کالی آندھی پاکستان آئیگی ، اچانک اعلان ہو گیا

لاہور(آئی این پی) ویسٹ انڈیز کے مارچ میں دورہ پاکستان میں اہم پیشرفت ہوئی ہے،ویسٹ انڈیز پلیئرز ایسوسی ایشن نے کھلاڑیوں کو پاکستان کا دورہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ویسٹ انڈیز پلیئرز ایسوسی ایشن (ویپا)نے کھلاڑیوں کو پاکستان کا دورہ کرنے کی اجازت دے دی ہے جبکہ اسی کے اعتراض پر گذشتہ سال نومبر میں ویسٹ انڈیزٹیم پاکستان نہیں آئی تھی۔رواں برس مارچ میں دورہ پاکستان پر آمادگی ویپا کے اجلاس میں ظاہر کی گئی ہے۔واضح رہے پاک ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیموں کے مابین 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز شیڈول ہے۔شیڈول کے مطابق ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کو 29، 31 مارچ اور یکم اپریل کو لاہور میں میچ کھیلنے ہیں۔

سونم کپور کب پیا دیس جائینگی ، اعلان ہو گیا

ممبئی (خصوصی رپورٹ) اداکارہ سونم کپور اور ان کے بزنس مین دوست آنند اہوجا کی شادی کا رواں سال جون میں امکان ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اداکارہ سونم کپور اور کاروباری شخصیت آنند اہوجا کی منگنی کی تقریب کے لئے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور سونم کپور کے والدین نئے فرد کو خاندان میں شامل کرنے کے لئے بہت پرجوش اور خوش ہیں۔
.

بڑی خوشخبری ،پیدائشی بہرے اب سن سکیں گے

کراچی (خصوصی رپورٹ) چین میں پانچ بچوں کے ایک گروپ کو ان کے ہی جسم سے حاصل کردہ خلیوں کی مدد سے تیار کیے گئے کان کامیابی کے ساتھ لگانے کا تجربہ کیا گیا ہے۔ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ بچے پیدائشی طور پر کان سے محروم تھے، جنہیں تھری ڈی ٹیکنالوجی کی مدد سے نئے کان لگانے کا دنیا کا پہلا تجربہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ان بچوں کی عمر 6 سے 13 سال کے درمیان ہے اور یہ سب مائیکروشیا نامی مرض میں مبتلا تھے، جس کا مطلب یہ ہے کہ پیدائشی طور پر ان کے کان صحیح طرح سے نہیں بن پائے تھے۔ مائیکروشیا بیماری یونیلیٹرل یعنی صرف ایک کان پر ہی اثرانداز ہوئی تھی تاہم ان بچوں کو نیا کان لگانےکے لیے سائنسدانوں نے ان کے صحت مند اور مکمل کان کی ہائی ریزولیوشن تصاویر بنائیں تاکہ اس کی ہوبہو نقل بنائی جا سکے۔ اس کام کے بعد، ٹِشو انجینئرز اور پلاسٹ سرجنز نے ویٹرو انجینئرنگ کا طریقہ کار استعمال کرتے ہوئے ہائی ریزولیوشن تصاویر کی نقل بنائی جس کے لیے بچوں کے اپنے ہی خلیوں یعنی اسٹیم سیل کو تھری ڈی پرنٹر کے ذریعے پرنٹ کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے کری ہڈی یعنی کارٹیلیج کے خلیے اس جگہ سے لیے گئے جہاں کان پیدا نہیں ہو سکا تھا،اس طریقہ کار کو سیل کلچرنگ کہا جاتا ہےاور پھر بعد میں کمپیوٹڈ ٹوموگرافی یعنی سی ٹی اسکین کی مدد سے صحت مند کان پیدا کیا گیا، جسے بعد میں ان بچوں پر لگا دیا گیا۔ رپورٹ میںمزید بتایا گیا ہے کہ اگرچہ اس طرح کی بایولوجیکل تکنیک بہت پرانی ہے، لیکن یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اسے انتہائی موثر انداز سے انسانوں پر استعمال کیا گیا ہے۔

