سلمان خان ‘کترینہ کیف کی مداحوں کو ایڈوانس میں عید مبارک

ممبئی(شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اور باربی ڈول کترینہ کیف نے بڑی عید سے پہلے عید کی مبارکباد دے کرمداحوں کے دل جیت لیے۔بھارتی فلم انڈسٹری کے سلطان سلمان خان اورکترینہ کیف بڑی عید پر اپنے چاہنے والوں کو عید کی مبارکباد دینا نہیں بھولے، سلمان خان نے اپنے انسٹا گرام اکانٹ پر ویڈیو شئیر کی جس میں وہ اور کترینہ عید کی مبارکباد دے رہے ہیں جب کہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور اب تک ہزاروں کی تعداد میں لوگ اس ویڈیو کو دیکھ چکے ہیں۔مختصر دورانیے کی اس ویڈیو میں سلمان خان ایک خوبصورت بنگلے کے ٹیرس پر کھڑے ہوکر کاغذ سے بنایا گیا جہاز کترینہ کی طرف پھینکتے ہیں، کترینہ کاغذ سے بنے اس جہاز کو جیسے ہی کھولتی ہیں اس میں عید مبارک کا پیغام درج ہوتا ہے۔
، صرف یہی نہیں ویڈیو سے واضح ہوتا ہے کہ سلمان خان اور کترینہ کے درمیان ایک بار پھر فاصلے کم ہورہے ہیں۔عید کا موقع سلمان خان کے لیے ہمیشہ ہی بہت خاص رہا ہے، ہر سال عید کے موقعے پر سلمان خان اپنی فلم ریلیز کرتے ہیں جو باکس آفس پر کامیاب بزنس کرتی ہیں جن میں ایک تھا ٹائیگر، کک، باڈی گارڈاور دبنگ وغیرہ شامل ہیں تاہم اس بار سلمان خان فلم ٹیوب لائٹ کے ذریعے زیادہ کمال نہ دکھا سکے۔واضح رہے کہ سلمان خان ان دنوں فلم ٹائیگر زندہ ہے کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں کترینہ کیف سلمان کے ساتھ مرکزی کردار نبھا رہی ہیں، سلمان خان کو پوری امید ہے کہ یہ فلم ان کی گزشتہ فلموں کی طرح باکس آفس پر کمائی کے سارے ریکارڈ توڑ دے گی۔

کبھی بھی کپل شرما کے شو میں شرکت نہیں کروں گا

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی وڈ اداکار اجے دیوگن نے کہا ہے کہ وہ کبھی بھی کپل شرما کے شو میں شرکت نہیں کریں گے ۔بھارتی ذرائع کے مطابق اجے دیوگن نے اپنی نئی فلم ”بادشاہو“ کی تشہیر کے لئے کپل شرما کے شو میں ایک خصوصی قسط کی عکسبندی کروانی تھی لیکن جب فلم ”بادشاہو“ کی ٹیم اور کاسٹ وہاں پہنچی تو کپل شرما سیٹ پر موجود ہی نہیںتھے جس کی وجہ سے شو کی عکسبندی منسوخ کر دی گئی ۔جس پر اجے دیوگن نے اپنے تازہ بیان میںکہا ہے کہ وہ کبھی بھی کپل شرما کے شو میں شرکت نہیں کریں گے

