نیشنل ٹی 20 میں لاہور وائٹس کی دوسری فتح

راولپنڈی (نیوزایجنسیاں) قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ کپ میں لاہور وائٹس نے فاٹا کو 41 رنز سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کر لی، فاٹا کی ٹیم 213 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 172 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، کپتان حماد اعظم کی نصف سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، لاہور وائٹس کے کپتان سلمان بٹ 74 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، کامران اکمل کو 29 گیندوں پر 63 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔بلے بازنے نیشنل ٹی 20کی تاریخ کی تیسرءتیزترین نصف سنچری کااعزازبھی نام کیا۔عمران نذیرکو 17گیندوں پرنصف سنچری بنانے کااعزازحاصل ہے۔ دوسرے میچ میں کراچی وائٹس نے راولپنڈی کو14 رنزسے زیرکیا۔کراچی وائٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے6 وکٹوں پر178رنزبنائے ۔ اسدشفیق 72 رنزکیساتھ نمایاں رہے۔جواب میں راولپنڈی کی ٹیم 9وکٹوں پر164رنزبناسکی۔انورعلی نے4وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری قومی ٹی ٹونٹی کپ میں جمعہ کو کھیلے گئے 13 ویں میچ میں لاہور وائٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 213 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، کامران اکمل نے کپتان سلمان بٹ کے ساتھ مل کر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو 94 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، کامران کمل نے 29 گیندوں پر 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 63 رنز کی اننگز کھیلی، سمیع اسلم 11 اور عمر اکمل ایک رن بنا کر چلتے بنے، اس کے بعد عامر یامین نے کپتان بٹ کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور چوتھی وکٹ میں 75 قیمتی رنز جوڑ کر سکور 203 تک پہنچا دیا، عامر یامین 26 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، سلمان بٹ نے 74 رنز بنائے اور ناٹ آﺅٹ رہے، سہیل اختر نے 2، حماد اعظم اور اوسامہ میر نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں فاٹا کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 18.3 اوورز میں 172 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، حماد اعظم کی 50 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آئی، مختار احمد 30، نوید ملک 13، اویس ضیاء9، خوشدل شاہ 16، سہیل اختر 18، آصف آفریدی 14، اوسامہ میر 2، محمد عرفان ٹو صفر اور ثمین گل 2 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔، وہاب ریاض نے 3 جبکہ بلال آصف اور امید آصف نے دو، دو، عماد بٹ نے ایک وکٹ لی۔

یوتھ ایشیا کپ: نیپال کے ارمانوں کا بھی خون

کوالالمپور (اے پی پی) مجیب زدران کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت افغانستان نے نیپال کو شکست دے کر اے سی سی انڈر 19 یوتھ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی، افغانستانی ٹیم کو ایونٹ کے فائنل میں (کل) اتوار کو پاکستان کا چیلنج درپیش ہو گا، افغانستانی ٹیم نے 104 رنز کا آسان ہدف 21 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، رحمان گل نے 71 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، افغانستان کے مجیب نے 28 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کر کے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جمعہ کو کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں افغانستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان نوین الحق نے ٹاس جیت کر پہلے نیپال انڈر 19 کو بیٹنگ کی دعوت دی تو باﺅلرز نے غیرمعمولی باﺅلنگ کا مظاہرہ کر کے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کر دیا، نیپال کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 28 اوورز میں 103 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، انیل سا کے سوا نیپال کا کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، انیل 50 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 10 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، مجیب نے تباہ کن باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، قیاس احمد نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں افغانستان انڈر 19 ٹیم نے مطلوبہ ہدف 21 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، رحمان گل نے 71 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔

