اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سنیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ سابق وزیر داخلہ چودھری نثار اگر بااصول آدمی ہیں تو پارٹی کی جان چھوڑ دیں ڈان لیکس کے معاملے پر چودھری نثار فوج کے ایک گروہ کو خوش کرناچاہتے تھے پارٹی میں میرا ووٹ اس حق میں ہوگا کہ چودھری نثار کو پارٹی سے نکال دیا جائے۔ چودھری نثار کسی کی خوشنودی کیلئے مجھے پارٹی سے نکلوانا چاہتے تھے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں غیر سیاسی عناصر سیاست میں مداخلت نہیں کرینگے۔ سیاسی مداخلت کرنے پر کسی کانام نہیں لیں گے کیونکہ ملکی حالات کا تقاضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصور میں معصوم زینب کے قتل پر افسوس ہے نواز شریف کا زینب کے گھر نہ جانے کی وجہ اس ایشو پر سیاست کا ہونا ہے۔ بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات پنجاب حکومت کی ناکامی نہیں ملزم جلد گرفتار ہو گا۔ ثناءاللہ زہری کے سیکرٹری کو اٹھایا گیا آج تک نہیں پتہ کس ادارے نے اٹھایا۔ میں میمو کمیشن میں جانے کا دفاع نہیں کرتا کوئی ایم پی اے شہباز شریف کو بلیک میل نہیں کر سکتا۔ شہباز شریف قصور جاتے تو مخالفین کہتے سیاست ہو رہی ہے ہمارے ہاں تنقید نہیں کی جاتی سزا تجویز کی جاتی ہے۔ سیاستدانوں کا احتساب عوام سے بہتر کوئی نہیں کر سکتا۔ منتخب ہو کر وزیر اعظم بننا گناہ اور معزول ہونا اس سے بھی بڑا گناہ ہے۔ نواز شریف نے نظریاتی کہہ کر ماضی کی غلطیوں کا اعتراف کیا۔ 2013ءکے انتخابات ہونے والے تھے تو طاہر القادری باہر سے آئے اور نعرہ لگایا سیاست نہیں ریاست بچاﺅ آخر یہ نعرہ کہاں سے آیا ڈاکٹر طاہر القادری تو سیاست کو ہی ختم کرنا چاہتے ہیں۔ میری درخواست ہے ہمیں بیرونی چیلنجز کا سامنا کرنا ہے اندرونی چیلنجز نہ بنائے جائیں۔