اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی امداد کی معطلی کے بعد امریکا کے ساتھ اتحاد کو ختم سمجھتا ہوں۔امریکی جریدے وال اسٹریٹ جنرل کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 2001 میں امریکا کی افغانستان میں مہم میں شامل ہو کر بہت بڑی غلطی کی، امریکی مہم میں شامل ہونے سے پاکستان میں دہشتگردی نے جنم لیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ امریکا کے ساتھ ہمارا کوئی اتحاد نہیں ہے، کیونکہ اتحادی ایسا سلوک نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے پاکستان کی سیکیورٹی امداد کی معطلی کے بعد امریکا سے اتحاد ختم سمجھتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری فورسز اور قوم نے متفقہ کوششوں سے ملک میں بڑی حد تک امن قائم کر دیا ہے، اور اگر ہم افغان مزاحمت کاروں کیخلاف جاتے ہیں کہ تو یہ جنگ دوبارہ ہماری سرزمین پر لڑی جائیگی جس سے امریکیوں کو فائدہ ہو گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان تنہا نہیں ہے اور ہمارے پاس دوسرے اتحادیوں کے آپشن موجود ہیں۔