حسن علی بی پی ایل میں شرکت کیلئے ڈھاکہ روانہ ہو گئے

لاہور(آئی این پی)قومی کرکٹر حسن علی بنگلہ دیش پریمئیر لیگ میں شرکت کے لیے ڈھاکہ روانہ ہوگئے ۔ بی پی ایل میں حسن علی کومیلا وکٹورینز کی نمائندگی کریں گے ۔قومی فاسٹ بالر حسن علی نے ٹوئٹر کے ذریعے بنگلا دیش جانے کی اطلاع دی ۔بنگلا دیش پریمئیر لیگ میں حسن علی کومیلا وکٹورینز کی نمائندگی کریں گے۔ پی سی بی نے کرکٹرز کو 13 دسمبر تک کے این او سی جاری کیے ہیں ۔ پی بی ایل میں شرکت کے باعث حسن علی نیشنل ٹی ٹوئنٹی کا ایک ہی میچ کھیل سکے ۔جس میں انہوں شاندار بلے بازی کی ۔ انہوں نے 19 گیندوں پر 30 رنز اسکور کیے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ ان کی ٹیم کو اس وقت ان رنز کی ضرورت تھی۔

 

قومی ٹی 20 میں شعیب ملک کا ہٹ وکٹ آؤٹ ہونا موضوع بحث بن گیا

راولپنڈی(آئی این پی)تجربہ کار آل راﺅنڈر شعیب ملک کا ہٹ وکٹ آﺅٹ ہونا موضوع بحث بن گیا۔پشاور کیخلاف قومی ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران مشکلات میں گھری اسلام آباد ٹیم شعیب ملک کی جانب سے بڑی اننگزکی توقع کررہی تھی لیکن کاشف بھٹی کی ایک گیند کو پیچھے ہٹ کر کھیلتے ہوئے وہ ہٹ وکٹ آﺅٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔واضح رہے کہ تجربہ کار کھلاڑی کا اس انداز میں آﺅٹ ہونا سوشل میڈیا پر بھی موضوع بحث بنا رہا۔

آفریدی نے بنگلہ دیش کو اپنا دوسرا گھر قرار دیدیا

ڈھاکا (بی این پی) پاکستانی آل راو¿نڈر شاہد آفریدی نے بنگلہ دیش کو اپنا دوسرا گھر قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مداحوں کی بڑی تعداد کے باعث وہ اس سرزمین کو بھی اپنا سمجھتے ہیں جہاں کھانے بھی یکساں ہیں اور جب بھی وہ یہاں آئے کھیل سے بھرپور لطف اٹھایا۔یاد رہے کہ وہ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں ڈھاکا ڈائنا مائٹس کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ تقریباً ہر کھلاڑی کھیل کا آغاز گلی کرکٹ سے ہی کرتا ہے۔

 

میں ہمت نہیں ہاروں گا، دوبارہ محنت کر کے کم بیک کروں گا، حفیظ

لاہور(آئی این پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں بالنگ پر پابندی عائد ہونے کے بعد پروفیسر میدان میں آ گئے ہیں اور ایسا بیان جاری کیا ہے کہ آپ بھی داد دینے پر مجبور ہو جائیں گے۔ محمد حفیظ نے بالنگ ایکشن پر محنت کرنے اور دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں بالنگ کرانے کے عزم کا اظہار کیا۔ آئی سی سی کی جانب سے بالنگ ایکشن کی رپورٹ کے بارے میں جان کر افسوس ہوا۔ اس سے میرا عزم نہیں ٹوٹے گا اور میں ہمت نہیں ہاروں گا، بالنگ ایکشن تبدیل کرنے کیلئے بہت محنت کی تھی، لیکن اب میں اور بھی محنت کروں گا تاکہ اپنے ملک کی خدمت کر سکوں۔

 

