اسلام آباد(ناصر کاظمی)سپریم کورٹ میں حدیبیہ پیپرملز کیس کی بحالی کے لیے نیب کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے بھی آئندہ ہفتے نظرثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ،بدھ کو پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری ایڈووکیٹ نے خبریں کو بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان حدیبیہ پیپرملز کیس کی بحالی کے لیے نیب کی درخواست پر تین رکنی بنچ کے فیصلے کے خلاف آئندہ پیر یا منگل کو نظر ثانی درخواست دائر کریں گے جس میں مﺅقف اختیا رکیا جائے گا کہ پانامہ لیکس کیس میں 5 رکنی لارجر بنچ کی جانب سے حدیبیہ پیپر ملز کیس سے متعلق آبزرویشن کو تین رکنی بنچ نظر انداز نہیں کرسکتا ،جس میں کہا گیا تھا کہ حدیبیہ ملز کیس میں نیب کو اپیل دائر کرنی چاہیئے تھی ،کیونکہ پانامہ جے آئی ٹی کے تحقیقاتی رپورٹ میں حدیبیہ کیس سے متعلق مزید حقائق بھی سامنے آئے ہیں ،پی ٹی آئی کا مﺅقف ہے کہ حدیبیہ پیپر ملز پورے شریف خاندان کی کرپشن کا کیس ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،اس کیس میں ملک سے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی،ہائی کورٹ نے تکنیکی بنیاد پر فیصلہ دیا ،ہمارا خیال ہے کہ عدالت عظمیٰ کا لارجر بنچ تین رکنی بنچ کے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے کیس کی بحالی کا حکم جاری کردے گا۔