ممبئی (شوبزڈےسک)بولی وڈ پروڈیوسر اور ہدایت کار کرن جوہر کا بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ کے ساتھ تعلق خاصہ اچھا نہیں، جس کے بارے میں اب تک سب ہی جان چکے ہیں۔کنگنا رناوٹ نے گزشتہ سال کرن جوہر کے شو کافی ود کرن پر سیف علی خان کے ساتھ شرکت کی، جس کے بعد انہوں نے کرن پر بولی وڈ میں اقربا پروری کرنے کے ساتھ اور بہت سے الزام بھی عائد کیے۔اس شو کے بعد کنگنا اور کرن جوہر کے درمیان ہونے والا تنازع وقت کے ساتھ ساتھ بری شکل اختیار کرتا گیا۔تاہم کرن جوہر اس سب کے باوجود بھی کنگنا رناوٹ کو اپنے کسی بھی شو پر دوبارہ بلانے سے نہیں کترا رہے۔ اپنے جلد نشر ہونے والے شو انڈیا نیکسٹ سپر اسٹارز پر کنگنا رناوٹ کو مہمان کے طور پر بلانے کے حوالے سے کرن جوہر نے کہا کہ مجھے یقین ہے اگر اسٹار پلس نے کنگنا کو یہاں آنے کی دعوت دی، تو مجھے بےحد خوشی ہوگی۔
