قصور (ویب ڈیسک) زیادتی کے بعد قتل کر دیے جانے والی بچی زینب کے والد نے مطالبہ کیا ہے کہ قاتل کو سرعام پھانسی دی جائے۔ تفصیلات کے مطابق قصور میں زیادتی کے بعد قتل کر دیے جانے والی بچی زینب کے والد کی جانب سے نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے خصوصی گفتگو کی گئی ہے۔ والد کا کہنا ہے کہ بچی کا اغوا 5 روز پہلے ہوا لیکن پولیس نے نہ بچی کو نہ ہی ملزم کو تلاش یا پکڑنے کی کوشش کی۔ملزم گھر کے آس پاس کے محلوں میں ہی موجود رہا لیکن پولیس نے کسی قسم کا کوئی ایکشن نہیں لیا۔ اس دوران پولیس والے ایک مرتبہ پوچھ گچھ کیلئے گھر آئے اور چائے پی کر چلے گئے۔ اس کے بعد 5 روز تک پولیس نے شکل نہیں دکھائی۔ اس دوران رشتے دار خود بچی کو تلاش کرنے کی کوشش کرتے رہے لیکن پولیس نے کوئی مدد نہیں کی۔ زینب کے والد نے مطالبہ کیا ہے کہ قاتل کو گرفتار کرکے سرعام پھانسی دی جائے۔ چیف جسٹس اور آرمی چیف کا واقعے پر نوٹس لینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