لاہور (نیااخبار رپورٹ) پولیس کے 10 افسروں سمیت پنجاب بھر کے 20 افسروں نے تاحال غیر ملکی بیویوں کے متعلق تفصیلات نہ بھجوائیں۔ سپریم کورٹ کی جانب سے پولیس افسروں کی غیر ملکی بیویوں کا ریکارڈ جمع کرانے کیلئے گزشتہ روز کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔ لاہور سمیت صوبہ بھر کے 300 کے قریب پولیس افسروں نے غیر ملکی بیگمات کا ریکارڈ مانگا گیا تھا۔ متعلقہ برانچ کے مطابق شہر کے 10 سے زائد اعلیٰ پولیس افسروں اور ایس پی رینک کے افسروں سمیت پنجاب بھر سے 20 افسران نے تاحال ڈیٹا جمع نہیں کرایا۔ متعلقہ برانچ رپورٹ تیار کرکے لیگل برانچ کو دے گی اور اگلے روز ڈی آئی جی لیگل ریکارڈ لے کر سپریم کورٹ کو تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ ان افسروں کو یادہانی مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ روزنامہ نیااخبار چند روزقبل پنجاب پولیس کے افسران کی دوہری شہریت کے حوالے سے خبر بھی شائع کر چکا ہے جس پر عوامی حلقوں نے پولیس افسران کی دوہری شہریت کو سکیورٹی رسک قرار دیا تھا۔