگائی کیونکہ مشرف دور میں ان کے تمام کاروبار کو بند کر دیا گیا تھا۔ اگر یہی بات ہے تو فیکٹری لگانے کے پیسے کہاں سے آئے؟ا±نھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے مالیاتی مشیر نے کہا تھا اس بارے میں تمام ثبوت موجود ہیں اور ان کا ریکارڈ وزیراعظم کے وکیل کے پاس ہے لیکن عدالت میں اس ضمن میں کچھ بھی جمع نہیں کروایا گیا۔ پاناما کیس میں وزیر اعظم نواز شریف کے وکلا نے سپریم کورٹ کے روبرو تحریری عدالتی سوالات کے جواب جمع کرا دیئے۔ جمعرات کو سپریم کورٹ کے جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس گلزار احمد، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الحسن پر مشتمل پانچ رکنی بینچ نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹر سراج الحق، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد اور طارق اسد ایڈووکیٹ کی جانب سے وزیراعظم نوازشریف اور ان کے خاندان کے افراد کی آف شور کمپنیوں کی تحقیقات کے لئے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر وزیر اعظم کے وکلا کی جانب سے عدالتی سوالوں کا جواب جمع کرادیا گیا جس میں بتایا گیا کہ نوازشریف 25 اپریل 1981 سے 28 فروری 1985 تک پنجاب کے وزیر خزانہ ، 19 اپریل 1985 سے 30 مئی 1988 تک وزیر اعلیٰ پنجاب جبکہ 31 مئی 1988 سے 2 دسمبر 1988 تک نگران وزیر اعلیٰ رہے، نوازشریف6 نومبر 1990 سے 18 اپریل 1993 تک پہلی بار جب کہ دوسری بار 17 فروری 1997 سے 12 اکتوبر 1999 تک وزیر اعظم رہے، 12 اکتوبر1999 کے مارشل لاء کے بعد نوازشریف کو ہٹایا گیا اور 10 دسمبر 2000ء کو انہیں جلا وطن کیا گیا، نوازشریف تیسری مرتبہ 5 جون کو وزیراعظم بنے اور تاحال عہدے پر فائز ہیں۔سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نعیم بخاری نے اپنے دلائل میں کہا ہے کہ سرمایہ کاری کے بارے میں والد کچھ اور اولاد کچھ اور کہتی رہی، قطر میں سرمایہ کاری سے لگتا ہے نئی جائیدادیں خریدی گئیں، قطری خط مکمل طور پر فراڈ ہے، 2016 میں قطری شہزادہ 1980 کی یاد تازہ کر رہا ہے، وزیراعظم کے کسی بیان میں قطری خط کا کوئی ذکر نہیں، ساری جائیداد دادا سے ایک پوتے کو منتقل نہیں ہو سکتی جس پر جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی بات نوٹ کر لی ہے کہ رقم منتقلی کا ریکارڈ نہیں لیکن آپ کویہ بھی بتانا ہوگا کہ سرمایہ کاری قطر اور جائیداد لندن میں کیسی بنی۔ جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو ثابت کرنا ہو گا کہ ایسا لگتا ہے بارہ ملین درہم دو عشروں تک خرچ نہیں ہوئے، گلف اسٹیل کی فروخت کی رقم وزیر اعظم کے بینک اکاو¿نٹ میں رہی۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو ہمیں مشکل ہو گی۔جسٹس اعجاز افضل نے نعیم بخاری سے استفسار کیا کہ قطری شہزادے کا بیان سنی سنائی باتیں ہیں تو اسے بطور ثبوت کیوں استعمال کر رہے ہیں جس پر نعیم بخاری نے کہا کہ قطری شہزادے کا خط ہماری نہیں وزیر اعظم کی پیش کردہ دستاویز ہے، خط کو کارروائی سے نکال پھینکا جائے۔ نعیم بخاری کی استدعا پر جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ اس خط کو کیسے نکال پھینکیں کیونکہ وزیر اعظم کے بچوں کا انحصار اس پر ہے، یہ خط وزیراعظم کے بچوں کی تائید میں لکھا گیا ہے۔ اگر خط نکال دیا تو بچوں کے مو¿قف کی حیثیت کیا ہو گی، نعیم بخاری نے کہا کہ قطری شہزادوں کو نکال دیں تو ساری جائیداد شریف فیملی کی ہے، فلیٹ خریدتے وقت فلیٹ شریف فیملی کے تھے۔ بچوں کی جانب سے دیا گیا مو¿قف وزیر اعظم کے بیان کے متضاد ہے۔نعیم بخاری نے کہا کہ التوفیق کیس میں 34ملین ڈالر کیسے دیئے گئے یہ پیسے الثانی خاندان کو ادا کرنے چاہئے تھے جائیداد ان کی تھی۔ پی ٹی آئی کے وکیل نعیم بخاری نے قطری خط پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ قطری خط اور وزیراعظم کے بیانات میں تضاد ہے۔ جسٹس آصف کھوسہ نے کہا کہ قطری خط وزیراعظم کے بچوں کے مو¿قف کی تائید میں لکھا گیا خط نکال دیا تو وزیراعظم کے بچوں کے مو¿قف کی حیثیت کیا ہوگی۔ نعیم بخاری نے اپنے دلائل میں کہا کہ بچوں کی جانب سے لیا گیا موقف بچوں کے بیان سے متضاد ہے۔ جسٹس عظمت نے ایک بار کہا تھا کہ اخبار میں پکوڑے بکتے ہیں کئی بار اخبار کی خبر پر نوٹس اور کارروائی کی گئی۔ جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ سنی سنائی باتوں پر مشتمل ہے تو قانونی طور پر مو¿قف کی تردید کے لئے بھی استعمال نہیں ہوسکتا۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ صرف الزام کافی نہیں سماعت کی جاسکتی ہے حمتی نتیجہ اخذ نہیں کیا جاسکتا ہم اور آپ سب سچ جاننا چاہتے ہیں۔ نعیم بخاری نے اپنے دلائل میں کہا کہ تہہ در تہہ چھپائی گئی جائیدادوں کا ریکارڈ نکالنا مشکل ہوتا ہے۔ قرض ادائیگی کا شریف خاندان کے وکلاءبتائیں گے عدالتی حکم پر 34ملین ڈالر کا قرض ادا کیا گیا۔ جسٹس آصف کھوسہ نے استفسار کیا کہ کیا یہ ریکارڈ ہے کہ حسین نواز کب تک طالب علم رہے۔ نعیم بخاری نے کہا کہ ایسی کوئی معلومات دستیاب نہیں۔ نعیم بخاری نے کہا کہ حدیبیہ کے ڈائریکٹر میں میاں شریف‘ نواز شریف‘ شہباز شریف شامل ہیں جبکہ حمزہ شہباز ‘ شمیم اختر اور مریم نواز بھی ڈائریکٹرز میں شامل ہیں۔ مریم نواز وزیراعظم کی زیرکفالت تھیں اور ہیں۔ جسٹس اعجاز افضل نے کہا کہ پہلے زیر کفالت ہونے کی تعریف بھی کرنا ہو گی۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ عدالت کو کوئی عجلت نہیں تمام فریقین کو دلائل دینے کا موقع دینے کی کوشش کی جائے گی کہ سماعت کے حوالے سے تشنگی نہ رہے۔ مریم نواز کے وکیل شاہد حامد نے عدالت سے استدعا کی کہ کل سماعت نہ کی جائے پیر کو سماعت کی جائے جسے عدالت کی طرف سے مسترد کر دیا گیا۔ سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت (آج) جمعہ تک ملتوی کر دی۔ تحریک انصاف کے وکیل نعیم بخاری اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