کراچی (نیااخبار رپورٹ) متحدہ (پاکستان) میں ہونے والے اختلافات اور دو واضح گروپوں نے متحدہ کے متعدد ارکان سندھ اسمبلی جو متحدہ کی سیاست سے مایوس ہیں ان کی پیپلزپارٹی سے خفیہ رابطے کے بعد ڈیل مکمل ہوگئی ہے جس کے تحت پانچ مارچ کو سینٹ کے ہونے والے انتخابات میں ان کی جانب سے پیپلزپارٹی کی حمایت کئے جانے کے بعد پیپلزپارٹی کی سینٹ میں نشستوں میں اضافے کا امکان ہے۔ خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ پیپلزپارٹی جس کے پاس اس وقت سندھ میں سینٹ کی 9 نشستیں ہیں اضافے کے بعد اس کی تعداد 11 ہوسکتی ہے۔ انتہائی باخبر ذرائع سے معلوم ہوا کہ پیپلزپارٹی جو کہ سینٹ میں اپنی بالادستی قائم کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر جوڑ توڑ میں مصروف علم ہے سندھ میں بھی مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکین سے نہ صرف بڑے پیمانے پر رابطے کررہی ہے بلکہ متعدد اراکین سندھ اسمبلی کے امیدواروں کا ساتھ دینے پر رضامندی ظاہر کردی ہے جس کے تحت پیپلزپارٹی نے ان اراکین پر نوازشات کی بارش کرنے کے لئے ساتھ ساتھ اس بات کی بھی مکمل یقین دہانی کرائی ہے کہ انہیں الیکشن کے بعد اہم ذمہ داریاں بھی سونپی جائیں گی۔