 

افغان طلبا ءکیلئے اہم خبر،حکومت نے بڑا اقدام کر لیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزارت خارجہ کی جانب سے پاکستان میں زیر تعلیم افغان طالبعلموں کے انتہا پسندانہ رجحانات جانچنے کی تجویز پر وزارت داخلہ نے خصوصی کمیٹی قائم کرنے کے احکام جاری کرکے نیکٹا اور وزارت سیفران سے جامع رپورٹ مانگ لی۔باوثوق ذرائع نے ’’ایکسپریس‘‘ کوبتایا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت وزارت خارجہ نے پاکستان میں زیر تعلیم تمام طلبا خصوصاً افغان طلبا کی انتہا پسندانہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے اور ان کے ویزا نظام کو مزید بہتر بنانے کیلیے وزارت داخلہ کو تجویز دی تھی جس پروزارت داخلہ نے متعلقہ شعبے کو بھی احکام جاری کیے ہیں کہ آن لائن ویزا فارم کا ازسرنوجائزہ لیکراسے مزید بہتر کیا جائے۔ امریکا اوریورپ کی طرز کا پاکستان میں جدیدبین الاقوامی معیارکاویزا ٹریکنگ نظام قائم کیاجائے جب کہ پہلی ترجیح میں ویزہ مدت ختم ہونے کے بعد بھی پاکستان میں مقیم افغان طلبا کا پتہ چلایاجائے۔

اسٹیبلشمنٹ 22 کی پاکستان مخالف کاروائیوں کا بھانڈا پھوٹ گیا

نئی دہلی (خصوصی رپورٹ) بھارتی صحافی پراوین سوامی نے انکشاف کیا ہے کہ صرف ”را“ ہی نہیں ایک اور بھارتی خفیہ ایجنسی اسٹیبلشمنٹ 22 بھی لاہور اور کراچی میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے۔ کلبھوشن ”را“ کے خفیہ مشن کا حصہ تھا۔ پکڑے جانے پر انڈین نیوی نے ریکارڈ غائب کر دیا۔ انڈین خفیہ ایجنسی ”را“ کے پاکستان میں خفیہ مشنز کا پردہ چاک ہو گیا۔ بھارتی صحافی نے کلبھوشن کے مشن اور ”را“ کے کرتوتوں کا پول کھول دیا۔ پراوین سوامی کے مطابق کلبھوشن یادیو نیوی کا حاضر سروس افسر تھا جو کئی سال سے چاہ بہار میں ”را“ کے خفیہ مشن پر تھا۔ انہوں نے کہا جب معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث دہشت گرد پکڑا گیا تو بھارتی نیوی نے ریکارڈ غائب کر دیا۔ کلبھوشن کے ریٹائرڈ نیوی افسر ہونے کا بھارتی دعویٰ بھی جھوٹا نکلا۔ تحقیقاتی صحافی نے ریٹائرمنٹ کی تاریخ معلوم کرنے کیلئے محکمہ دفاع سے رجوع کیا تو بھارتی حکام جواب دینے کے بجائے آئین بائیں شائیں کرتے رہے۔

