راولپنڈی (ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے گذشتہ روز متحدہ اپوزیشن کے احتجاجی مظاہرے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پارلیمنٹ پر لعنت بھیجتے ہیں اور اس پارلیمنٹ سے مستعفی ہو رہے ہیں۔ ابتدائی طور پر ایسے محسوس ہو رہا تھا کہ شیخ صاحب نے جوش خطابت میں یہ بیان دیا ہے مگر اب کئی گھنٹے گذرنے کے بعد شیخ رشید میدان میں آگئے ہیں۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کوئی اسمبلی رکنیت سے استعفا دے یا نہ دے وہ اپنے فیصلے پر قائم ہیں اور ہر صورت میں استعفا دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں سخت بیمار ہوں اور اسی لئے میں تاحال اپنا استعفیٰ نہیں بھجوا سکا ہوں۔