بزرگ اداکارائیں آرام کریں

لاہور (شوبز ڈیسک) فلمسٹار ماہرہ خان نے کہا کہ مجھ سے حسد کر نیوالی اداکارائیں میرا مقابلہ کیوں نہیں کرتیں ؟ اب بزرگ اداکارائیں آرام کر یں تو انکے لیے بہترہو گا کیونکہ اب نوجوانوں کا زمانہ ہے۔ فلم سٹار میرا کی جانب سے کی جانیوالی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا میں کسی شارٹ کٹ ،سفارش اور فحاشی کا سہارا لیکر نہیں بلکہ اپنی محنت سے آگے آئی ہوں اور مجھے جو عزت ملی اس میں میری محنت شامل ہے۔ایک سوال کے جواب میں ماہرہ خان نے کہا کہ موجودہ دور میں بننے والی اردو فلموں کی کامیابی نے ایک بات ثابت کر دی ہے کہ پاکستان میں جب بھی معیاری اور منفرد موضوع پر کوئی فلم بنائی جائے گی ۔عوام اسے دیکھنے سینما کا رخ ضرور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج مار دھاڑ کی بجائے میوزیکل اور رومانوی موضوعات پر بننے والی فلموں کو پسند کیا جا رہا ہے اور اگر فلمساز و ہدایت کار ایسے موضوعات پر فلمیں بنانا شروع کر دیں تو بہت جلد فلم انڈسٹری اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکتی ہے۔

پاکستانی فلم انڈسٹری میں اچھی فلمیں بننے لگی ہیں

لاہور (شوبز ڈیسک) اداکارہ ریما خان نے کہا ہے کہ ٹی وی کے فنکاروں نے پاکستان فلم انڈسٹری کو نئی زندگی دی ہے جو نہایت خوش آئند بات ہے ۔ انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ چند سال پہلے تو پاکستان میں فلمیں بننا ہی بند ہو گئی تھیں اور اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کو اب دوبارہ سے اپنے قدموں پر کبھی کھڑا نہیں کیا جا سکتا مگر خدا کا شکر ہے کہ ٹی وی کے فنکاروں کی فلموں میں آمد سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھرپور اضافہ ہوا اور اب دھڑا دھڑ اچھی اور معیاری فلمیں بنائی جا رہی ہیں جو انڈسٹری کی تعمیر اور بقاءکے لئے نہایت ضروری ہے ۔

مصباح ،یونس کے اعزاز میں تقریب کی تیاریاں تیز

لاہور(آئی این پی ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے مصباح الحق ، یونس خان اور شاہد آفریدی کے اعزاز میں 14 ستمبر کو تقریب منعقد کرنے لیے تیاریاں تیز کر دیں۔پاکستان میں کرکٹ کا ہلہ گلہ شروع ہوگا، 12 ستمبر سے ورلڈ الیون اور پاکستان کے درمیان 12 ،13 اور 15 ستمبر کونگے،3 میچزلیکن 14 ستمبر کو بھی بڑی گہما گہمی ہو گی ۔پی سی بی نے اس روز 3 سابق کپتانوں مصباح ، یونس اور شاہد آفریدی کے اعزاز میں الوداعی تقریب رکھی ہے ۔اسی انٹرنیشنل ایوارڈز کی تقریب میں انٹرنیشنل الیون کے کھلاڑی پاکستانی ٹیم اور حکومتی نمائندے بھی شریک ہوں گے۔تقریب میں پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی سطح پر بہترین پرفارمنس دینے والوں کو بھی ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔

تنازعات میں گھرے عمراکمل کے لئے گلوبل لیگ میں بڑی بولی لگ گئی

کیپ ٹاﺅن (نیوزایجنسیاں) 7 مرتبہ فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہونے اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر پر گالیاں دینے کا الزام عائد کرنے والے عمر اکمل کیلئے بالآخر خوشخبری آ ہی گئی ہے اور پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے انہیں گلوبل ٹی 20 لیگ میں اپنی ٹیم بینونی زلمی کیلئے خرید لیا ہے۔ ڈرافٹ تقریب میں عمر اکمل کو بینونی زلمی کیلئے ایک لاکھ ڈالرز (ایک کروڑ 53 لاکھ 7 ہزار 500 پاکستانی روپے) میں خرید کر سب کو حیران کر دیا۔

