روہنگیا کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیاں

لاہور (خصوصی رپورٹ)روہنگیا مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے،چمن، ڈیرہ بگٹی، نوشکی، کوئٹہ، پختونخوا سمیت ملک کے دیگر شہروں کے عوام نے روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم بند کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق میانمار میں حکومتی سرپرستی میں روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کراچی ڈویژن کی جانب سے پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مظاہرین نے دوری طور پر مظالم بند کروانے اور سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے زیر اہتمام کچہری چوک پر شدید احتجاج کیا گیا،چمن میں جمعیت علما اسلام(ف)کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی اور شرکا نے شہر کی مختلف شاہراہوں پر گشت کیا،ڈیرہ بگٹی میں بھی ضلعی امیر جے یو آئی (ف)کی قیادت میں شہید بوگرا کالونی سے بگٹی کالونی تک ریلی نکالی گئی جب کہ نوشکی میں بھی روہنگیا مسلمانوں کے حق میں مظاہرہ ہوا۔خیبرپختونخوا میں بھی میانمار میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رہا، کوہاٹ میں جے یو آئی (ف) کے زیر اہتمام انڈس ہائی وے پر لاچی کے قریب احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔بنوں میں جماعت اسلامی کی جانب سے پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا گیا جب کہ لکی مروت میں بھی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔

سابق وزیر کے چارج سنبھالتے ہی المناک واقعہ سوالیہ نشان

لاہور (خصوصی رپورٹ)سابق آئی جی پنجاب اور شریف خاندان کے قریبی ساتھی مشتاق سکھیرا کے وفاقی ٹیکس محتسب کے چیئرمین کا چارج سنبھالتے ہی عوامی مرکز میں آتشزدگی سے اربوں کے ٹیکس کیسز کی اہم فائلیں جل کر راکھ ہوگئیں، جس سے اہم عمارت کی آتشزدگی سے کئی سوالات پیدا کر دئیے ہیں۔ اس عمارت میں موجود سی پیک کے دفتر میں مختلف منصوبوں کے بارے میں اہم دستاویزات موجود تھیں جنہیں نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ حالیہ دنوں میں ملتان میٹرومنصوبہ کا کیس منظرعام پر آنے اور نیب کے حرکت میں آنے سے سی پیک کے 50ارب روپے مالیت کے اہم منصوبوں کی کئی فائلیں بھی جلنے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق عوامی مرکز میں وزارت صنعت و پیداوار کے ادارے این پی او اور انجینئرنگ ڈپویلپمنٹ بورڈ مکمل طور پر جل گئے۔ انجینئرنگ ڈپویلپمنٹ بورڈ کی چینی پاور کمپنی کے کہنے پر غیر فعال کردیاگیا تھا، اس کے علاوہ یہاں کئی آئی ٹی کمپنیوں کے دفاتر بھی تھے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے سرکاری دفاتر میں آگ ہمیشہ چھٹی یا اتوار کے روز لگانے کے کئی مقاصد ہوتے ہیں، اس کو صرف شارٹ سرکٹ کا نام دیکر بری الزمہ نہیں ہویا جاسکتا۔

کے پی کے میں تبدیلی عروج پر مگر ڈینگی بے قابو ،مریضوں کی تعداد 6ہزار سے تجاوز

پشاور(خصوصی رپورٹ)خیبرپختونخوا میں ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ بدستور جاری ہے اور354مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں،اب تک مرض سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد 6400تک پہنچ گئی تاہم آدھے سے زائد مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد ڈسچارج کیاگیاہے،ڈینگی رسپانس یونٹ (ڈی آریو) سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ڈینگی کے 2052مشتبہ مریضوں کاخیبرٹیچنگ ہسپتال سمیت صوبے کے دیگر مختلف ہسپتالوں میں معائنہ و ٹیسٹ کے بعد 354افراد میں مرض کی تشخیص کی گئی ،115مزید افراد کو داخل کردیا گیا جبکہ196کو صحت یابی کے بعد ہسپتالوں سے ڈسچارج کردیا گیا،ہسپتالوں میں اس وقت کل داخل مریضوں کی تعداد 413ہو گئی ہے۔واضح رہے کہ ڈینگی بخار سے اب تک 18افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

