لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب میں شدید دھند کے باعث فلائٹ شیڈول بری طرح متاثر ہوگیا جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق شدید دھند کے باعث شمالی اور جنوبی پنجاب میں پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے جس کے باعث پی آئی اے کا فلائٹ شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ لاہور سے کراچی جانے والی پرواز آج دن ڈیڑھ بجے روانہ ہوگی جب کہ کراچی سے ملتان جانے والی پرواز ساڑھے 10 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ترجمان پی آئی اے نے کہا کہ فیصل آباد سے کراچی جانے والی پرواز بھی 10 گھنٹے تاخیر کاشکار ہے، سیالکوٹ سےجدہ جانے والی پرواز 10گھنٹے تاخیر سے دن 12 بجےروانہ ہوگی جب کہ لاہور سے جدہ جانے والی پرواز 9 گھنٹے تاخیر سےشام 7 بجے اڑان بھرے گی۔ترجمان پی آئی اے نے ہدایت کی ہے کہ مسافر ایئرپورٹ آنے سے قبل پرواز کا شیڈول ضرور معلوم کرلیں۔