سپریم کورٹ نے سابق چیئر مین پی ٹی وی کیخلاف چونکا دینے والا اقدام کر ڈالا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)سپریم کورٹ نے عطا الحق قاسمی کو چیئرمین پی ٹی وی بورڈ مقرر کرنے کے معاملے میں پرویز رشید اور فواد حسن فواد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آبزرویشن دی ہے کہ اگر تقرری غیرقانونی ہے تو کیوں نہ تقرری کرنے والے سابق وزیراعظم کو طلب کرکے ان سے وصولی کی جائے۔گزشتہ روز چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی وی کی عدم تقرری کے بارے میں ازخود نوٹس کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی وی کی  مبینہ طور پر غیر قانونی تقرری کا نوٹس لے کر عطا الحق قاسمی، اس وقت کے وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید، وزیر اعظم کے سیکریٹری فواد حسن فواد، موجودہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ، سابق سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ندیم حسن آصف اور سابق ایڈیشنل سیکریٹری اطلاعات صبا محسن رضا کو نوٹس جاری کردیا اور قرار دیا کہ سیکریٹری اطلاعات عطاالحق قاسمی کی بطور چیئرمین پی ٹی وی بورڈ تعیناتی کے بارے میں عدالت کو مطمئن نہیں کرسکے اور نہ ہی یہ بتا سکے کہ چیئرمین بورڈ بھاری تنخواہ اور مراعات حاصل کرنے کے حقدار تھے یا نہیں۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ اگر تقرری غیرقانونی ہے تو بطور چیئرمین پی ٹی وی عطا الحق قاسمی کو تنخواہ اور مراعات کی مد میں ادائیگی بھی غیر قانونی ہے جو ان سے وصول کی جائے گی، سمری پر دستخط نوازشریف نے کیے ہیں چاہیں تو انھیں بھی بلاسکتے ہیں، یہ کسی کا ذاتی نہیں  غریب عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ہے۔ چیف جسٹس نے عدالتی فعالیت پر تنقید مسترد کرتے ہوئے کہاکہ جوڈیشل ایکٹوازم کو بند کرنے کا کہا جارہاہے۔چیف جسٹس نے ایک ٹی وی اینکر کا نام لیا اور کہا کہ انھوں نے اپنے پروگرام میں کہا کہ عدالتی فعالیت بہت زیادہ ہوگئی، اسے بند کردیا جائے۔  سیکریٹری اطلاعات احمد نواز سکھیرا نے عدالت کو بتایا کہ ایم ڈی پی ٹی وی کا ایڈہاک چارج  عطا الحق قاسمی کے پاس ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ایڈہاک ازم مسائل کا حل نہیں، 26 فروری 2016 سے پوسٹ خالی ہے، کون ذمے دار ہے جس نے ایک سال 7 ماہ تک سمری نہیں بھیجی، عدالت کے استفسار پر سیکریٹری اطلاعات نے تسلیم کیا کہ عطاالحق قاسمی کا چارج سنبھالنا نامناسب تھا جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ نامناسب نہیں غیر قانونی ہے، ہم ان سے ریکوری کریںگے۔سیکریٹری اطلاعات نے کہاکہ بطور چئیرمین ان کی تنخواہ 15لاکھ مقرر ہوئی اور 2 سال میں 27 کروڑ 80 لاکھ ادائیگی ہوئی۔ چیف جسٹس نے کہاکہ عطا الحق قاسمی کو2 سال کے اندر 27 کروڑ روپے تنخواہ و مراعات کس قانون کے تحت دی گئیں ، اگر سابق وزیراعظم نے غلط تعیناتی کی ہے تو یہ رقم ان سے ہی وصول کی جائے، اگر یہ ثابت ہوگیاکہ عطا الحق قاسمی نے تنخواہ اور مراعات غلط حاصل کی تو انھیں یہ رقم واپس کرنا ہوگی، غریب ملک ہے ٹیکس ادا کرنے والوں کا پیسہ اس طرح کیسے بانٹا گیا۔احمد نواز سکھیرا نے عدالت کو بتایا کہ عطاالحق قاسمی کو چیئرمین پی ٹی وی بورڈ آف ڈائریکٹرزکی سفارش کے بعد بنایا گیا تھا جبکہ ان کی تعیناتی کی سمری ایڈیشنل سیکریٹری صبا محسن نے بھیجی تھی جس کے بعد سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ نے منظوری کیلیے وزیراعظم کو بھجوائی۔چیف جسٹس نے کہاکہ عطا الحق قاسمی کو کس خصوصیت پر چیئرمین بنانے کی سفارش کی گئی تو سیکریٹری اطلاعات نے جواب دیا کہ وہ مشہور رائٹر اور ڈرامہ نگار ہیں جس پر چیف جسٹس نے کہا مجھے تو یہ سارا ہی ڈرامہ لگتا ہے، یہ سارا کام فواد حسن فواد نے کیا ہوگا اسے بھی بلالیتے ہیں، سمری پر دستخط نوازشریف نے کیے  انھیں بھی بلا سکتے ہیں، ایک کروڑ روپیہ ماہانہ بنتا ہے جو عطا الحق قاسمی نے وصول کیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ صبا محسن اپنے ہمراہ وہ سمری بھی لے کر آئیں جس میں عطا الحق قاسمی کی تعیناتی کی سفارش کی گئی تھی جس کے بعد کیس کی سماعت12فروری تک ملتوی کردی گئی۔