یتیم بچی نے سنی لیون اور اس کے شوہرکی زندگی بدل دی

ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ کی آئٹم گرل سنی لیون نے اپنی بیٹی نشا کورکے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ نشا نے ان کی زندگی کو پوری طرح سے تبدیل کردیا۔ناموربالی ووڈ اداکارہ سنی لیون اور ان کے شوہر ڈینیل ویبر نے کچھ عرصے قبل ایک یتیم بچی گود لی جس کا نام نشا کورویبررکھا ، سنی لیون کی بچی گود لینے کی خبر بھارتی میڈیا میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، کئی لوگوں نے سنی کے اس قدام پر شدید تنقید کی جب کہ کچھ لوگوں نے انہیں سراہتے ہوئے کہا کہ سنی کے اس متاثر کن قدم سے دوسرے اداکاروں کو بھی یتیم اور بے سہارا بچوں کی زندگیاں سنوارنے کاحوصلہ ملے گا۔سنی نے حال ہی میں ایک میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے نشا کے اپنی زندگی میں آنے کے بعد تبدیلیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا جب سے نشا ہمارے گھرمیںآئی ہے۔ہماری زندگی خوشیوں سے بھر گئی ہے، نشا بہت سمجھدار بچی ہے وہ بہت جلد ہم سب کے ساتھ گھل مل گئی ہے، انہوں نے کہا انہیں جب محسوس ہوا کہ ان کے شوہراورگھروالے ایک چھوٹے بچے کے خواہشمند ہیں اسی وقت نشا ہماری زندگی میں آگئی اوراس نے ہماری فیملی کو مکمل کردیا۔سنی لیون نے مزید کہا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ ہر بچے کو ایک نارمل بچپن ملے لہٰذاہمارا یتیم بچی گود لینے کا مقصد بھی یہی تھا کہ ہم نشا کو ہر وہ چیزدے سکیں جس کی خواہش ہربچے کو ہوتی ہے، میں ایک اچھی ماں بننے کی پوری کوشش کررہی ہوں اور اسی لیے اپنا زیادہ تروقت اپنی بیٹی کے ساتھ گزارتی ہوں، نشانے میری زندگی کو تبدیل کرنے میں بہت اہم کردارادا کیا ہےکیا آپ جانتے ہیں۔

شادی سے کیریئر کو خطرہ، دور رہنا چاہتی ہوں

ممبئی(شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کی دلکش اداکارہ کترینہ کیف نے کہا ہے کہ شادی سے کیریئر متاثر ہونے کاخدشہ ہوتا ہے ،اس سے دور رہنا چاہتی ہوں،عوام نے جتنی مجھے عزت و شہرت بخشی اس پر ان کی مشکور ہوں،ابھی تو کیریئر کی شروعات ہیں اور میری منزل بہت دور ہے جہاں تک پہنچنے کیلئے تھوڑا مزید وقت لگے گا۔ بھارتی خبررساں ادارے کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ نے کہا کہ شوبز کی دنیا میں اس لئے آئی کہ شہرت کی بلندیوں کو چھو جاﺅں اور عوام نے جتنا میرا کام پسند کیا میں اس پر ان کی مشکور ہوں تاہم مزید شہرت حاصل کرنا چاہتی ہوں کیونکہ ابھی تو میرا کیریئر شروع ہوا ہے اور میری منزل بہت دور ہے جسے حاصل کرنے کیلئے مزید کچھ وقت درکار ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ شادی کا ابھی کوئی ارادہ نہیں ہے کیونکہ شادی کے بعد ایک نئی زندگی شروع ہو جاتی ہے۔جس کے بعد کیریئر متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

عامر خان، زائرہ وسیم کی اداکارانہ صلاحیتوں کے معترف

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی وڈ اداکار عامر خان نوجوان اداکارہ زائرہ وسیم کی باکمال اداکارانہ صلاحیتوں کے معترف ہو گئے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس حوالے سے اداکار عامر خان نے کہا کہ زائرہ کا میوزک سے کوئی تعلق نہیں لیکن انہوں نے فلم ”سیکرٹ سپرسٹار“ میں اپنے کردار کو حقی±ت سے قریب دکھانے کے لئے گٹار بجانا سیکھا ۔ان کا تعلق پہلوانی سے بھی نہیںلیکن انہوں نے فلم ”دنگل “ کے لئے پہلوانی سیکھی۔انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں نے ایک تربیت کے بعد موسیقی کے آلات کے استعمال کی تربیت حاصل کی لیکن زائرہ وسیم بہت ذہین ہیں اور انہوں نے بہت جلد موسیقی اور گلوکاری سیکھی ہے اور اس کے لئے انہوں نے میگھنا مشرا کے ساتھ اکھٹے ریہرسلز بھی کی ہیں۔فلم 19 اکتوبر کو ریلیز کی جائے گی۔