ورلڈ الیون کو صدر مملکت جتنی سکیورٹی ملے گی

لاہور(آئی این پی)ورلڈ الیون کے 4 روزہ دورے کے لئے بھرپور سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔ مہمان ٹیم کو صدر مملکت سطح کی حفاظت فراہم کی جائے گی۔ ہیلی کاپٹر سے میدان اور ٹیموں کی نگرانی کا انتظام بھی کیا جائے گا۔ آرمی چیف، وزیراعظم اور وزیراعلی کو میچ دیکھنے کی دعوت دی جائے گی۔پاکستان سے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنے ورلڈ الیون 11 ستمبر کو دبئی سے لاہور پہنچے گی۔ میچز 12، 13 اور 15 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ گذشتہ روز حکومت پنجاب، پی سی بی اور سیکیورٹی اداروں کے اعلی سطحی اجلاس میں دورے کے حفاطتی انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔مہمان ٹیم کو صدر مملکت سطح کی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی جس کے لئے اسٹیڈیم اور ارد گرد 10 ہزار سیکیورٹی اہلکار اور کمانڈوز تعینات کئے جائیں گے۔ ٹیموں اور گراﺅنڈ کی نگرانی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کی جائے گی۔ میدان میں شائقین کے ساتھ سادہ لباس اہلکار بھی ڈیوٹی دیں گے جو ہر شخص پرنظر رکھیں گے۔پی سی ایس فائنل کے موقع پر لگائے جانے والے کیمروں کے علاوہ 10 مزید کیمرے بھی نصب کئے جائیں گے۔ میدان کے چاروں جانب خاردار تاریں لگائی جائیں گی تاکہ کوئی میدان میں داخل نہ ہوسکے۔ مہمان ٹیم کے ہوٹل سے اسٹیڈیم کے لئے 3 روٹس کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں انہیں میچز دیکھنے کی دعوت دی جائے گی اور ان سے بھی سیکیورٹی میں مدد فراہم کرنے کی درخواست کی جائے گی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلی شہباز شریف کو بھی میچ دیکھنے کی دعوت دی جائے گی۔ آئی سی سی کے تمام ٹیسٹ ممالک کے بورڈز حکام کو دعوت نامے ایک دو روز میں ارسال کردیئے جائیں گے۔ کرسیوں کی مرمت اور دونوں ڈریسنگ روم کی تزئین وآرائش منگل سے شروع ہو جائے

