عابدہ پروین کا قوم کو گیت کی صورت میں نئے سال کا تحفہ

لاہور( شوبز ڈیسک)معروف صوفی گلوکارہ عابدہ پروین کے نئے سال کے گیت ”ملک ِخدا“ کو سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے ۔ گلوکارہ عابدہ پروین نے پاکستانی قوم کو گیت کی صورت میں نئے سال کا تحفہ دیا ہے ۔”ملک ِخدا“کا میوزک امانت علی نے ترتیب دیا جس میں فارسی اور اردو دونوں زبانوں کا استعمال کیا گیا۔امر اشرف کی فلمائی جانے والی اس ویڈیو کی ہدایات اطہر اور بلال نے دی ہیں۔ویڈیو میں پاکستان کی جنوب سے شمال تک کی خوبصورتی کو پیش کیا گیا۔ویڈیو اطہر بلال نے اپنے فیس بک پر بھی شیئر کی جسے شائقین کی طرف سے بیحد پذیرائی مل رہی ہے ۔

” جنگ“میں زاراشیخ آئٹم گرل کے طور پر کاسٹ

لاہور(کلچرل رپورٹر) ڈائریکٹر عدیل پی کے اپنی فلم”جنگ“تیزی سے مکمل کرنے میں مصروف ہیں جس کی شوٹنگ نوے فیصد سے زائد مکمل ہوگئی ہے۔عدیل پی کے فلمی صنعت اور شائقین کو سرپرائز دینے کے لئے اپنی اس فلم میں اداکارہ زاراشیخ کو آئٹم گرل کے طور پر کاسٹ کیا ہے جنہوں نے آئٹم سانگ کےساتھ ساتھ ایک چھوٹاساکرداربھی اداکیا ہے۔اس فلم کی زیادہ تر شوٹنگ اندورن لاہورکی گئی جبکہ اب اس کا ایک سپیل کراچی میں کیا جائے گا۔ عدیل پی کے کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم”جنگ“میں عمران بخاری لیڈ رول کررہے ہیں ۔جبکہ دیگرکاسٹ میں شازیہ شاہ،سفیر،مصطفےٰ کاظمی اور صائمہ سلیم شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ عدیل پی کے اس فلم کو جلد ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ زاراشیخ پر پکچرائز ہونےو الے آئٹم سانگ کی شوٹنگ بھی چندروزپہلے مکمل کرلی گئی ہے۔

کنگنارناوت نے 2017میں شادی کرنے کا اعلان کردیا

ممبئی(شوبز ڈیسک) فلم گینگسٹر سے شہرت کی بلدیوں کو چھونے والی بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے بھی 2017میں شادی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ 2017میں شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔انہوںنے کہا کہ وہ نئے سال کی آمد پر ایک نئی شروعات کرنا چاہتی ہوں ۔ انہوںنے کہا کہ جو خط انھوں نے بالی ووڈ اداکار ہیرتک روشن کو لکھے، انھیں بری طرح دنیا کے سامنے بے نقاب کیا گیا۔ اس وقت میں اپنے آپ کو پوری دنیا کے سامنے برہنہ محسوس کر رہی تھی اور اس کی وجہ سے میں راتوں کو روتی بھی تھی۔

