مظفرآباد،راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) آزادکشمیر میں ایل او سی پر بھارتی فوج کی جارحیت جاری ہے۔ گزشتہ روز بھی چری سیکٹر میں گولہ باری کر کے 2 شہری شہید کر دیئے۔ پاک فوج کے منہ توڑ جواب پر بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں جبکہ پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کر کے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔ احتجاجی مراسلے میں نئی دہلی سے چڑی کوٹ اور نیز اپیر میں بھارتی اشتعال انگیزی پر شدید احتجاج کیا گیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بھارت مسلسل لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ نئی دہلی جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے اور بھارتی اشتعال انگیزی انسانی اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو پاکستان کی جانب سے احتجاجی مراسلہ ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے دیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے رواںسال 1300 سے زائد مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باﺅنڈری کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں 52 شہری شہید اور 170 افراد زخمی ہوئے۔ مراسلے میں مزید کہا گیا کہ بھارتی حکومت 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے اور ایل او سی پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے گریز کرے۔ خیال رہے کہ چری کوٹ سیکٹر میں بھارتی گولہ باری سے دو شہری شہید ہوئے تھے۔