ملتان (خصوصی رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے بیٹے مخدوم زین حسین قریشی کا ولیمہ آج ہو گا جس میں جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر سے حکومتی‘ اپوزیشن و دیگر جماعتوں کے رہنماﺅں سمیت 15ہزار سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے جس کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے۔ ولیمہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے شاہ محمود نے بھی سپورٹس گراﺅنڈ زکریا یونیورسٹی ملتان کا دورہ کیا۔ ادھر اسلامی جمعیت طلبہ نے یونیورسٹی سپورٹس گراﺅنڈ میں شاہ محمود کے بیٹے کی دعوت ولیمہ کی اجازت دینے کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان جمعیت کے مطابق جامعہ زکریا سپورٹس گراﺅنڈ کی سکرین توڑ دی گئی‘ ایتھلیٹس گراﺅنڈ کو بھی نقصان پہنچا۔ گراﺅنڈ میں موجود کرکٹ پچ بھی ٹوٹ گئی‘ یہ سب کچھ شاہ محمود قریشی نے اپنی موجودگی میں کروایا۔ گراﺅنڈ خراب ہونے سے 18جنوری کو آل پاکستان انٹر یونیورسٹی کرکٹ چیمپئن شپ اور 23جنوری کو انٹرکالجیٹ چیمپئن شپ کا انعقاد بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔ لاکھوں کا نقصان ہونے کے باوجود بھی یونیورسٹی انتظامیہ کو محض پانچ ہزار کرایہ ادا کیا گیا ہے۔ جمعیت وائس چانسلر سے مطالبہ کرتی ہے کہ سپورٹس گراﺅنڈ کو مکمل طور پر تیار کروایا جائے۔ دریں اثنا رابطہ کرنے پر ترجمان جامعہ زکریا کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی سپورٹس گراﺅنڈ تقریب کیلئے پہلی بار نہیں دیا گیا‘ یونیورسٹی کرایہ پر یہ جگہ فراہم کرتی ہے اور اس کا کرایہ 5ہزار روپے وصول کیا گیا ہے۔ سپورٹس گراﺅنڈ کی کرکٹ پچ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تاہم راستہ کیلئے سپورٹس گراﺅنڈ کی دیوار توڑی گئی اور تقریب کی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ منگل کے روز مذکورہ توڑی گئی دیوار دوبارہ تعمیر کرا کر دیں گے۔
ولیمہ