تازہ تر ین

شہباز شریف فرعون،وقت آگیاجلد نکا ل دیں گے

لودھراں( سٹی رپورٹر )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لودھراں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لودھراں کے عوام 12فروری کو بلے مہر لگا کر پی ٹی آئی کے امیدوار علی خان ترین کو کامیاب کرائیں ۔ہماری خوش قسمتی یہ ہے کہ عوام اب باشعور ہیں اس لئے ہم نے مل کر کرپشن لیگ کو شکست دینی ہے اور علی خان ترین کو کامیاب کراناہے۔ عمران خان نے کہا کہ جہانگیر خان ترین نے لودھراں میں لوگوں کی بہت خدمت کی ہے اور اب بھی کررہے ہیں ۔ سپریم کورٹ میں انکے خلاف فیصلہ آیا مگر ججوں نے اپنے فیصلے میں یہ کہا کہ جہانگیر ترین پاکستان کے سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے سیاست دان ہیں انہوں نے کرپشن کی نہ ہی منی لانڈرنگ کی ۔ جہانگیر ترین کی شوگر ملز اس وقت کسانوں کو گنے کا پورا ریٹ دے رہی ہیں جو کوئی بھی دوسری ملز مالکان نہیں دے رہے ۔ ہم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کیا کیونکہ ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ا س ملک کا تیس ہزار کروڑ روپے چوری کرکے باہر بھیجا گیا نوازشریف کے بچوں کی16کمپنیاں ملک سے باہر ہیں۔حسن شریف 600کروڑ روپے کے گھر میں رہتاہے ۔نوازشریف سے جب پوچھا جاتاہے کہ یہ پیسہ باہر کیسے بھیجا تو وہ جھوٹا قطری خط لے کر آجاتاہے۔ نوازشریف اگر برطانیہ کی سپریم کورٹ میں قطری خط پیش کرتا تو جھوٹ بولنے پر اسے سز ا ہوچکی ہوتی۔ نوازشریف اور شہبازشریف سے جب نیب پوچھ گچھ کرتی ہے تو وہ کہتے ہیں کہ نیب پہلے ہمارے سوالوں کا جواب دے۔مریم نوازکہتی ہے کہ جے آئی ٹی پہلے میرے سوالوں کا جواب دے۔اصل میں یہ سپریم کورٹ اور نیب کو کہہ رہے ہیں کہ تمہیں ہم سے تحقیقات کرنے کی جرات کیسے ہوئی؟ سپریم کورٹ نے نوازشریف کو مافیا کا گارڈفادر کہا ۔یہ مافیا ہیں مجرموں کا منظم ٹولہ ہوتاہے۔ مافیا اداروں، ججوں،سیاست دانوں او ر اپوزیشن کو خریدتاہے نیب میں اپنا چیئرمین بٹھاتاہے ۔مافیا سب سے پہلے ادارے تباہ کرتا ہے۔ نوازشریف اور شہبازشریف اپنے وزیر وں کو ساتھ ملا کر چوری کرتے ہیں۔ خواجہ سعد رفیق کو نیب نے اربوں کی چوری پر بلایا ہواہے ۔ خواجہ آصف وزیر ہوتے ہوئے باہر نوکری کرتاہے اور منی لانڈرنگ کر کے پیسہ بیوی کے نام پر باہر بھیجتاہے۔ملتان میٹرو بس منصوبے میں کرپشن کرنے پر شہبازشریف نیب کا جواب نہیں دے رہا۔اس مافیا نے پانامہ کیس کرنے پر جہانگیر ترین اور مجھے بلیک میل کرنے اور پریشر ڈالنے کے لئے جھوٹے کیس بنائے۔شہبازشریف سے کہتاہوں کہ میٹرو ملتان میں اربوں کی چوری کا حساب دیں۔عمران خان نے کہا کہ عابد باکسر نے بیان دیا ہے کہ وہ شہبازشریف کے کہنے پر لوگوں کو قتل کرتاتھا اور شہبازشریف کے کہنے پر دو بھائیوں کو قتل کیا۔عابد باکسر نے بیان دیا کہ شہبازشریف نے 2بھائیوں کو قتل کرنے کا کہا ۔بی بی سی کی رپورٹ ہے کہ شہبازشریف کے1997اور 98کے دور حکومت میں پولیس نے 870قتل کیے۔ ماڈل ٹاﺅن میں دن دہاڑے 14قتل کیے گئے ۔سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ماورائے آئین قتل کے کیسوں کی تحقیقات کے لئے کمیشن بنائیں۔شہباز شریف فرعون ہیں اور ان کے گرنے کا وقت آگیا ہے ۔نوازشریف کی باری آچکی اسے نکال دیاگیا اب شہبازشریف تمہاری باری ہے۔مافیا کے خلاف جنگ لڑنا بھی جہادسے کم نہیں ہے ۔ہم نے اس مافیا کا مقابلہ کرناہے۔نوازشریف کو چیلنج دیتاہوں کہ پاکستان کے کسی بھی گراﺅنڈ میں یہ پوچھنے کے لئے جلسہ کرلوکہ مجھے کیوں نکالا ۔دوسرے دن میںعوام کو یہ بتانے کے لئے جلسہ کروں گا کہ ساری قوم خوش ہے کہ تمہیں ٹھیک نکالا۔شہبازشریف خادم اعلیٰ نہیں قاتل اعلیٰ ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ لودھراں والوں نے میر ادل خوش کردیاہے۔