لاہور (خصوصی رپورٹ) بچوں کے اغوا زیادتی اور قتل کے واقعات میں ملوث مجرموں کو سرعام پھانسی دینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی۔ تحریک انصاف کے رکن ملک تیمور مسعود کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بچوں سے زیادتی اور قتل کی لرزہ خیز واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔ موثر قانون نہ ہونے کی وجہ سے ملزم آزاد گھوم رہے ہیں۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ضروری ہے کہ اس ضمن میں موثر قانون سازی کی جائے ، ایسے واقعات کے مجرموں کو شہر کے چوراہے پر پھانسی دی جائے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایسے مجرموں کی لاشوں کو عبرت کیلئے دو دن تک سولی پر لٹکائے رکھا جائے۔