مسلم لیگ ن کی بطور سیاسی جماعت رجسٹریشن منسوخی کی درخواست الیکشن کمیشن میں جمع

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی بطور سیاسی جماعت رجسٹریشن منسوخ کرنے کی درخواست الیکشن کمیشن میں داخل کرا دی گئی ہے۔سوموار کے روز الیکشن کمیشن میں رئیس عبدالواحد ایڈوکیٹ کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف کو نااہل کر دیا تھا جس کے بعد ان کے نام سے بننے والی پارٹی کا بھی کوئی جواز نہیں رہتا ہے لہذا الیکشن کمیشن پارٹی کی رجسٹریش کو منسوخ کرے واضح رہے کہ الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن کے خلاف اس سے پہلے ہی تحریک انصاف ،پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے مسلم لیگ ن کے خلاف اسی نوعیت کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں جس پر الیکشن کمیشن نے پارٹی کے چیرمین راجہ ظفر الحق کو نوٹس بھی جاری کیا ہے۔

کراچی کی آبادی کو کم ظاہر کرنے کی وجوہات سامنے آگئیں

کراچی(ویب ڈیسک)کراچی کی آبادی کو کم ظاہر کرنے کی وجوہات سامنے آگئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے مردم شماری کے نتائج میں کراچی کی آبادی توقعات سے کم ظاہر ہونے پر کئی سیاسی جماعتوں کی جانب سے شدید اعتراضات کیے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے اب ادارہ شماریات کے ذرائع کی جانب سے وضاحت دی گئی ہے۔ ادارے کے ذرائع کی جانب بتایا گیا ہے کہ کراچی کے دیہی علاقوں کی آبادی کو کراچی کی کل آبادی میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ کراچی کی جو آبادی ظاہر کی گئی ہے وہ صرف ان علاقوں کی ہے جو شہری علاقے کہلاتے ہیں۔ مردم شماری میں شہری اور دیہی علاقوں کی آبادی کو الگ الگ ظاہر کیا جاتا ہے۔

عمران خان اور پی ٹی آئی خواب میں بھی اقتدار حاصل نہیں کرسکتے،مریم نواز

سانگلہ ہل (ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی خواب میں بھی اقتدار حاصل نہیں کرسکتے۔عمران خان کی وزیراعظم پاکستان بننے کی باتیں ایک ضدی بچے کی طرح چاند سے کھیلنے کے مترادف ہیں۔این اے 120کا انتخابی مقابلہ مخالفین کے ہوش گم کردے گا۔
میاں نواز شریف پاکستان کے کروڑوں افراد کی دل کی دھڑکن ہیں،آج بھی ان کی سیاست کا سورج روشن ہے۔ وہ پاکستان مسلم لیگ(ن) سانگلہ ہل کے سرگرم رہنما ملک محمد حنیف کی قیادت میں ملنے والے کارکنوں کے وفد سے بات چیت کررہی تھیں۔لیگی وفد نے مریم نواز کے ساتھ 120کے حلقے کا وزٹ بھی کیا، مریم نواز نے مزید کہا کہ مخالفین کی طرف سے این اے 120کو فتح کرنے کی باتیں کسی فلمی سائڈ ہیرو کی طرح زبانی بڑھکوں کی مانند ہیں،جس طرح سائڈ ہیرو فلم میں بڑھکیں مارنے کے بعد ناکامی اور شرمندگی کا سامنا کرتاہے اسی طرح این اے 120کے میدان میں بھی مخالفین کو شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا ،مریم نواز نے مزید کہا کہ ہم میدان سے بھاگنے والے نہیں ،یہ 17ستمبر کا دن ہی بتائے گا اور وقت ثابت کرے گا کہ کون کتنے پانی میں ہے ۔

