میانوالی(ویب ڈیسک)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تحصیل عیسیٰ خیل اور ملحقہ آبادیوں کوگیس فراہمی منصوبے کاافتتاح کردیا،گیس فراہمی منصوبے سے ایک لاکھ 80 ہزارکی آبادی مستفیدہوگی،گیس کی فراہمی کیلئے 58کلومیٹرطویل ٹرانسمیشن لائن بچھائی جائےگی جس پر 2 ارب 30 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔میانوالی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 1999سے 2008 تک ملک میں آمریت پھرپیپلزپارٹی کی حکومت رہی،کوئی حکومت ہمارے ترقیاتی منصوبوں کامقابلہ نہیں کرسکتی،انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت سازشوں کامقابلہ بھی کرتی رہی اورکام بھی کیے،انہوں نے کہا کہ لوٹ کھسوٹ اورلوگوں کوخریدنے کی سیاست ملکی مفادکیخلاف ہے،جو لوگ ووٹ خریدکرسینیٹ میں آئیں گے ان کامقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 2013 میں جب اقتدار میں آئے توپنجاب میں سوئی گیس نہیں تھی اورنئے کنکشن نہیں دیئے جارہے تھے،مسلم لیگ ن کی حکومت نے پورے پنجاب میں منصوبوں کاجال بچھادیاہے،شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ منصوبے کاغذ کی باتیں یادعوے نہیں ہیں،حقیقت ہیں ،چترال سے گوادرتک سڑکوں،گیس،بجلی،ہسپتالوں کے منصوبوں پرکام کیا،یہ 2013 میں عوام کے فیصلے کے اثرات ہیں اوریہ منصوبہ پنجاب میں سوئی گیس کاسب سے بڑامنصوبہ ہے۔
