اسلام آباد (صباح نیوز مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قصور کے ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے ایکÇ مضبوط جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں سے زیادتی اور قتل میں بااثر لوگ ملوث ہیں۔جمعہ کوعمران خان نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ زینب کے قاتل کی گرفتاری کے بعد بچوں سے زیادتی اور قتل سے متعلق ایک منظم گروہ کے آثار سامنے آرہے ہیں جو کہ بچوں کی پورنو گرافی میں ملوث ہے، ہمیں پتا لگا ہے کہ عمران علی کے کئی بینک اکاونٹس موجود ہیں جس سے ظاہرہوتا ہے کہ بچوں کے خلاف زیادتی اور قتل میں بااثر لوگ شامل ہیں۔عمران خان نے ایک اور ٹوئٹ میں جے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مضبوط جے آئی ٹی قصور کے ویڈیو اسکینڈل کی بھی تحقیقات کرے جب کہ رانا ثنا اللہ نے ویڈیو اسکینڈل کو بے شرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمین کا جھگڑا قرار دے کر رد کردیا تھا۔ اسے بھی بے نقاب کرنا ہوگا عمران خان نے کہا کہ عمران علی کے بینک اکاونٹس کے معاملے کو متنازع بنانا افسوس ناک ہے ضرورت ہے کہ ہم سنسنی سے گریز کرتے ہوئے ایک بااختیار جے آئی ٹی بنانے کے لیے دباو بڑھائیں تاکہ زینب اور قصور کے دیگر بچوں کے ساتھ بیتے گئے ہولناک المیے کی تحقیقات کی جاسکے۔