لاہور (نیا اخبار رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے امیدواران کیلئے سینیٹ کی ٹکٹیں مریم نواز فائنل کریں گی، اعلیٰ قیادت کے اعتماد نے مریم نواز کو قومی سیاسی دھارے کیلئے لازم و ملزم قرار دیدیا، آئندہ عام انتخابات کی ٹکٹیں دینے کا اختیار بھی مریم نواز کے پاس محفوظ رہیگا، پارٹی کی مشاورتی کونسل صرف امیدواران کا ڈیٹا اکٹھا کریگی۔ لیگی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت مریم نواز کی سیاسی بصیرت کو مکمل طور پر فعال بنانے میں ان کو سیاسی طور پر طاقتور بنا رہی ہے، اس ضمن میں سیاسی جلسے جلوس ، عوامی رابطہ مہم، لیگی ورکرز کو ذمہ داریاں عائد کرنے کیساتھ ساتھ مریم نواز کو سینیٹ کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواران کو ٹکٹ دینے کے علاوہ آئندہ عام انتخابات میں بھی ٹکٹیں دینے کا اختیار دیا جارہا ہے۔ جس سے ان کے سیاسی قد کو قومی سطح پر بڑھایا جارہا ہے، مریم نواز کے سیاسی فیصلوں پر پارٹی متفق ہوگئی، جس کا آغاز سینیٹ کے انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم سے کیا جارہاہے۔