وہ سندھ کا یہ پختونخوا کا چور ،دونوں کا گٹھ جوڑہے، گلالئی کے کپتان اور زرداری پر تابڑ توڑ لفظی جملے

کراچی(ویب ڈیسک)خیبرپختونخوا سے منتخب رکن قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کی منحرف رہنما عائشہ گلالئی نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری سندھ اور عمران خان پختونخوا کے چور ہیں۔کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عائشہ گلالئی نے کہا سندھ دھرتی بہادروں اور غیرت مندوں کی سرزمین ہے اور کراچی بانی پاکستان کا شہر ہے، لسانی اعتبار سے کراچی کو منی پاکستان کہا جاتا ہے مگر بدقسمتی سے ماضی میں اس شہر کو  خون میں نہلایا گیا، پھر رینجرز نے شہر کا امن واپس لوٹایا۔رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے ہی عوام کو قتل کیا ہے، نقیب اللہ محسود کو بھی قتل کیا گیا اور یہ کام وہاں ہوا جہاں عدالتیں موجود ہیں، اب راؤ انوار کا پتہ نہیں چل رہا کہ وہ کہاں ہے، عائشہ گلالئی نے چیف جسٹس سے اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے لیے بھی اپیل کی،انھوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بھی یہی صورتحال ہے، دونوں صوبوں کی پولیس عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی، سندھ اور کے پی کے گندگی کے ڈھیر اور بیڈگورننس کی مثال بن چکے جب کہ کے پی پولیس آج تک مشال کے قاتل کو گرفتار نہیں کرسکی۔عائشہ گلالئی نے الزام لگایا کہ آصف علی زرداری اور عمران خان کا گٹھ جوڑ ہو چکا ہے، عائشہ گلالئی نے وزیر اعلیٰ کے پی کے پر بھی بدعنوانی کے الزامات لگائے اور کہا کہ اسد عمر سے دوستی کی بنیاد پر ایک نااہل شخص کو انتہائی اہم ٹھیکہ دیا گیا ہے۔ انہوں نے ماتحت عدلیہ پر بھی بدعنوانی کے الزامات لگاتے ہوئے اصلاحات کا مطالبہ کیا۔رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے کہا سندھ میں تعلیم کے نظام کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے،  موجودہ وزیر تعلیم سندھ بھی ماضی میں پیسے لے کر اساتذہ کی بھرتی کا اعتراف کرچکے ہیں۔عائشہ گلالئی نے مزید بتایا کہ تحریک انصاف گلالئی پارٹی کے قیام کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں، منشور بھی تیار کرلیا ہے، تحریک انصاف گلالئی کی سپورٹ کے لیے عوام کے پاس جاؤں گی۔