السر

ڈاکٹرنوشین عمران
جس طرح جلد پر تیزابی چیز گرنے سے زخم بن جاتے ہیں ایسے ہی معدے اور آنت کی اندرونی جھلیوں پر بھی تیزابی رطوبت (ایسڈ) کے بڑھ جانے کے اثر سے السر کے زخم بن جاتے ہیں۔ جنہیں السر کہا جاتاہے۔السر نظام ہضم کے کسی بھی حصے میں ہوسکتا ہے جیسا کہ خوراک کی نالی (ایسوفیگس) معدہ (گیسٹرک السر) چھوٹی اور بڑی آنت (انسٹٹائن السر)دونوں جگہ ہوتوپیپٹک السر تقریباً 95 فیصدالسر معدے اور چھوٹی آنت کے پہلے حصے میں ہی ہوتے ہیں۔ السر کا مرض اچانک نہیں ہوتا بلکہ ابتداءمیں معدے یا آنت میں تیزابیت بڑھتی ہے۔ خوراک کے معدے میں جانے کے بعد ایسڈ اور رطوبت خارج ہوتے ہیں جو خوراک کو ہضم کرتے ہیں۔ معدے میں جزوی ہضم ہونے کے بعد کھانا چھوٹی آنت میں داخل ہوتا جہاں کچھ دیر رک کر مزید ہضم ہونے کے مراحل سے گزرتاہے۔السر کی بڑی وجہ معدے میں رطوبت اور ایسڈ کی مسلسل زیادتی ‘ مرچ مصالحے کا زیادہ استعمال سگریٹ الکوحل اور درد کی ادویات کا بے جا استعمال ہے۔ ذہنی تناﺅ پریشانی براہ راست السر پیدا نہیں کرتی لیکن ان کے باعث سیئریس ہارمون بڑھتے ہیں‘ایسڈ زیادہ بنتا ہے جس سے تیزابیت بڑھ جاتی ہے اور آگے چل کرالسر بن جاتاہے۔ السر کی ایک بڑی وجہ H-PYLORI بیکٹیریا ہے۔ یہ بیکٹیریا خوراک یا پانی کے ذریعے ہی معدے تک پہنچتا ہے اور پھر معدے کی اندرونی تہوں میں گھر بنا لیتا ہے۔ 70 فیصد السر کے مریضوں میں یہ بیکٹیریا پایا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ معدے کی تیزابیت یا السر کی عام دوا لینے والے مریضوں میں بھی درد ختم نہیں ہوتا کیونکہ وہ HP بیکٹیریا کی خاص دوا نہیں لیتے۔
السر کی علامات میں سینے کی ہڈی کے نیچے اور پیٹ کے اوپر کے حصے میں جلن اور درد‘ متلی ‘ ڈکار شامل ہیں۔ معدے کے السر میں درد خالی پیٹ جبکہ آنت کے السر میں رات کے وقت درد زیادہ ہوتا ہے۔ شدید درد کمر کی طرف پھیلتا بھی محسوس ہوتا ہے۔ السر کی تکلیف بڑھ جانے پر زخم سے خون رسنے لگتا ہے جس سے خون والی قے یا کالے پاخانے آنے لگتے ہیں۔ بعض افراد میں خون کی قے یا کالے پاخانے ہی السر کی پہلی علامت ہوتے ہیں لیکن یہ کیفیت السرکی شدت یا اس سے خون رسنے کے وقت ہی پیدا ہوتی ہے۔
السر کے مریض درد ختم کرنے والی ادویات استعمال نہ کریں یا ضرورت ہو تو اس کے ساتھ اینٹی السر دوا بھی شروع کردیں۔ علاج کے لئے اینٹ ایسڈ‘ اینٹی السر دوا ڈاکٹر کے مشورے سے لیں۔ بیکٹیریاHP ختم کرنے کے لئے عمومی ادویات کے ساتھ اینٹی بائیوٹک اور فلیجل دوا دینا بھی ضروری ہوتا ہے۔
٭٭٭

شرجیل کے فیصلے کی گھڑی قریب آگئی

لاہور(نیوزایجنسیاں) اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں معطل کرکٹر شرجیل خان کے کیس کا فیصلہ ٹریبیونل 30 اگست بدھ کو سنائے گا۔اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں معطل کرکٹر شرجیل خان نے 29 جولائی کو حتمی تحریری دلائل جمع کروائے تھے، انہیں پانچ سال معطلی کے علاوہ 20لاکھ روپے جرمانہ تک کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی کے مطابق 3 رکنی ٹریبیونل بدھ کو فیصلہ سنائے گا۔ مذکورہ بینچ میں سابق چیئرمین پی سی بی لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر ضیا اور سابق وکٹ کیپر وسیم باری بھی شامل ہیں۔شرجیل خان پر 5 شقوں کی خلاف ورزی کا الزام تھا۔ 29 جولائی کو شرجیل خان کی جانب سے حتمی تحریری دلائل جمع کروائے گئے تھے جس کے بعد اب ٹریبیونل نے آگاہ کیا ہے کہ فیصلہ 30 اگست کو سنایا جائے گا۔اسپاٹ فکسنگ کیس میں شرجیل خان کے خلاف سماعت گذشتہ ماہ 29 جولائی کو مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا گیا تھا، جہاں پی سی بی نے کرکٹر پر تاحیات پابندی کی سفارش کی تھی۔ذرائع کے مطابق معطل کرکٹر کے خلاف جاری چارج شیٹ میں جن شقوں کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے اس کے مطابق انہیں کم از کم پانچ برس کی معطل سزا کے علاوہ 20 لاکھ روپے جرمانہ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کیس کا فیصلہ بدھ کو دن ایک بجے سنایا جائے گا۔واضح رہے کہ پی ایس ایل 2017 کی ابتدا میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد 9 فروری کو وطن واپس بھجوا دیا گیا تھا، 18 فروری کو ان کے خلاف چارج شیٹ جاری کی گئی تھی جس کے بعد اینٹی کرپشن ٹریبیونل نے باقاعدہ کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ 29 جولائی کو کرکٹر کی جانب سے حتمی دلائل جمع کروانے کے بعد ٹریبیونل کی جانب سے 30 دن کے اندر فیصلہ سنایا جانا ضروری تھا۔یاد رہے پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے آغاز میں ہی اسپاٹ فکسنگ کے الزامات پر اسلام یونائیٹڈ کے دو کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف کو پاکستان واپس بھیج دیا گیا تھا۔بعد ازاں شاہ زیب حسن، ناصر جمشید اور فاسٹ باو¿لر محمد عرفان کو بھی بکیز سے رابطے پر نوٹس جاری کرتے ہوئے پی ایس ایل سے باہر کر دیا گیا تھا۔محمد عرفان نے پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کا اعتراف کر لیا تھا جس کے بعد ان پر ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر ایک سال کی پابندی عائد کردی گئی۔پی سی بی نے عرفان پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا اور کہا تھا کہ ڈسپلن بہتر ہونے پر فاسٹ باو¿لرز کی سزا 6 ماہ تک محدود کی جا سکتی ہے۔ناصر جمشید کو اسپاٹ فکسنگ کیس میں مبینہ طور پر سہولت کار کا کردار ادا کرنے پر برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے بھی یوسف نامی بکی کے ساتھ گرفتار کیا تھا لیکن بعد میں انہیں ضمانت پر رہا کردیا تھا۔شاہ زیب حسن اور خالد لطیف پر اسپاٹ فکسنگ کیس میں سماعتیں اب بھی زیر التواءہیں۔

