لاہور (پ ر) وزےراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشرےف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ ا نسٹی ٹیوٹ کااچانک دورہ کیا- وزیراعلیٰ نے ادارے میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی، وہ ہسپتال کے او پی ڈی کے مختلف حصوں میں گئے، ڈاکٹروں اور عملے سے گفتگو کی- وزیراعلی فارمیسی میں بھی گئے اور مریضوں کو ادویات کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا- مریضوں نے ہسپتال میں شاندار طبی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ آپ نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے یہ شاندار ہسپتال بنایا ہے- ڈاکٹروں اور عملے نے وزیراعلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ ادارے کا کریڈٹ آپ کو جاتا ہے- وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہسپتال دکھی انسانیت کی خدمت کے حوالے سے رول ماڈل بن گیا ہے، میں یہاں آکر بہت خوشی محسوس کررہا ہوں- انہوں نے کہا کہ شاندار انتظامات اور بہترین طبی سہولتیں دیکھ کر مجھے بہت مسرت ہورہی ہے اور یہ ادارہ ہیلتھ کے شعبہ میں گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے- انہوں نے کہا کہ اس ادارے میں گردے اور جگر کے امراض میں مبتلا غریب مریضوں کا علاج بالکل مفت ہو رہا ہے- میں خود باقاعدگی سے یہاں آکر ہسپتال میں طبی سہولتوں کا جائزہ لے رہا ہوں اور لیتا رہوں گا- دریں اثناءوزیراعلی شہباز شریف کی زیر صدارت پی کے ایل آئی میں اعلی سطح کا اجلاس منعقدہوا ،جس میں ادارے کے دوسرے مرحلے کے تعمیراتی کاموں اور طبی آلات کی تنصیب کے امور کا جائزہ لیا گیا- وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ہسپتال کے دوسرے مرحلے پر تیز رفتاری سے کام کیا جائے اور ہمیں اس مرحلے کو 23مارچ تک مکمل کرکے آپریشنل کرناہے -انہوںنے کہاکہ منصوبے پر محنت اور جذبے سے کام کیا جائے اور منصوبے کی بروقت تکمیل میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے- انہوں نے کہا کہ 23مارچ کو اس ہسپتال میں جگر اور گردے کی ٹرانسپلانٹ کا عمل بھی شروع ہوجائے گا- وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ہسپتال کے مکمل ہونے و الے پہلے مرحلے میں مریضوں کو علاج معالجے کے حوالے سے کسی قسم کی مشکل پیش نہیں آنی چاہےے-صوبائی وزیرصحت خواجہ سلما ن رفیق ، چیف سیکرٹری ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پی کے ایل آئی ٹرسٹ کے صدر ڈاکٹر سعید اختر اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی-بعدازاں وزیراعلی محمد شہبازشریف نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خان صاحب اور ان کی جماعت پی ٹی آئی نے گزشتہ ساڑھے 4سالوں میں دھرنوں ، الزام تراشی او رجھوٹ بولنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا ہے-الےکشن قریب ہے اس لئے اب انہیں فکر لاحق ہے کہ وہ کس منہ سے عوام کا سامنا کریں گے -انہوں نے کہاکہ ہم ہر روز عوامی فلاح کے منصوبوں کا افتتاح کررہے ہیں جن میں ہسپتال ، سکول،فلٹر کلینکس ، کالجز، انفراسٹرکچر اورٹرانسپورٹ کے منصوبے شامل ہیں -دوسری جانب پی ٹی آئی اور خان صاحب نے صرف عوام کا وقت برباد کیاہے ،اس لئے وہ عوام کا سامنا کرنے سے گھبرا رہے ہیں،اب وہ عوام کو کیا منہ دکھائیں گے -وزیراعلی نے کہاکہ پہلے نیازی صاحب نے الزام لگایا کہ میں نے جاوید صادق سے 23ارب روپے رشوت لی ہے میں نے انہیں نوٹس بھجوایا، انہوںنے آج تک کوئی جواب نہیں دیا-پھر پانامہ کیس میں 10ارب روپے رشوت دینے کا الزام لگایا میں نے کیس کیا وہ عدالت میں حاضری سے بھاگ رہے ہیں-انہوںنے کہاکہ نیازی صاحب یوٹرن، غلط بیانی اور جھوٹ بولنے کے ماسٹر ہیں -انہوںنے دھرنوں اور لاک ڈاﺅنوں کے ذرےعے ترقی کا سفر روکنے کی کوشش کی -ایک ٹی وی پروگرام میں خان صاحب نے دعوی کیا کہ وہ پانچ سالوں میں کے پی کے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیں گے لیکن وہ آج تک ایک کلو واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کر سکے جبکہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے ہزاروں میگا وا ٹ بجلی کے منصوبے مکمل کئے ہیں جن کی بجلی پورے پاکستان کو مل رہی ہے جس پر ہمیں خوشی ہے – بلوچستان حکومت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلی نے کہاکہ ہم جمہوری عمل کی سپورٹ کرتے ہیں ،تمام سیاسی جماعتوں کا فرض ہے کہ وہ بھی سیاسی عمل کو سپورٹ کریں تاکہ ملک میں عوام کی ترقی وخوشحالی کے منصوبے تیزی سے مکمل ہوں اور کرپشن کا خاتمہ ہو-انہوں نے کہاکہ یہ جمہوریت کا حسن ہے کہ منتخب نمائندے خودفیصلے کرتے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ بلوچستان میں پاکستان مسلم لیگ( ن) کی حکومت ہی قائم رہے گی- علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد لغاری نے ملاقات کی جس میں جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوام کی سہولت کے لئے مختلف پراجیکٹس پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کو آبادی کے تناسب سے زیادہ بجٹ مختص کرنا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا اعزاز ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے لئے جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی ترجیحات میں اولین ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں میٹرو اور سپیڈو بسیں روزانہ لاکھوں مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کر رہی ہیں۔ جنوبی پنجاب میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ اپنی مثال آپ ہے۔ ”پکیاں سڑکاں۔ سوکھے پینڈے“ کے تحت ہزاروں کلومیٹر طویل دیہی سڑکوں کی تعمیر سے منڈی تک رسائی بہترہوگی۔100 ارب روپے کے کسان پیکیج سے کاشتکار خوشحال اور زرعی پیداوار میں اضافہ ہوا۔جنوبی پنجاب کی بدحالی کی بات کرنے والوں نے اپنے دور میں کبھی عوامی مسائل پر توجہ نہیں دی۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی پر اربوں روپے کے وسائل نچھاور کئے ہیں۔ سرگودھا کے علاقے بھلوال سے تعلق رکھنے والے مقتول بچے کے والد نذیر احمد نے ملاقات کی۔نذیر احمد نے کوٹ مومن کے جلسے میں وزیراعلیٰ پنجاب سے اپنے مقتول بچے کے حوالے سے انصاف کا مطالبہ کیا تھا، جس پر وزیراعلیٰ نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مقتول بچے کے والد کو لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر بلا لیا تھا۔وزیراعلیٰ نے مقتول بچے کے والد کو گلے لگایا اور انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ نے کیس کے شواہد کو بروقت پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نہ بھجوانے پر پولیس حکام کی سرزنش کی اورمتعلقہ ڈی ایس پی، ایس ایچ او اور تفتیشی کو معطل کرکے ملازمت سے برطرف کرنے کا حکم دیا۔وزیراعلیٰ نے مقتول بچے کے والد کےلئے 10 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان بھی کیا۔