خبریں، چینل ۵ کے عوامی سروے کی بھرپور پزیرائی ،عوام کی دلچسپی

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) قوم سے جھوٹ بولنے والے سیاستدانوں کے حوالے سے خبریں اور چینل فائیو کے عوامی سروے میں ایک لاکھ 95 ہزار لوگوں کے پیغامات موصول ہوئے۔ جن میں سے ایک لاکھ 32 ہزار لوگوں نے کہا کہ جھوٹ بولنے والے عوامی نمائندوں کو تاحیات نااہل کیا جائے جوکہ مجموعی طور پر 82 فیصد لوگوں کی رائے ہے۔ 38ہزار لوگوں نے 10 سال نا اہلی اور 25 ہزار لوگوں نے 5 سال نااہلی کے حق میں رائے دی۔ شہریوں نے کہاکہ جھوٹ بولنے والے سیاستدانوں کو زیادہ سے زیادہ سزا دینی چاہیے اور ایسے لوگوں کو جو عوام سے ووٹ لینے کیلئے جھوٹ بولتے ہیں کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہے، عوامی نمائندوں کی نیت صاف ہونی چاہیے اور کسی قسم کا جھوٹ نہیں بولنا چاہیے۔

عدلیہ نے کارکردگی نہ دکھائی تو کیا ہو گا ؟چیف جسٹس کے خطاب نے سب کو چونکا دیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک)چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ عدلیہ نے کارکردگی نہیں دکھائی تو ریاست غیرمتوازن ہوجائے گی۔اسلام آباد میں چیف جسٹس پاکستان کی زیرصدارت خصوصی ٹربیونلز اور انتظامی عدالتوں کے ججز کا اجلاس ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا کہ ججز کو اپنے رویے درست کرنا ہوں گے، انصاف وہ ہے جو ہوتا نظر آئے، آپ کو پوری ایمانداری سے قوم کی خدمت کرنی ہے، آپ کو حقائق پر فیصلے کرنے ہیں۔چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کہا کہ عدلیہ پاکستان سمیت کسی بھی ریاست کا بہت اہم ستون ہوتی ہے، اگر اس ستون نے کارکردگی نہیں دکھائی تو ریاست غیرمتوازن ہوجائے گی، ہائی کورٹ کا جج ماہانہ 9 لاکھ روپے اور روزانہ کی 40 ہزار روپے تنخواہ لیتا ہے، جب کہ سپریم کورٹ کے جج کی تنخواہ اس سے بھی زیادہ ہوتی ہے، تو کیا یہ ججوں کا فرض نہیں ہے کہ وہ روزانہ اتنے روپے کا کام بھی کریں۔

مقتولہ عاصمہ رانی کی بہن نے ایسے انکشافات کر دیئے کہ کیس میں نیا موڑ آگیا

پشاور (ویب ڈیسک )ایوب میڈیکل کالج کی مقتول طالبہ عاصمہ رانی کی بہن صفیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ضلعی صدر آفتاب عالم اپنے بھتیجے مجاہد آفریدی کی حرکتوں سے آگاہ تھے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عاصمہ نے کئی بار آفتاب عالم کو فون کرکے ملزم مجاہد کی حرکتوں کے بارے میں بتایا۔ پی ٹی آئی رہنما اگرانصاف نہیں دلاسکتے تو کم از کم جھوٹے الزامات تو نہ لگائیں۔جب سوشل میڈیا والوں نے آفتاب عالم سے سوال کیاکہ کیا آپ عاصمہ یا اس کے گھروں والوں کو جانتے ہیں تو آفتاب عالم نےانکارکردیا۔جس عاصمہ نے کہاکہ میںآفتاب عالم سے صرف اتناکہوں گی کہ وہ قرا?ن پرہاتھ رکھ کر انکار کرسکتاہے؟صفیہ نے کہا کہ میری بہن نے آفتاب عالم کو کئی ٹیلی فون کالز کی جس میں مجاہد کے تنگ کرنے کے بارے میں روتے ہوئے بتایا۔اس حکومت نے بدمعاشی شروع کررکھی ہے ?یہ ماں اوربہنوں کی عزتوں سے کھیل رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ جو کہہ رہے ہیں بکواس کررہے کہ ہم نے رپورٹ دیر سے درج کرائی اس لئے مجاہد فرارہوگیا آفتاب عالم اور شہریارآفریدی سے صرف یہ کہوں گی کہ اگرانصاف نہیں دے سکتے تو کم از کم جھوٹا الزام بھی نہ لگائیں۔