لاہور(ملک مبارک سے) پنجاب فوڈاتھارٹی کا شہریوں کو زہریلے کیمیکلز زدہ پانی سے پاک سبزیاں فراہم کر نے کے دعوے دھرے کے دھرے رہے گئے ۔شہر بھر کے کئی علاقوں بند روڈ،راوی ،کوٹ خواجہ سعید وغیرہ میں زہریلے پانی سے سیراب ہونے والی سبزیاں منڈیوں میں آنے کےلئے تیار۔ فوڈاتھارٹی کی اعلیٰ انتظامیہ فرضی رپورٹس تیار کر کے حکومت پنجاب کو خوش کر نے لگی شہریوں کا وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے نوٹس لینے کی اپیل ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف عوام کو بہتر سہولیات فراہم کر نے میں اپنی صحیت کی خرابی کے باوجود دن رات متحرک ہیں انہوں نے شہریوں کی غذائی اشیاءپر خصوصی توجہ دے رکھی ہے ان کی کاوشوں کی بدولت پنجاب فوڈ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا گیا جس کا کام عوام کو ملاوٹ سے پاک اشیاءفراہم کرنا تھا لیکن فوڈ اتھارٹی وہ کارکردگی نہ دیکھا سکا جس کی امید کی جارہی تھی ۔ملاوٹ سے پاک دودھ فراہم کر نے کے ساتھ ساتھ زہریلے کیمیکلز زدہ پانی سے پاک سبزیاں فراہم کر نے میں بھی ناکام رہا ہے پنجاب بھر کی طرح دارالحکومت لاہور کے علاقوں میں بھی فیکٹریوں کے بھاری دھاتوں ،کیمیکلز زدہ خطرناک زہریلے پانی سے سبزیاں سیراب کی جارہی ہیں راوی کنارے کھوکھراں گاﺅں میں کئی ایکڑ اراضی پر آلو کی فصل کاشت ہوچکی ہے جو جلد سبز منڈی جانے کےلئے تیار ہے کھوکھراں گاﺅں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ یہ اتنا زہریلا پانی ہے جس کے پینے سے جانور بھی مرجاتے ہیں اس پانی سبزیوں کو سیراب کیا جاتا ہے وہاں ان سبزیوں کوکھانے سے انسانی زندگیوں پر کیا اثر پڑے گا ؟لیکن یہاں پر آج تک کوئی فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نہیں آئی اور نہ ہی ایسی سبزیوں کو تلف کیا ہے ۔شہریوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ بند روڈ کے اکثر علاقوں میں ایسی فصلیں اور سبزیاں کاشت ہوتی ہیں جن کو سیوریج کے گندے پانی سے سیراب کیا جاتاہے شہریوں نے فوڈاتھارٹی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھاتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی نے چند جگہوں پر سبزیوں بارے کاروائی کر کے حکومت پنجاب کو مطمین کر نے کی کوشش کی ہے لیکن بعد میںایسی سبزیاں جن کو زہریلا پانی دیا جارہا ہے کے خلاف کاروائی کر نے کی بجائے خاموشی اختیار کر لی ہے ۔اس بارے ترجمان فوڈ اتھارٹی قیصر سے موقف لیا گیا تو انہوں نے روزنامہ خبریں سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ اتھارٹی ایسی سبزیوں کو تلف کر رہی ہے اور کاشتکاروں کے خلاف قانونی کاروائی بھی کر رہی ہے اگر کسی علاقے میں ایسی سبزیاں کاشت ہورہی ہیں تو انکو تلف بھی کیا جائےگا اور متعلقہ کاشتکاروں کے خلاف قانونی کاروائی بھی ہوگی ۔