عمران خان ،طاہر القادری اور شیخ رشید کو الیکشن کمیشن سے بڑی کا میابی مل گئی

اسلام آباد (ویب ڈیسک)الیکشن کمیشن نے عمران خان، طاہر القادری اور شیخ رشید کی نا اہلی کیلئے دائر درخواست ، درخواست گزار کے پیش نہ ہونے پر خارج کردی۔تفصیلات کے مطابق شاہ جہان خان نامی شخص کی طرف سے الیکشن کمیشن میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی نا اہلی کیلئے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزار نے الزام عائد کیا تھا کہ 2002 کے انتخابات میں تینوں نے حقائق چھپائے اس لیے انہیں نا اہل قرار دیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے یہ درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے آج (پیر کو) اس کی ابتدائی سماعت کی تو درخواست گزار شاہ جہان خان الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوا، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے یہ درخواست خارج کردی۔

سیاست فیصلہ کن دور میں داخل, شیخ رشید کے اہم انکشافات

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف ایک طرف ججز کو برا بھلا کہہ رہے ہیں اور دوسری جانب انہی ججز سے نظر ثانی کی بھیک مانگ رہے ہیں، انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں تین چار ماہ میں سب کچھ سامنے آجائے گا،30 دسمبر تک پاکستانی سیاست فیصلہ کن دور میں داخل ہوجائے گی، نواز شریف نیب میں اس لئے پیش نہیں ہورہے کیوں کہ ان کے پاس اپنی بے بیگناہی کا کوئی ثبوت نہیں کہ اتنا پیسہ کہاں سے آیا، این اے120 میں تحریک انصاف اور ن لیگ کے درمیان زور دار مقابلہ ہوگا نواز شریف نے مریم نواز کے مشوروں پر چل کر سیاسی دانشمندی کا ثبوت نہیں دیا، میں مریم نواز کو سیاسی طور پر نااہل ہوتا دیکھ رہا ہوں، انہوں نے جھوٹی دستاویز دی ہیں، ان کو سزا بھی ہوسکتی ہے، انہوں نے کہا نواز شریف کو این آر او نہیں ملے گا۔

خیبر پختونخوا ہ حکومت ڈگمگانے لگی، دھماکہ دار خبر آگئی۔۔۔

پشاور :خیبر پختونخواہ میں جماعت اسلامی کا حکومت سے الگ ہونے کا امکان بڑھ گیا ۔اگر جماعت اسلامی حکومت سے الگ ہوتی ہے توتحریک انصاف کی حکومت ڈگمگا سکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ میں ایم ڈی خیبر بینک کی تعیناتی کا تنازع شدت اختیار کر گیا۔تنازع کی شدت کے پیش نظر جماعت اسلامی کا حکومت سے الگ ہونے کا امکان بڑھ گیا ۔اس حوالے سے جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت نے صوبائی تنظیم کے امیر کو حکومت سے الگ ہونے یا ہونے کا مکمل اختیار دے دیا۔یاد رہے جماعت اسلامی خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف حکومت کی بہت بڑی اتحادی جماعت ہے اور اگر جماعت اسلامی حکومت سے الگ ہوتی ہے توتحریک انصاف کی حکومت ڈگمگا سکتی ہے۔