ورلڈ الیون کا ٹورپاکستانی کرکٹ کے لئے اہم

لاہور( آن لائن ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز، ایشین بریڈ مین اور آئی سی سی کے صدر ظہیر عباس نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون اور دیگر ٹیموں کی پاکستان آمد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل جائیں گے اور دنیائے کرکٹ کی دیگر ٹیموں کی بھی پاکستان آنے کی راہ ہموار ہوگی ، انہوں نے کہاکہ اگلے ماہ آئی سی سی کی ورلڈ الیون پاکستان آرہی ہے اور اس کے دورہ کے کامیاب انعقاد سے آئی سی سی کے بھی اعتماد میں اضافہ ہو جائے گاجبکہ سری لنکن ٹیم کی آمد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو جائے گی ،ظہیر عباس نے کہا کہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کا کافی عرصہ سے سنا جارہا تھا لیکن پی سی بی کے موجودہ چیئرمین نجم سیٹھی نے ان کے دورہ کو یقینی بنایا ،انہوں نے کہا کہ انہوں نے بطور آئی سی سی صدر بہت کچھ سیکھا ہے ،پی سی بی کو چاہئے کہ وہ ورلڈ الیون اور سری لنکن ٹیم کے دورہ کے دوران آئی سی سی سمیت مختلف کرکٹ بورڈ ز کے عہدیداروں کو بھی میچز کے دوران مدعو کریں تاکہ ان کو بھی پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے اعتماد ہو ۔،ظہیر عباس نے کہاکہ پاکستان میں کافی عرصہ سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہورہی لیکن پاکستان نے اس کے باوجود ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور چیمپئنز ٹرافی جیتی ہے ،ہم کرکٹ سے دور نہیں ہوئے،جب تک ہمارے نوجوانوں کو کرکٹ کا شوق رہے گا ،ہماری ٹیم کو نیا ٹیلنٹ ملتا رہے گا ،انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کے باوجود کرکٹ کے جنون میں کمی نہیں ہوئی لیکن اب ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوگی تو شائقین کرکٹ اپنے ہیروز کو اپنی ہوم گراﺅنڈ پر کھیلتے دیکھیں گے اور ان کے اندر کرکٹ کا مذید شوق پیدا ہوگا ،انکا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان خوش آئندہے اور اس کے پاکستانی کرکٹ پر بہت اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