راولپنڈی‘ سرگودھا (نیااخبار رپورٹ) سرگودھا کے سجادہ نعشین خواجہ پیر حمید الدین سیالوی نے کہا کہ ختم نبوت کی فیصلہ کن تحریک 13 جنوری کو لاہور سے شروع ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا استعفیٰ لےکر خود لے کرآنے کا وعدہ کیا تھالیکن نہ استعفیٰ آیا اور نہ وہ خود آئے۔اس سلسلہ میں حکومت نت نئی چالیں چل رہی ہے علماء و مشائخ کو تقسیم کرنے کا حکومتی ایجنڈا کبھی پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے ملک بھر کے علماء مشائخ سے متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے ہدائت کی کہ احتجاجی تحریک میں بلوچستان سندھ کے پی کے سمیت ملک بھر سے قافلے لے کر شامل ہوں۔انھوں نے کہاکہ ہماری تحریک 13 جنوری کے بعد ختم نہیں ہوگی بلکہ یہ پاکستان میں نفاذ شریعت تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ختم کرنے کے لیے تمام یہود ی قوتیں اکھٹی ہوچکی ہیں لہزا میری تمام مسلمانوں سے اپیل ہے کہ وہ اسلام کی بقاء کے لیے متحد ہو جائیں،پیر سیال نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست قرار دینے اور پاکستان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کے سنگین الزامات لگانے کی شدید الفاظ میں مزمت کی اور پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ دریں اثنا امیر تحریک لبیک یا رسول اللہ خادم حسین رضوی نے کہا ہے کہ ااسلام اپنی طاقت سے تخت پر آئے گا عوام 9 جنوری کو پی پی 20 الیکشن میں کرین پر مہر لگا کر دین کو تخت پر لانے کے لئے کردار ادا کریں۔ 9 جنوری کا سورج تحریک لبیک کی فتح کی نوید لے کر طلوع ہوگا۔ اب محمد عربی کا دین تخت پر آئے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چکوال اور دیگر علاقوں میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس سے پیر محمد افضل قادری‘ مولانا فاروق الحسن عنایت الحق شاہ‘ سلطانپوری‘ مفتی قاضی سعید الرحمان قادری مولانا مہر محمد لطیف و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ خادم رضوی نے کہا کہ اب گلی گلی نگر آیا آیا دین آیا‘ دیکھو دیکھو کون آیا محمد عربی کا دین آیا لبیک یا رسول اللہ پاکستان کا مطلب کیا لالہ الا اللہ قانون ریاست کیا ہوگا محمد رسول اللہ تاجدار ختم نبوت زندہ باد کے نعرے بلند ہورہے ہیں۔