ندیم، شبنم نے دلوں پرراج کیا، اس کی مثال نہیں ملتی

لاہور(شوبز ڈیسک) اداکارہ وماڈل سارہ لورین نے کہا ہے کہ فنکاروں کی اکثریت کی اپنے کام سے زیادہ غیرسنجیدہ سرگرمیوں میں مصروف ہے،پاکستان فلم اورسینما انڈسٹری کی ترقی کے لیے ایسے لوگوں کی اشد ضرورت ہے، جواپنے کام سے عشق کرتے ہوں۔ فلمسازی کوصرف پیسہ کمانے اورشہرت پانے کا ذریعہ ماننے والے وہ مقام نہیں پاتے، جوعاشقوں کوملتا ہے عشق کی بھٹی میں جلنے والے ہی ہیرے کی طرح چمکتے ہیں۔ سارہ لورین نے کہا کہ فلم انڈسٹری سے بے لوث محبت، پیار اور چاہت رکھنے والے لوگ ماضی میں تھے ، اسی لیے توپاکستانی فلم اورسینما کے شعبے کوقدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔ خصوصا لیجنڈ فنکاروں سنتوش، درپن، محمد علی، وحید مراد، ندیم، شبنم، زیبا ، شمیم آرا اورصبیحہ خانم سمیت دیگرفنکاروں نے جس طرح سے لوگوں کے دلوں پرراج کیا، اس کی ایک بھی مثال موجودہ دورمیں نہیں ملتی۔ ان عظیم فنکاروں نے ایک طرف تواپنے کام سے عشق کیا اورمختلف کرداروں میں حقیقت کے رنگ بڑی مہارت کے ساتھ بھرے ، جن کولوگ آج بھی یاد کرتے ہیں۔ یہ عظیم فنکارجب کسی پروگرام میں شرکت کے لیے جاتے توان کی ایک جھلک دیکھنے والوں کاہجوم لگ جاتا جب کہ آج ایسی مثالیں نہیں ملتیں۔ادکارہ کا کہنا تھا کہ میں سمجھتی ہوں کہ اس کی بڑی وجہ فنکاروں کی اکثریت کی اپنے کام سے زیادہ غیرسنجیدہ سرگرمیوں میں مصروفیت ہے۔ اگر ایسے لوگوں کوکام کے لیے تلاش کیا جائے جواپنے کام کی عزت کرتے ہوں اور اس کے ذریعے اپنی منفرد پہچان بنانے کاعزم رکھتے ہوں، وہی لوگ پاکستانی فلم کی ترقی اوربحالی میں اہم کردارادا کرسکتے ہیں۔ نام، شہرت اوردولت کما کردوسرے پروفیشنز میں سرمایہ کاری کرنے والے پروڈیوسر اور فنکار پہلے بھی فلم انڈسٹری کی تباہی کے ذمے دار تھے اوراگرآج بھی ایسا ہی ہوا توپھرحالات جوں کے توں رہیں گے۔

عامرکی واپسی میں مسائل کی نشاندہی کردی تھی

کراچی(سپورٹس ڈیسک)سابق چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم ہارون رشید نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے سلیکشن کمیٹی جسے بھی سلیکٹ کرتی وقاراسے رد کردیتے تھے، سمیع اسلم اور مختار احمد کو بھی مسترد کر دیا تھا۔ سابق چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم ہارون رشید نے کہا ہے کہ کسی کپتان نے کسی کھلاڑی کو منتخب کرنے کےلیے زور نہیں دیا،کھلاڑیوں کو پرفارمنس کی بنیاد پر ہی منتخب کیا گیا،پہلی بار بورڈ کو سلیکشن پالیسی بناکردی،ہم اوپنرز ڈھونڈ رہے تھے،خرم منظور کے پاس تجربہ تھا۔انہوں نے کہا ہے کہ سلیکشن کمیٹی جسے بھی سلیکٹ کرتی وقاراسے رد کردیتے تھے،وقار یونس نے سمیع اسلم اور مختار احمد کو بھی مسترد کر دیا تھا،وقاریونس نوجوان کھلاڑیوں کو ساتھ لےکرچلناچاہتے تھے،جوذمے داری دی جاتی ہے اسے بطریق احسن پوری کرتا ہوں،مجھے صفائی میں کسی سے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ مجھے چیرمین سمیت کسی نے کسی کی سلیکشن کا نہیں کہا،16اہم کھلاڑی نیشنل اوردیگر ممالک کی لیگزکھیلنے چلے جاتے ہیں،عامر کو 6ماہ تک ڈومیسٹک کرکٹ میں دیکھتے رہے،محمدعامرکی واپسی میں پریشانیوں کی نشاندہی کردی تھی۔

رافیل نڈال نے چوتھی مرتبہ مبادلہ ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ ٹائٹل جیت لیا