امریکی دھمکیاں نواز شریف کی خارجہ پالیس کا نتیجہ

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان کے حوالہ سے امریکی پالیسی میں تبدیلی نوازشریف کی ناکام خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے اگر انہوں نے پچھلے چار سال میں پاکستان کی خارجہ پالیسی پر کوئی توجہ کی ہوتی تو آج یہ حال نہ ہوتا کہ دہشت گردی کی جنگ میں 70 ہزار شہادتوں کے باوجود حکومت پاکستان امریکی دھمکیوں کا جواب دینے کی ہمت نہیں کر پا رہی۔ یہاں اپنی رہائش گاہ پر طلبہ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد مسلمان ملک ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالہ سے پاکستان کا کیس ہر لحاظ سے مضبوط ہے یہی وجہ ہے کہ روس اور چین نے بھی اس حوالہ سے امریکی صدر کی پاکستان پر تنقید کو نامناسب قرار دیا مگر مسئلہ یہ ہے کہ موجودہ حکومت کا کوئی عالمی وژن نہیں وہ پچھلے چار سال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ آزما پاکستانی فوج کوڈس کریڈٹ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اس نے ممبئی حملوںکا ذمے دار پاکستان کو قرار دیا، پٹھان کوٹ حملہ کی ایف آئی آر پاکستان میں درج کرائی، یہ حقیقت ہے کہ آج پاکستان کو خارجہ محاذ پر جن مشکلات کا سامنا ہے ان کی وجہ نوازشریف کی بھارت نواز اور پاک فوج مخالف پالیسیاں ہی ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کی کھلی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دے کرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستانی قوم کی لاج رکھ لی ہے، انہوں نے یہ کہہ کر پاکستانی قوم کے جذبات کی بالکل صحیح ترجمانی کی ہے کہ اگر امریکہ کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوںکی قدر نہیں تو پاکستان کو بھی امریکی امداد کی کوئی ضرورت نہیں، پاکستان امریکی امداد کے بغیر بھی دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ لڑ سکتا ہے اور اپنی حفاظت کر سکتا ہے۔

کراچی کو عید والے دن بڑا خطرہ

کراچی:محکمہ موسمیات نے عید الاضحی کے موقع پر کراچی میں سمندری طوفان کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دبا کل شمالی بحیرہ عرب میں داخل ہوگا، جو کہ سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے۔ موسم کا حال بتانے والے ادارے نے کہا ہے کہ طوفان کا موجودہ سسٹم اس وقت بھارتی شہر گجرات میں موجود ہے، جو سندھ کے علاقے ٹھٹھہ سے پاکستان میں داخل ہوگا، ہوا کا یہ کم دبا عید الاضحی کے موقع پر کراچی میں طوفانی بارش کا سبب بن سکتا ہے۔

شریف فیملی کی ضمانت, دیکھئے اہم ترین خبر

اسلام آباد (مانیٹرنگ یسک) بیگم کلثوم نواز کو کینسر نہیں ہے، شریف فیملی آج یا کل ضمانتیں کرانے لگی ہے، نوازشریف بارے ایک اور تفتیش شروع ہو چکی ہے۔ یہ انکشافات سینئر تجزیہ کار نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کئے انہوں نے کہا کہ شریف فیملی کے ایک اہم فرد سے بات ہوئی تو اس نے بتایا کہ بیگم کلثوم کو کینسر کا مرض نہیں ہے۔ نوازشریف مشرف دور میں جلاوطن ہوئے تو حمزہ شہباز کو گروی رکھوا کر گئے تھے اس بار خاندان کے سارے افراد جا چکے ہیں صرف مریم نواز نہیں جا رہیں۔ پانامہ سکینڈل سامنے آنے سے قبل تحقیقات کرانے والی صحافی ٹیم نے تمام آف شور کمپنیوں کے مالکان کو خط لکھے تھے نوازشریف کو بھی خط ملا تھا جس کے بعد ان دنوں وہ مالٹا گئے تھے۔ مالٹا کا پاسپورٹ 1 لاکھ یورو میں ملتا ہے۔ تفتیش ہو رہی ہے کہ نوازشریف ان دنوں میں مالٹا کیوں گئے تھے۔ آصف زرداری کا معاملہ نوازشریف کے الٹ ہے، نوازشریف کے اثاثے آمدن سے زیادہ ہیں تو زرداری کی آمدن اثاثوں سے زیادہ ہے جو زیادہ خطرناک بات ہے۔ قانونی ماہرین نے شریف فیملی کی گرفتاری سے بچنے کیلئے ضمانتیں کرانے کا کہہ دیا ہے آج یا کل ضمانتیں کرا لی جائیں گی۔

