اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) برطانوی جریدے دی اکانومسٹ نے پیشگوئی کی ہے کہ 2018 ءکے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) دوبارہ کامیاب ہوگی جبکہ بین الاقوامی جریدے نے پی ٹی آئی اور پاکستان پیپلز پارٹی کو غیر موثر قرار دیدیا ۔ جریدے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری اور بلا رکاوٹ اقتصادی ترقی (ن) لیگ کی کامیابی کا باعث ہو گی، کاروباری حالات مشکل رہیں گے اور اصلاحات پر پیشرفت سست رہے گی لیکن معیشت استحکام کی جانب بڑھے گی اور مستحکم شرح نمو برقرار رہے گی، اس کی وجہ روپے کی قدر میں کمی ہے لیکن یہ انتخابات کے بعد تک صورتحال ہوگی، چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کا اقدام جو کہ شمالی سرحد سے جنوبی ساحل تک توانائی کی منتقلی کا رابطہ فراہم کریگا پر کام کی رفتار تیز ہوگی۔ پاکستان کی مجموعی ترقیاتی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح 5.5 فیصد ہے جبکہ فی کس جی ڈی پی 1661 ڈالر ہے ، افراط زر کی شرح 3.8 فیصد اور بجٹ بیلنس پر جی ڈی پی کی شرح منفی 4.6 ہے جبکہ پاکستان کی مجموعی آبادی 20 کروڑ 80 لاکھ ہے۔ بین الاقوامی جریدے دی اکانومسٹ کی رپورٹ کے مطابق 2018 ءکے انتخابات میں پی ٹی آئی اور پاکستان پیپلز پارٹی غیر موثر رہیں گی۔