احمد بٹ کا حمیر اارشد سے طلاق کےلئے حق مہرکی معافی کا مطالبہ

لاہور(شوبز ڈیسک)گلوکارہ حمیر اارشد کو طلاق دینے کےلئے ان کے شوہر احمد بٹ نے حق مہر معاف کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق گلوکارہ حمیر اارشد اور انکے شوہر کے درمیان طویل عرصے سے اختلافات چل رہے تھے اور نوبت علیحدگی تک پہنچ چکی ہے ۔اس سے قبل احمد بٹ نے بیٹے کو سپرد کرنے کے عوض حمیر اارشد سے گھر اپنے نا م منتقل کرنے کی شرط عائد کی تھی لیکن گلوکارہ نے انکار کر دیا تھا تاہم اب احمد بٹ نے حمیر اارشد کو طلاق دینے کےلئے حق مہر نقد 15لاکھ روپے اور30تولے سونا معاف کرنے کی شرط رکھی ہے مگر حمیر اارشد نے اس سے بھی انکا رکر دیا ہے ۔ اس سلسلہ میں جب دونوں سے رابطے کی کوشش کی تو رابطہ نہ ہو سکا ۔

اداکاری سے زیادہ ڈانس پسند ہے

لاہور(شوبز ڈیسک )خوبرو اداکارہ سوہائے علی آبڑو نے کہا ہے کہ مجھے ایکٹنگ سے زیادہ ڈانس کرنا پسند ہے۔سوہائے علی آبڑو نے کہا ہے کہ بہت چھوٹی عمرمیں ہی ڈانس کی تربیت لینا شروع کردی تھی۔ میں نے دوبرس تک کلاسیکل رقص سیکھا اور پھر اپنی تعلیم کی وجہ سے اس سے دوررہی مگرمیں ایک بات بتانا چاہتی ہوں کہ مجھے ایکٹنگ سے زیادہ ڈانس کرنا پسند ہے۔”میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے سوہائے علی آبڑو نے کہا کہ میں نے اپنے فنی سفرکاآغاز تھیٹرسے کیا اورکئی برس تک اس سے وابستہ رہی، اس کے بعد میں نے ٹی وی ڈراموں میں قدم رکھا اور پھراپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے مطابق مختلف اورمنفرد کردارنبھائے۔ جہاں تک بات فلم میں کام کرنے کی ہے تومیں سمجھتی ہوں کہ ہرکوئی فلم میں ہی کام کرنا چاہتا ہے۔کیونکہ ڈراموں کی شوٹنگ اورفلم کی عکس بندی میں زمین ا?سمان کا فرق ہے۔ دونوں شعبوں میں کام کااندازبہت الگ ہے۔

اکشے کمار نے زندگی کی 50 بہاریں دیکھ لیں

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار نے زندگی کی 50 بہاریں دیکھ لیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ’کھلاڑی‘ اکشے کمار 50 برس کے ہوگئے اور یوں انہوں نے عمر کی ہاف سنچری مکمل کر لی۔اکشے کمار نے 90 کی دہائی میں کیریئرکا آغاز اپنی فلم سوگندھ سے کیا جس کے بعد ان پر بالی ووڈ نگری کے دروازے کھل گئے اور ایک فلم کے بعد دوسری فلم ملتی گئی، اکشے اب تک150 سے زیادہ فلمیں کرچکے ہیں۔ انہوں نے ماضی کی فلموں میں ایکشن ہیرو کے طور پر سینما سکرین پر اپنی پہچان بنائی۔

شوبز میں کئی برس گزرچکے‘ کوئی افیئر نہیں

لاہور( شوبز ڈیسک)سینئر اداکار غلام محی الدین نے کہا ہے کہ شوبز کی دنیا میں کئی سال گزارے لیکن کبھی کوئی افیئر نہیں بنا ، بابرہ شریف ، نیلی سمیت دیگر اداکاراﺅں کے ساتھ شوٹنگزاور طویل سفر کیا ہے ،سوچنے والے بہت کچھ سوچ لیتے تھے لیکن اس سے کبھی بھی میری گھریلو زندگی متاثر نہیں ہوئی ۔ ایک انٹر ویو میں غلام محی الدین نے کہا کہ جوانی میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ عشق ہوگیا اور میںمجنوں بن کر پھرتا رہوں ۔ زندگی کو حقیقت پسندی سے گزارا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج پر سکون ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری اہلیہ براڈ مائنڈڈ خاتون ہیں اگر گھر میں اس طرح کی کوئی بات پہنچ بھی جاتی تو وہ ہمیشہ نظر انداز کر دیتی تھیںاورمیں نے بھی کبھی اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائی ۔ انہوںنے بتایا کہ میرے بیٹے علی محی الدین نے ایک فلم میں کام کیا ہے اور مزید دو فلموں کےلئے پیپر ورک جاری ہے ۔