قصور میں خوفناک ٹریفک حادثہ ،4افراد جاں بحق

قصور(ویب ڈیسک)قصور میں وڈانہ کے قریب کار سڑک کنارے کھڑے 2  رکشوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق قصور روڈ پر بھلو اسٹاف پر تیز رفتار کار سڑک کنارے کھڑے 2 رکشوں سے ٹکرا گئی جس سے کار ڈرائیور سمیت 4 افراد موقع پر جاں بحق جب کہ 2 زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد فوری طور پر لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت 25 سالہ آفتاب، 20 سالہ عدنان، 30 سالہ نعمان کے ناموں سے ہوئی جب کہ ایک شخص کی شناخت نہ ہوسکی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ کار ڈرائیور کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جب کہ پولیس نے حادثے کی رپورٹ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔

کئی روز تک با اثر ملزموں کی کمسن لڑکی سے اجتماعی زیادتی حالت غیر ہونے پر گھر کے باہر پھینک دی

میاں چنوں (تحصیل رپورٹر)نواحی گاﺅں کی چودہ سالہ لڑکی کو بااثر ملزمان نے زبردستی اغوا کر کے کئی دن تک زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد حالت غیر ہونے پر بے ہوشی کی حالت میں گھر کے باہر پھینک دیا اب ملزمان نے پولیس سے ساز باز ہوکر متاثرہ لڑکی کے ورثاءکو گاﺅں چھوڑنے پر مجبور کرنا شروع کردیا تفصیل کے مطابق میاں چنوں کے نواحی 16چودہ ایل کی رہائشی خاتون نے صحافیوں کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس کی چودہ سالہ بیٹی کو ملزمان راشد ،پرویز عرف کالا،فاروق نے شازیہ سے مل کر اغوا کیا اور نامعلوم جگہ پر لے جا کر کئی روز تک اس کے ساتھ زیادتی کرتے رہے حالت غیر ہونے پر ملزمان بے ہوشی کی حالت میں گھر کے باہر پھینک کر فرار ہوگئے ملزمان نے اب دھمکیاں دینا شروع کردی ہیں کہ اگر انہوں نے گاﺅں نہ چھوڑا تو تمہاری دس سالہ بیٹی کو بھی اغوا کر لیں گے ،پولیس نے میڈیکل کے باوجود بااثر ملزمان جو کہ پولیس سے ساز باز ہیں سے مل کر کوئی کاروائی نہ کی خاتون نے روتے بتایا کہ ایس ایچ او تھانہ کسووال بھی ہماری بات نہیں بلکہ تھانہ میں جانے پر غلیظ گالیاں اور حوالات میں بند کرنے کی دھمکیاں دیتا ہے ،میری وزیر اعلی پنجاب آئی پنجاب سے اپیل ہے کہ وہ بااثر ملزمان کے خلاف سخت کاروائی کا حکم دیں ،

 

سندھ میں بچوں کی سمگلنگ کا نیا طریقہ ،نومولود گود لینے کی آڑمیں بیرون ممالک بھجوانے کا انکشاف

کراچی(ویب ڈیسک) سندھ سے بچوں کو مبینہ سمگلنگ کے مکروہ دھندے کا انکشاف ہوا ہے۔ بیرون ملک میں مقیم افراد بچوں کو گود لینے کی آڑ میں شیر خوار اور کم عمر بچوں کو بیرون ملک لے جا رہے ہیں۔ بچوں کو کون گود لے رہا ہے کہا لیجایا جا رہا ہے؟ محکمہ سماجی بہبود سندھ کے پاس کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر شمیم ممتاز نے کہا کہ بچوں پر کام کرنے والی این جی اوز بچے جنوبی افریقہ بھیج رہی ہیں۔ مختلف ممالک میں مقیم پاکستانی نژاد آتے ہیں اور این جی اوز کے ذریعے بچے لے جاتے ہیں۔

دہلی کی جامع مسجد میں دراڑیں‘ جگہ جگہ سے پلاسٹراکھڑ گیا

نئی دہلی (نیااخبار رپورٹ) بھارتی دارالحکومت دہلی میں مغل دورکی تاریخی جامع مسجد میں دراڑیں پڑنے کا انکشاف ہوا ہے۔ جمعرات کو بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق 361 سال قدیم جامع مسجد کو فوری طور پر مرمت کی ضرورت ہے، پانی کے رساﺅ کے باعث جامع مسجد کے ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ تاریخی جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے کہا ہے کہ انہوں نے گزشتہ سال بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو ایک خط ارسال کیا تھا جس میں ان کی توجہ مسجد کی خستہ حالی اور اس کی مرمت کی جانب مبذول کرائی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بھارت کے آثار قدیمہ کے محکمہ سے بھی کئی اپیلیں کی گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ صورتحال تیزی سے سنگینی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ سید احمد بخاری نے کہا کہ جامع مسجد کے مرکزی ہال اور 3 گنبندوں کی فوری مرمت کی ضرورت ہے۔ جامع مسجد دہلی کا شمار بھارت کی بڑی مساجد میں ہوتا ہے اور اسے مغل بادشاہ شاہ جہاں نے تعمیر کرایا تھا۔ دہلی کی تاریخی جامع مسجد کی تعمیر کا آغاز 1648ءمیں ہوا تھا اور اس کی تعمیر 10 لاکھ روپے میں 6 برس میں مکمل ہوئی تھی۔