نواز شریف کی نااہلی, سراج الحق کے بیان نے ہلچل مچادی

لاہور (وقائع نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی سیاست کامقصد ملک میں شریعت کا نفاذ اور مظلوم طبقہ کے حقوق کی جنگ لڑنا ہے۔ہم اقتدار کے ایوانوں کے دروازے عام آدمی پر کھولنے کی جدوجہد کر رہے ہیں ۔این اے 120میں عوام اسلامی پاکستان اور خوشحال پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کی صادق اور امین قیادت کا ساتھ دیں اور17ستمبر کو حق و سچ کے نشان ترازو پر مہر لگا کر کرپشن فری پاکستان کی بنیاد رکھ دیں۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے منصورہ میں این اے 120سے جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار ضیاءالدین انصاری، امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد،جماعت اسلامی کر رہنما حافظ سلمان بٹ اور ناظم انتخاب چوہدری محمود الاحدکے ساتھ ملاقات کے موقع پر کیا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ جماعت اسلامی کے علاوہ تمام پارٹیوں کو ایک طبقہ اشرافیہ نے یرغمال بنا رکھا ہے،کہیں جاگیردارہیں، کہیں وڈیرے اور سرمایہ داراور کہیں قومیت و مسلک کے علمبردارجبکہ جماعت اسلامی نے ان موروثی خرابیوں اور خاندانی تسلط سے پاک ایک آئینی اور جمہوری راستے پر چلتے ہو ئے اپنا سفر جاری رکھا ہوا ہے۔جماعت اسلامی کی دعوت کا مرکز و محور ہی اللہ اور اُس کے رسولﷺ کی ذات گرامی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے سینکڑوں ارکان اورکارکنان سینٹ،قومی و صوبائی اسمبلیوں اور بلدیاتی اداروں کے ممبر رہے مگر کسی کے دامن پر کرپشن،کمیشن اور اقربا پروری کا کوئی داغ نہیں۔ جبکہ دوسری طرف اس معاشرے میں موجود سیاستدان دونوں ہاتھوں سے قومی دولت لوٹ رہے ہیں،3 بار وزیراعظم رہنے والے اپنی بے تہاشا دولت کے ذرائع آمدنی نہیں بتا سکے جس پر وہ نا اہل ہوئے۔ اس ملک کے 436 لوگ آف شورز کمپنیوں کے مالک ہیں۔ ہم سابق نا اہل وزیر اعظم سمیت سب کا احتساب چاہتے ہیں تا کہ ملک میں عادلانہ نظام کے ذریعے غریب،ہاری،مزدور اور کسان کے بیٹے کو بھی زندگی گزارنے کی وہی سہولتیں مل سکیں جن سے وزیروں،مشیروں اور حکمرانوں کے بیٹے لطف اندوز ہورہے ہیں۔ہم اقتدار کے ایوانوں کے دروازے عام آدمی پر کھولنے کی جدوجہدکر رہے ہیں جن میں نوجوان خاص اہمیت کے حامل ہیں۔این اے 120 کا الیکشن ایک ٹیسٹ کیس ہے جس کے اثرات پورے ملک پر پڑیں گے میں این اے 120 کی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ہماری آزمودہ قیادت کو ووٹ دے کر کامیاب کریں میں آپ کو یقین دلاتا ہوںکہ ہمارے نمائندے نہ آپ کی امانتوں میں خیانت کریں گے اورنہ ہی کسی کو خیانت کرنے دیں گے آپ کی امانتوں کی حفاظت اور عوام کے وسائل کو عوام پر ہی خرچ کرنا ہمارا مشن اور مقصد ہے ہمارے نمائندے عوامی خدمت گار ہیں حلقے میں خدمت اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشش کی ایسی مثالیں قائم کریں گے جس کے نتیجے میں حلقے میں خوشحالی اور ملک میں انقلاب برپا ہو گا۔