کنوارے رہنے کی وجہ مہنگائی ہے ,سلمان خان کا حیرت انگیز انکشاف

ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی وڈ سلطان سلمان خان جن کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ نے 300 کروڑ روپے سے زائد کمائی کی انہوں نے 52 سال تک کنوارے رہنے کی دلچسپ وجہ بتادی۔سلمان خان کا شمار جہاں بالی وڈ کے کامیاب اداکاروں میں ہوتا ہے، وہیں ان کا شمار انڈسٹری کے کنوارے ترین اداکاروں میں بھی ہوتا ہے۔تاحال شادی نہ کرنے کے سوال کے جواب میں سلمان خان نے دلچسپ جواب دیتے ہوئے وضاحت کی کہ انہوں نے 52 سال گزر جانے کے باوجود شادی کیوں نہیں کی۔این ڈی ٹی وی کے مطابق ممبئی میں ایک تقریب کے دوران سلمان خان نے تاحال اپنی شادی نہ ہونے کا سبب مہنگائی کو قرار دیا۔سلمان خان کا کہنا تھا کہ آج کل مہنگائی بہت ہوگئی ہے، اور شادی میں کروڑوں روپے خرچ ہوتے ہیں، جس وجہ سے انہوں نے تاحال شادی نہیں کی۔انہوں نے مثال دی کہ ان کے والد نے صرف 180 بھارتی روپے میں شادی کی، مگر اب شادیاں لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں روپے میں بھی نہیں ہوپاتیں۔کروڑوں روپے کمانے والے اداکار کا کہنا تھا کہ وہ مہنگائی بڑھ جانے کے باعث شادی کا خرچہ برداشت نہیں کرسکتے، اس لیے وہ تاحال کنوارے ہیں۔

 

شاہ رخ ’ ’سپراسٹار‘ ‘کی مہر ختم کرکے لیجنڈ بننے کے خواہشمند

ممبئی(شوبز ڈیسک )بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ نے اپنے اوپر لگی ’سپراسٹار‘ کی مہر ختم کرکے لیجنڈ بننے کی خواہش ظاہرکردی۔ممبئی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ رخ نے کہا کہ انہوں نے ’سپرسٹار‘ کی حیثیت سے بہت کچھ کرلیا اب اس لیبل کے بجائے لیجنڈ کا ٹیگ لگانا چاہتا ہوں، میں بھارتی فلم انڈسٹری میں 26 سال گزار چکا ہوں جو کہ میری زندگی کا نصف وقت بنتا ہے اوراب میں سینما کی دنیا کے باہر رہنا چاہتا ہوں۔کنگ خان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے اوپر لگی سپراسٹار کی مہر ختم کرکے لیجنڈ اداکار کی جانب بڑھنا چاہئے۔شاہ رخ خان نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں میں سینما اور فلم کے مواد میں بڑی تبدیلیاں آئی ہیں اور ہم ان ہونے والی تبدیلیوں کا مشاہدہ بھی کررہے ہیں، اس صدی کی سب سے بڑی تبدیلی ارتقا اور انقلاب ہے جس نے انسانوں کے لیے رابطوں، مواصلات اور معلومات کے دروازے کھولے ہیں۔

 

ناصرادیب نے 412 فلموںکی کہانیاں لکھ کر ریکارڈ قائم کر لیا

لاہور(شوبز ڈیسک)پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور رائٹرڈائریکٹر ناصرادیب نے 412 فلموںکی کہانیاں لکھ کر ایک ریکارڈ قائم کرلیا اور وہ مسلسل بطوررائٹر مصروف چلے آرہے ہیں، یہ بات انہوں نے خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی‘ ناصر ادیب نے کہا کہ مجھے 30 برس سے زائد فلموں کی کہانیاں لکھتے ہوئے ہو گیا ہے اور مجھے فخر ہے کہ میں تین نسلوں کے ہمراہ کام کر رہاہوں‘ناصر ادیب نے بتایا کہ کراچی ان دنوں فلم سازی کا بڑا مرکز بنا ہوا ہے مگرمجھے امیدہے کہ ایک مرتبہ پھر لاہور دوبارہ فلم سازی کا مرکز بنے گا‘ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ جب لاہور میں سالانہ 70 سے 80 فلمیں بنا کرتی تھیں تو اس وقت پنجابی فلمیں بہت کم بنا کرتی تھیں پھر حالات بدلے اور سالانہ اردوکم اور پنجابی فلموں کی تعداد زیادہ ہوگئی۔‘ میں نے پنجابی زبان کی ترقی وترویج کیلئے بے پناہ کام کیا‘ اب اس وقت کراچی میں موجودہ نسل کے تعلیم یافتہ نوجوان پروڈیوسرز‘ڈائریکٹرز بہت اچھا کام کر رہے ہیں تو میں نے فلموں کے بدلنے ہوئے معراج کو دیکھتے ہوئے اپنی کہانی آج کے مطابق لکھنا شروع کر دی ہے‘ ناصر ادیب نے بتایاکہ رواں برس ان کی نئی فلم مولا جٹ 2‘ ایک قطعی نئی طرز کی فلم ہو گی‘ اس کے علاوہ میں مزید فلمیں بھی لکھ رہا ہوں‘ ناصر ادیب نے بتایا کہ فلم انڈسٹری میں اس وقت اچھے رائٹرز کا بحران چل رہا ہے جس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

 

بھارتی گلوکار پر کم عمر لڑکی کو ہراساں کرنے کا الزام

لاہور(شوبز ڈیسک)بھارتی گلوکار انگاراگ پاپون مہتا نے خود پر ایک کم عمر بچی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا مقدمہ دائر ہونے کے بعد میوزیکل پروگرام میں جج کے فرائض سر انجام دینے سے معذرت کرلی۔خیال رہے کہ انگاراگ پاپون مہتا گلوکار ہمیش ریشمیا اور شان کیساتھ ایک ٹی وی شو میں جج کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں وہ بھارت میں”پاپون“ کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں ان پر جس بچی کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کرکے ان کے خلاف مقدمہ دائر کیا گیا وہ ان کے شو میں شامل دیگر بچیوں میں سے ایک ہیں۔انہوں نے بتایا وہ اس وقت تک شو میں جج کے فرائض سر انجام نہیں دیں گے جب تک معاملے کی آزادانہ تحقیق مکمل نہیں ہوجاتی علاوہ ازیں ریاست مہارا شٹرا کی حکومت نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔

 

سائنس فکشن فلم ” پروڈیجی “کا پہلا ٹریلرانٹر نیٹ پر جاری

واشنگٹن (شوبز ڈیسک)تھرل سے بھرپور فلم ” پروڈیجی “کاپہلا سنسنی خیز ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ایلکس ہوگھے اور برائن ویڈل کی مشترکہ ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی ایک ایسے ماہر نفسیات کے گرد گھوم رہی ہے جو ایک لڑکی پر تجربہ کرتا ہے جس کے انتہائی خوفناک نتائج برآمد ہوتے ہیں۔فلم کی کاسٹ میں رچرڈ نیل،سواناہ للیز،جولین اینڈرسن،ڈیوڈ لنسکی،ایمیلیو پالام، ہاروے جانسن اور ایرل گربل سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔ہاورڈ ویڈال اور ہسونے جانسن کی مشترکا پروڈیوس کردہ سنسنی خیز مناظر سے بھرپور یہ فلم 13مارچ کو ریلیز کی جائے گی۔