فواد کو اپنین بیٹنگ میں جارحانہ پن لانا ہو گا، مکی

لاہور(نیوز ایجنسیاں) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ فواد عالم کو سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے کے لیے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے۔نجی چینل کو ایک انٹرویو میں مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ فواد عالم کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں طلب کیا گیا تھا جہاں سلیکٹرز کو موقع ملا کہ ‘ان کی تیکنیک اور اسٹروک کو جانچیں اور دیکھا جائے کہ وہ زیادہ باو¿نڈریز کیسے حاصل کرتے ہیں’۔قومی ٹیم میں طویل عرصے سے جگہ بنانے میں ناکام بلے باز نے ڈومیسٹک کرکٹ میں 40 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں تاہم ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ فواد عالم کو رنز بناتے رہنے کی ضرورت ہے اور ٹیم میں منتخب ہونے کے لیے ‘زیادہ باو¿نڈریز لگانے کی بھی ضرورت ہے ‘ ۔انھوں نے کہا کہ ‘فواد عالم کی این سی اے میں موجودگی اچھا موقع تھا جہاں ہمیں طویل طرز کے لیے ان کی فٹنس کے حوالے سے جاننے کا موقع ملا’۔مکی آرتھر نے زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ‘ہر کھلاڑی انفرادی طور پر اپنی کارکردگی کو بہتر بنائے۔۔انھوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کو ٹی ٹوئنٹی میں آئی سی سی کی درجہ بندی میں سرفہرست پوزیشن حاصل کرنے کے بعد اپنی توجہ کھیل پر ہی مرکوز رکھنے کی ہدایت کی۔ہیڈکوچ کا کہنا تھا کہ ‘ہماری ٹی ٹوئنٹی ٹیم بہترین کھیل کا مظاہرہ کررہی ہے اور میرے خیال میں ہماری ایک روزہ ٹیم بھی بہتر ہے تاہم اب ہمیں ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پھر سے سرفہرست آنے کی ضرورت ہے’۔یاد رہے کہ مصباح الحق کی قیادت میں قومی ٹیم نے گزشتہ سال درجہ بندی میں تاریخ میں پہلی مرتبہ سرفہرست پوزیشن حاصل کی تھی تاہم مصباح الحق اور مایہ ناز بلے باز یونس خان کی کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد قومی ٹیم گزشتہ ماہ سری لنکا سے سیریز میں شکست کے نتیجے میں ساتویں پوزیشن پر چلی گئی۔فاسٹ باو¿لر سہیل خان پر بات کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ سہیل خان جو کررہے ہیں وہ قابل تعریف ہے تاہم وہ ایک دہائی پرانے ہیں۔

ایک اور خاتون نے بش سینیئر پر دست درازی کا الزام لگا دیا

نیویارک: (ویب ڈیسک) سابق امریکی صدر بش سینئر پر ایک اور خاتون نے دست درازی کا الزام لگا دیا۔ روسلین نامی خاتون کے مطابق وہ 16برس کی تھی جب اس نے اپنی والدہ کے ہمراہ سابق صدر بش سینئر کیساتھ تصویر بنوائی، اس وقت بش سینئر نے اس کی پیٹھ ٹٹولنے کی کوشش کی۔ روسلین چھٹی خاتون ہیں جس نے بش سینئر پر نامناسب انداز میں چھونے کا الزام لگایا ہے۔ روسلین کے مطابق واقعہ کے وقت بش سینئر کی عمر 79 برس تھی۔

سعد الحریری نے فرانس جانے کی دعوت قبول کر لی

ریاض : ( ویب ڈیسک ) فرانسیسی وزیر خارجہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مستعفی لبنانی وزیر اعظم سعد الحریری نے فرانس آنے کی دعوت قبول کرلی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق فرانسیسی وزیر خارجہ نے اپنے دورہ ریاض کے دوران اس خبر کی تصدیق کی ہے۔ واضح رہے کہ لبنانی وزیراعظم سعد الحریری نے 4 نومبر کو اپنی زندگی کو خطرہ ہونے کی وجہ بتا کر استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا، وہ اس وقت سے تاحال سعودی عرب میں مقیم ہیں۔اس سے پہلے افواہیں گردش کررہی تھیں کہ حریری کو مستعفی ہونے پر سعودی عرب نے مجبور کیا ہے اور وہ سعودی عرب میں گرفتارہیں۔

سعودی عرب نے جرمنی سے اپنا سفیر واپس بلا لیا

ریاض : سعودی عرب (ویب ڈیسک) نے جرمنی کے دارالحکومت برلن میں تعینات اپنے سفیر کو واپس بلالیا ہے۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے جرمن وزیر خارجہ کے لبنان سے متعلق متنازع بیان پر احتجاج کرتے ہوئے یہ اقدام اٹھایا ہے۔جرمن وزیر خارجہ نے اپنے متنازع بیان کہا تھا کہ سعودی عرب نے لبنان کے سابق وزیر اعظم سعد الحریری کو ان کی مرضی کے خلاف ریاض میں روک کر رکھا ہے۔