ابوظہبی (بی این پی ) اسپین کے ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے چوتھی مرتبہ مبادلہ ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔ ایونٹ کے دفاعی چیمپئن کھلاڑی نے گزشتہ روز فیصلہ کن معرکے میں بلجیم کے ڈیوڈ گوفن کو چھ ،چار اور سات ، چھ سے قابو کرکے خوبصورت ٹرافی کو اپنے شوکیس کی زینت بنالیا۔ انجری مسائل کے باعث سیزن دوہزار سولہ کو اکتوبر میں ختم کر کے بائیں کلائی کی چوٹ اوردیگر انجری مسائل پر مکمل توجہ دینے والے رافیل نڈال نے حالیہ ٹورنامنٹ میں عمدگی سے کم بیک کیا اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں تھامس برڈیخ اور ٹاپ فور میچ میں مائیلوس رونیک کو ٹھکانے لگا کر پانچویں مرتبہ فائنل میں جگہ بنائی اور فائنل میں بھی سرخرو ہوئے۔

سین ایبٹ نے بگ بیش تاریخ میں بہترین باﺅلنگ کا ریکارڈ قائم کر دیا

ایڈیلیڈ (اے پی پی) سڈنی سکسرز کے فاسٹ باﺅلر شان ایبٹ نے بگ بیش ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ کی تاریخ میں بہترین باﺅلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا، ایبٹ نے 16 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیکر یہ سنگ میل عبور کیا، انہوں نے بگ بیش میں بہترین باﺅلنگ کا نیتھن لیون کا ریکارڈ توڑ دیا ۔جنہوں نے 2015ءمیں منعقدہ بگ بیش کے ایک میچ میں 23 رنز دے کر 5 وکٹیں لی تھیں۔ ہفتہ کو ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں شان ایبٹ نے انتہائی تباہ کن باﺅلنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 4 اوورز میں 16 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جو کہ بگ بیش تاریخ میں بہترین باﺅلنگ کا نیا ریکارڈ ہے۔

ٹیم میں اپنا نام نہ پاکر مجھے حیرت کا شدید دھچکا لگا

کراچی(آئی این پی) وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے پر دل برداشتہ ہوگئے۔وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے پر حیرانگی ظاہر کی ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں کامران اکمل نے کہا ہے کہ ٹیم میں اپنا نام نہ پاکر مجھے حیرت کا شدید دھچکا لگا، پی سی بی نے آسٹریلوی ویزے کیلیے مجھ سے میرا پاسپورٹ لیا تھا اسی وجہ سے مجھے اپنے منتخب ہونے کی پوری امید تھی مگر سلیکٹرزکی جانب سے نظر انداز کردیے جانے پر میرا دل ٹوٹ گیا ہے۔کامران اکمل کا کہنا تھا کہ ایک پلیئر صرف پرفارمنس کی بنیاد پر ہی ٹیم میں شامل ہونے کی کوشش کرسکتا ہے، میں نے ڈومیسٹک سیزن کے تمام فارمیٹس میں اچھا کھیل پیش کیا، اب میں سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ مجھے ٹیم میں آنے کیلیے اور کیا کرنا ہوگا؟

ترکی میں حملہ, وزیراعظم کا ترک عوام کے نام بڑا پیغا م سامنے آگیا

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم نوازشریف نے ترکی کے شہر استنبول کے نائٹ کلب میں دہشتگرد وں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیااور کہا ہے کہ دہشت گردی ہماری مشترکہ دشمن ہے اور پوری دنیا کو مل کر اس کے خلاف لڑنا ہوگا۔وزیراعظم نواز شریف نے ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دکھ اور مشکل کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم اور حکومت ترک حکومت اور وہاں کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، فائرنگ کے واقعہ میں مرنے والوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں جب کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے پاکستان کو بھی بے ناہ جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا،تاہم پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اقدامات جاری رکھے گا۔ دہشت گردی ہماری مشترکہ دشمن ہے اور اس ناسور سے نجات حاصل کرنے کے لئے پوری دنیا کو مل کر لڑنا ہوگا۔

رکی پونٹنگ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ مقرر

سڈنی (اے پی پی) کرکٹ آسٹریلیا نے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز رکی پونٹنگ کو سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز کےلئے ٹیم کا اسسٹنٹ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ وہ جسٹن لینگر اور جیسن گلیسپی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے گزشتہ ہفتے سابق فاسٹ باﺅلر جیسن گلیسپی کی خدمات حاصل کی تھیں۔ آسٹریلیا اور سری لنکا کے مابین ٹی 20 سیریز فروری میں کھیلی جائے گی۔