میں پیشین گوئی کررہاہوں کہ پاکستانی سیاست میں علی خان ترین تاریخی رول ادا کرے گا۔ خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی کا کیس سپریم کورٹ میں لگ گیاہے خاقان عباسی بھی جلد جیل جائے گا ۔وائس چیئرمین شاہ محمو دقریشی نے کہا کہ آج کا پنڈال بتارہاہے کہ مہریں بلے پر لگیں گی اور علی ترین ضمنی الیکشن میں بھرپور کامیابی حاصل کرینگے ۔اگر اہالیان لودھراں دیانت داری اور عوامی خدمت کو سامنے رکھ لیں تو فیصلہ آسان ہوگا کہ علی ترین سب سے بہترین اور موزوں امیدوار ہیں ۔پاکستانی عوام کو تحریک انصاف کی شکل میں متبادل جماعت ،متبادل جھنڈا ور متبادل نشان ملک چکاہے ۔جنوبی پنجاب کے لوگ سمجھدار ہیں وہ اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کرینگے اور اس بار بلے پر مہریں لگا کر تحریک انصاف کو کامیاب کرائیں گے ۔جہانگیر خان ترین نے جلسہ سے خطاب میں کہا کہ لودھراں میں جلسہ کرنے پر اپنے قائد عمران خان اور اہالیان لودھراں سمیت سنٹرل و جنوبی پنجاب او ر ملک بھر سے آئی پارٹی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ اد ا کرتاہوں۔جہانگیر ترین نے کہ میرا گزشتہ دو انتخابات میں مقابلہ صدیق بلوچ سے نہیں بلکہ شریف برادران سے تھا۔جتنی عزت اور پیار مجھے لودھراں کے لوگوں نے دیا میں انکا یہ احسان ساری زندگی نہیں بھولوں گا۔اب لودھراں کی پہچان پوری دنیا میں بن چکی ہے مگر میں یہ بھی کہتاہوں کہ میر ی پہچان بھی لودھراں کی وجہ سے ہے۔ اب بھی کہتاہوں کہ علی ترین کا مقابلہ حکومت وقت کے ساتھ ہے ہم وقت کے فرعونوں کو عبرت ناک شکست سے دوچارکرینگے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے میرے خلاف فیصلہ دیا کبھی بھی سپریم کورٹ کے خلاف کوئی بات نہیں کی ۔ اللہ پر پوری امیدہے کہ نظرثانی اپیل میں بہتری ہوگی ۔انہوں نے کہا میرے پاس عہدہ او ر سیٹ ہونہ ہو وعدے کے مطابق میں اور میرا بیٹا علی خان ہمیشہ لودھراں کے عوام کی خدمت کرینگے عوام کے ساتھ رہیں گے اور انکا ہاتھ نہیں چھوڑیں گے۔وعدہ کرتاہوں کہ ہمیشہ عمران خان کے ساتھ کھڑارہوںگا اور نیا پاکستان بنانے کی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار اداکروںگا۔جہانگیر ترین نے کہا کہ شریف خاندان سیاست سے فارغ ہوچکاہے ۔نوازشریف کو نکال دیاگیا اگلے مہینے شہباز شریف کی باری ہے۔امیدوار قومی اسمبلی علی خان ترین نے کہا کہ لودھراں کے عوام کے ساتھ جو دوستی اور پیار کا رشتہ قائم ہے وہ ہمیشہ نبھاﺅں گا۔ حکومت نے ہمیں کبھی فنڈز نہیں دیے۔ ہم نے لودھراں کے عوام کی جتنی خدمت کی اپنے ذاتی فنڈ سے کی کیونکہ ہم نے عہد کرلیاتھا کہ حکومت ہمیں فنڈ دے نہ دے ہم عوام کی خدمت کرینگے ۔لودھراں کی کوئی یونین کونسل اور کوئی وارڈ ایسا نہیں ہے جہاں میرے والد صاحب نے ترقیاتی کام نہیں کروائے ہوں گے ۔علی خان ترین نے کہا کہ ہم نے لودھراں کے لوگوں کو پیار دیاہے اور انکی عزت نفس بحال کی ہے ۔لودھراں کے عوام تبدیلی لانے کے لئے12فروری گھروں سے باہر نکلیں۔ہمیں کامیاب کراکر ایک بار پھر ہمیں اپنی خدمت کا موقع دیں۔لودھراں کے عوام کی دعائیں ہمارے ساتھ ہیں تحریک انصاف ضمنی الیکشن میں کامیابی کے ساتھ ساتھ اگلی حکومت بھی بنائے گی۔ جلسے سے پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کے صدر اسحاق خان خاکوانی ،چودھری محمد سرور ،ملک غلام مصطفی کھر ،مراد سعید ، ابرارالحق اور عطاءاللہ خان عیسیٰ خیلوی نے بھی خطاب کیا ۔ عطاءاللہ عیسیٰ خیلوی اور ابرارالحق نے پارٹی ترانے بھی گائے ۔ جلسے کے دوران لودھراں کی مقامی قیادت سٹیج پر موجود تھی جبکہ ہزاروں کی تعدا د میں پرجوش کارکن پارٹی پرچم لہراتے رہے اور عمران خان اور جہانگیر ترین کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔

 


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain